ڈیرہ غازی خان میں کارروائی، انتہائی مطلوب دہشت گرد بلال کھوسہ ہلاک
اشاعت کی تاریخ: 4th, August 2025 GMT
پنجاب پولیس نے ایک بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے انتہائی مطلوب دہشت گرد بلال کھوسہ کو فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک کر دیا۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق یہ کارروائی ڈیرہ غازی خان کے تھانہ کالا کی حدود میں اس وقت ہوئی جب پولیس ٹیم معمول کے گشت پر موجود تھی رات گئے دوران گشت جھاڑیوں میں چھپے نامعلوم مسلح افراد نے پولیس اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے جواب میں پولیس نے پیشہ ورانہ مہارت اور حکمت عملی کے تحت محفوظ پوزیشنز سنبھال کر جوابی کارروائی کی۔ اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک حملہ آور ہلاک ہو گیا جس کی شناخت بلال عرف بشیر کے نام سے ہوئی ترجمان کے مطابق ہلاک دہشت گرد کے دیگر ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے جن کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ بلال کھوسہ سنگین نوعیت کے جرائم میں ملوث تھا جن میں اقدام قتل، ڈکیتی، راہزنی، دہشت گردی اور دوہرے قتل کے مقدمات شامل ہیں۔ اسے سی ٹی ڈی کو بھی مطلوب قرار دیا گیا تھا اور دو مقدمات میں باقاعدہ نامزد بھی تھا حکام نے انکشاف کیا ہے کہ انٹیلی جنس رپورٹس کے مطابق بلال کھوسہ کا تعلق کالعدم دہشت گرد تنظیم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی فتنہ الخوارج) سے تھا۔ وہ ریاستی اداروں کے خلاف منظم کارروائیوں میں سرگرم تھا اور ڈیرہ غازی خان میں بدامنی پھیلانے کے خطرناک عزائم رکھتا تھا آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے اس اہم کامیابی پر ڈیرہ غازی خان پولیس کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ خوارجی دہشت گرد کو جہنم واصل کر کے پولیس نے ایک بڑا خطرہ ٹال دیا ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ پنجاب پولیس ملک دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے گی اور ہر قیمت پر امن و امان کا قیام یقینی بنایا جائے گا
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: ڈیرہ غازی خان
پڑھیں:
بلوچستان: فورسز کے آپریشن میں 5 بھارتی اسپانسرڈ دہشتگرد ہلاک، حملوں میں پولیس اور لیویز کے 2 اہلکار شہید
بلوچستان کے ضلع خضدار میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں فتنۃ الہندوستان کے 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ ضلع شیرانی کے پولیس اور لیویز کے تھانوں پر دہشت گردوں کے حملوں میں 2 اہلکار شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکورٹی فورسز کی خضدار میں 14 اور 15 ستمبر کی درمیانی شب بھارتی پراکسی دہشت گرد تنظیم ’فتنہ الہندستان‘ کے کارندوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا، اس دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 5 بھارتی سرپرست دہشت گرد واصل جہنم کیے گئے، دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور بارودی مواد بھی برآمد ہوا، مارے گئے دہشت گرد علاقے میں متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی باقی ماندہ دہشت گرد کو ختم کیا جا سکے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے ملک سے بھارتی سرپرست دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا،دہشت گردوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔
علاوہ ازیں، بلوچستان کے ضلع شیرانی میں پولیس اور لیویز کے تھانوں پر دہشت گردوں کے حملوں میں پولیس اور لیویز کا ایک، ایک اہلکار شہید ہوگیا۔
ڈپٹی کمشنر شیرانی کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے حملے میں تھانوں کے کمیونی کیشن سسٹم کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
حملوں میں 6 اہلکاروں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں، واقعے کے بعد سول ہسپتال ژوب میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔
Post Views: 3