مون سون بارشوں کے چھٹے اسپیل کا الرٹ جاری
اشاعت کی تاریخ: 1st, August 2025 GMT
پی ڈی ایم اے پنجاب نے مون سون بارشوں کے چھٹے اسپیل کا الرٹ جاری کردیا۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق 5 اگست سے شروع ہونے والے اسپیل میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں گزشتہ ماہ سے بھی زیادہ مون سون بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق بارشوں کے باعث دریائے چناب اور جہلم میں درمیانے سے اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے، حفاظتی انتظامات مکمل کرنے کیلئے ریلیف کمشنر پنجاب نے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ انتظامیہ کو الرٹ رہنے اور سول ڈیفنس، ریسکیو اور متعلقہ اداروں کو پیشگی انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کے مطابق اگست میں مون سون بارشیں گزشتہ ماہ سے زیادہ ہونے کی پیشگوئی ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر ایمرجنسی کنٹرول رومز، سول ڈیفنس اور ریسکیو کی ڈیزاسٹر رسپانس ٹیموں کو بھی ہائی الرٹ رکھا جائے۔
عرفان کاٹھیا نے بتایا شدید بارشوں سے مری اور گلیات میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے، اربن اور فلیش فلڈنگ کی صورت میں محفوظ مقامات پر رہیں، گاڑی ہرگز بہتے ہوئے پانی سے کراس نہ کریں۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
پنجاب میں فلیش فلڈنگ کا خدشہ، الرٹ جاری
لاہور:پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبے میں رود کوہیوں میں نچلے سے درمیانے درجے کے فلڈ کے خدشے کے تحت الرٹ جاری کردیا۔
پی ڈی ایم اے پنجاب نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان اور راجن پور رودکوہیوں میں فلیش فلڈنگ کا خدشہ ہے، اگلے 15 گھنٹوں کے دوران رودکوہیوں میں سیلابی صورت حال بن سکتی ہے۔
کمشنر ڈیرہ غازی خان اور راجن پور کے ڈپٹی کمشنرز نے ممکنہ صورت حال بارے الرٹ جاری کردیا، لوکل گورنمنٹ، محکمہ زراعت، محکمہ آب پاشی، محکمہ صحت، محکمہ جنگلات، لائیو اسٹاک اور محکمہ ٹرانسپورٹ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ ریسکیو 1122 کو تمام تر انتظامات پہلے ہی مکمل کرنے کی ہدایات کی گئی ہے اور ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان کاٹھیا نے متعلقہ انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایات کردی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر تمام تر انتظامات پیشی مکمل کریں، ایمرجنسی کنٹرول رومز میں اسٹاف کو الرٹ رکھا جائے۔
ڈی جی عرفان کاٹھیا نے کہا کہ ریسکیو 1122 کی ڈایزاسٹر رسپانس ٹیموں کو بھی ہائی الرٹ رکھا جائے، ریسکیو آپریشن کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کا اسٹاک وافر مقدار میں ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ عوام الناس کو صورت حال سے لمحہ بہ لمحہ آگاہ رکھا جائے، عوام جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں اور ہنگامی انخلا کی صورت میں انتظامیہ سے تعاون کریں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ شہری ایمرجنسی کی صورت میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔