چیلنج ہے سیاسی و جمہوری طریقے سے حکومت گرا کر دکھاؤ: گنڈا پور
اشاعت کی تاریخ: 30th, July 2025 GMT
اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ+وقائع نگار) وزیراعلیٰ خیبرپی کے علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ چیلنج ہے سیاسی اور جمہوری طریقے سے حکومت گرا کر دکھاؤ۔ ڈسٹرکٹ کورٹس اسلام آباد میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے ، 5 اگست کو ملک بھر سے لوگ احتجاج کیلئے نکلیں گے ، بانی رہا ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم مقدمات سے گھبرانے والے نہیں، میرے اوپر جھوٹے اور من گھڑت مقدمات بنائے گئے ہیں، ہم ہمیشہ سے اپنے آپ کو قانون کے سامنے پیش کرتے ہیں۔ میرے خلاف یہ کیس 2016 سے چل رہا ہے ، میرے خلاف جو کیس بنایا گیا ہے اس کیس میں کچھ بھی نہیں ہے ، میرے اوپر اسلحہ اور بوتلیں ڈالی گئی ہیں، جب یہ کیس بنایا گیا میں نہ ہی وہاں موجود تھا نہ ہی وہ گاڑی میری تھی۔ ہماری جنگ حق کی ہے یہ جنگ ہم ہی جیتیں گے ، میں اپنے صوبے میں اس احتجاج کو لیڈ کروں گا۔ دوسری جانب ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں شراب اور اسلحہ برآمدگی کیس کی سماعت ہوئی، عدالت کے سامنے سرنڈر کرنے پر وزیراعلیٰ خیبرپی کے علی امین گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیئے گئے ۔جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن چشتی نے کیس پر سماعت کی، علی امین گنڈا پور اپنے وکیل راجہ ظہور الحسن کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے ۔ بعدازاں عدالت نے وزیراعلیٰ خیبرپی کے کو جانے کی اجازت دے دی، علی امین گنڈاپور کے ضمانتی کو دیا گیا شوکاز نوٹس بھی واپس لے لیا گیا۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: علی امین گنڈاپور
پڑھیں:
پاکستان کی بنیاد جمہوریت‘ ترقی اور استحکام کا یہی راستہ: حافظ عبدالکریم
لاہور (خصوصی نامہ نگار) مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے امیر سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم نے یومِ جمہوریت کے موقع پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ جمہوریت محض ایک سیاسی نظام نہیں بلکہ ایک ایسا اصولی طریقہ ہے جس میں عوامی رائے اور اعتماد کو اولیت حاصل ہوتی ہے۔ پاکستان کے قیام کی بنیاد بھی جمہوری جدوجہد پر رکھی گئی تھی اور آج ملک کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کا راستہ بھی صرف جمہوری اقدار کو اپنانے اور ان کے استحکام سے ہو کر گزرتا ہے۔ جمہوریت میں عوام کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ اپنی قیادت کا انتخاب کریں اور اپنی آواز کو ایوانوں تک پہنچائیں۔ یہی نظام عوامی شمولیت، قانون کی بالادستی، باہمی احترام اور قومی وحدت کی ضمانت فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری عمل کو مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ قوم کو سیاسی استحکام، معاشی خوشحالی اور سماجی انصاف میسر آ سکے۔ انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان جمہوری استحکام، عوامی حقوق کے تحفظ اور ملک میں قانون کی حکمرانی کے لیے ہمیشہ اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ تمام سیاسی قوتوں کو ملک و قوم کی بہتری کے لیے باہمی تعاون اور یکجہتی کے ساتھ آگے بڑھنا چاہیے کیونکہ یہی جمہوریت کا اصل حسن ہے۔