ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ایچ ای سی کی برطرفی پر عدالتی حکم امتناع، بیلف کے ذریعے چارج دلوا دیا
اشاعت کی تاریخ: 2nd, August 2025 GMT
اسلام آباد:
ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ضیاء القیوم کی برطرفی پر اسلام آباد کی مقامی عدالت نے حکم امتناع جاری کرنے کے بعد بیلف کے ذریعے چارج دلوا دیا ہے۔
ڈاکٹر ضیاء القیوم نے جمعہ کو دوبارہ ایگزیکٹیو ڈائریکٹر کا چارج سنبھالا تو ایچ ای سی ملازمین کی جانب سے پھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے ان کا استقبال کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ڈاکٹر ضیاء القیوم جنہیں سابق چیئرمین ڈاکٹر مختار احمد کے دور میں کمیشن ممبران کی منظوری سے برطرف کیا گیا تھا، انہوں نے اس حکم کے خلاف مقامی عدالت سے اسٹے آرڈر لیا تاہم انہیں چارج لینے سے زبردستی روک دیا گیا تھا۔
ڈاکٹر ضیاء القیوم نے معاملے پر توہین عدالت کی درخواست دائر کی تھی، جس پر جمعہ کو مقامی عدالت نے توہین عدالت کی درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے بذریعہ بیلف ڈاکٹر ضیاء القیوم کو چارج دلوا دیا ہے۔
اس دوران ڈاکٹر ضیاء القیوم جب چارج لینے کے لیے ہائر ایجوکیشن کمیشن پہنچے تو ایچ ای سی کے ملازمین نے ان کا شاندار استقبال کرتے ہوئے ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔
Tagsپاکستان.
ذریعہ: Al Qamar Online
کلیدی لفظ: پاکستان ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ڈاکٹر ضیاء القیوم
پڑھیں:
چیئرمین ایچ ای سی تعیناتی، سرچ کمیٹی کا اہم اجلاس، قائم مقام چیئرمین نے چارج سنبھال لیا
اسلام آ باد:ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے مستقل چیئرمین کی تعیناتی کے حوالے سے سرچ کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جبکہ وفاقی سیکریٹری ایجوکیشن ندیم محبوب نے قائمقام چیئرمین ایچ ای سی کا چارج سنبھال لیا۔
وزیر اعظم پاکستان کی جانب سے قائم کردہ سرچ کمیٹی کا اجلاس وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی زیر صدارت ہوا، جس میں کمیٹی کے دیگر اراکین نے شرکت کی، جس میں چیئرمین ایچ ای سی کی اسامی مشتہر کرنے کی باضابطہ منظوری دے دی گئی۔
ذرائع کے مطابق طے پایا کہ یہ اشتہار نہ صرف قومی اخبارات بلکہ بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر بھی شائع کیا جائے گا تاکہ دنیا بھر سے موزوں اور اعلیٰ قابلیت رکھنے والے امیدواروں کی تلاش ممکن ہو سکے، کمیٹی نے امیدواروں کے انتخاب کے لیے شفاف اور میرٹ پر مبنی طریقہ کار اپنانے پر بھی اتفاق کیا۔
وفاقی حکومت کی جانب سے تعینات قائمقام چیئرمین ایچ ای سی، وفاقی سیکریٹری تعلیم ندیم محبوب نے چارج سنبھال لیا، قائم مقام چیئرمین کو قائم مقام ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے ویلکم کیا اور گلدستہ پیش کیا، اس موقع پر سابق چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار بھی موجود تھے، جنہوں نے ندیم محبوب کو خوش آمدید کیا اور گلدستہ بھی پیش کیا،
واضح رہے کہ ڈاکٹر مختار کی بحیثیت چیئرمین ایچ ای سی کی مدت ملازمت مکمل ہو چکی ہے اور وہ اپنے عہدے سے سبکدوش ہوچکے ہیں اور اس سے قبل بھی حکومت کی جانب سے تعیناتی کے عمل کو شفاف بنانے کے لیے سرچ کمیٹی کا قیام عمل میں لایا گیا تھا، ایچ ای سی ملک میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ، جامعات کے معیار اور تحقیق کے فروغ میں کلیدی ادارہ ہے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ اشتہار آئندہ چند روز میں جاری کر دیا جائے گا اور اس کے بعد موزوں امیدواروں کی جانچ پڑتال کا مرحلہ شروع ہو گا، جس میں میرٹ، تجربہ اور بین الاقوامی معیار کو مدنظر رکھا جائے گا، اشتہار کے بارے سرچ کمیٹی میں طے کیا گیا ہے کہ موزوں امیدواروں کو چار ہفتوں کا وقت دیا جائے گا، مقامی اخباروں اور بین الاقوامی جاب ویب سائٹس پر اشتہار جاری کیا جائے گا۔
وزارت تعلیم کے اہم ذرائع نے یہ بتایا کہ چیئرمین ایچ ای سی کے لیے مقامی امیدواروں کو ہی کشش محسوس ہوگی کیونکہ بین الاقوامی امیدوار کے لیے چیئرمین ایچ ای سی کی مراعات اور تنخواہ پر کشش نہیں ہے۔