کراچی میں صوبائی حکومت کی ذخیرہ اندوزوں کیخلاف بڑی کارروائی، چینی اور چاول کے 13 ہزار تھیلے برآمد
اشاعت کی تاریخ: 5th, August 2025 GMT
سندھ حکومت کی چینی اور چاول کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بڑی کارروائی، 13 ہزار سے زائد تھیلے برآمد کرلیے۔
کراچی کے علاقے کورنگی میں سندھ حکومت کے محکمہ بیورو آف سپلائی اینڈ پرائسز اور اسسٹنٹ کمشنر کورنگی کی مشترکہ کارروائی کے دوران چینی اور چاول کے 13 ہزار سے زائد تھیلے برآمد کیے گئے۔
کارروائی کے دوران ایک غیر رجسٹرڈ گودام سے 4000 چینی اور 9000 چاول کے تھیلے برآمد کر کے گودام کو سیل کر دیا گیا۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر بیورو آف سپلائی میر شاہنواز کے مطابق گودام محکمہ کے ساتھ رجسٹرڈ نہیں تھا۔ ڈائریکٹر جنرل بیورو آف سپلائی اینڈ پرائسز زاہد حسین شر نے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں ذخیرہ اندوزی کے خلاف سندھ حکومت کی ہدایات پر مؤثر کارروائیاں جاری ہیں، اور کسی کو بھی عوامی مفاد کے خلاف ناجائز منافع خوری کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ بیورو آف سپلائی اشیائے خوردونوش کی مناسب فراہمی اور قیمتوں میں استحکام کے لیے بھرپور اقدامات کر رہا ہے، اور گوداموں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: بیورو آف سپلائی چینی اور چاول کے
پڑھیں:
الیکٹرک گاڑیوں کیلیے چارجنگ اسٹیشنز کا قیام، شرجیل میمن کی چینی کمپنی کے حکام سے ملاقات
کراچی:سندھ کے سینیئر وزیر شرجیل انعام میمن اور صوبائی وزیر توانائی سید ناصر حسین شاہ سے چینی الیکٹرک چارجنگ کمپنی اے ای آٹو کے حکام کی ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں صوبے بھر میں الیکٹرک گاڑیوں کے لیے چارجنگ اسٹیشنز کے قیام پر تفصیلی تبادلہ کیا گیا۔ کمپنی حکام نے سینیئر وزیر شرجیل انعام میمن اور سید ناصر حسین شاہ کو جدید چارجنگ ٹیکنالوجی سے متعلق بریفنگ دی۔
سینیئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کمپنی حکام کو سندھ کے شہری و دیہی علاقوں میں چارجنگ پوائنٹس کے وسیع نیٹ ورک کے قیام سے متعلق اپنے منصوبے پر آگہی دی۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ ٹرانسپورٹ کا مستقبل صاف توانائی اور الیکٹرک گاڑیوں سے جڑا ہے، سندھ اس تبدیلی میں پیچھے نہیں رہ سکتا، صوبے بھر میں الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ اسٹیشنز کا قیام ماحول کے تحفظ کے لیے اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت متبادل توانائی شعبے میں سرمایہ کاری کرنے والی کمپنیوں کو ہر ممکن تعاون اور سہولت فراہم کرے گی، ہمارا مقصد فوسل فیول پر انحصار کم کرنا، فضائی آلودگی میں کمی لانا اور گرین ٹیکنالوجی کے ذریعے معیشت میں نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔
سید ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ توانائی اور ٹرانسپورٹ آج کی دنیا میں ایک دوسرے کے ساتھ جڑے ہوئے شعبے ہیں، سندھ پہلے ہی قابلِ تجدید توانائی کے میدان میں نمایاں اقدامات کر چکا ہے، اب الیکٹرک موبیلٹی اگلا اہم قدم ہے۔
صوبائی وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ الیکٹرک گاڑیوں سے نہ صرف روایتی ایندھن پر دباؤ کم ہوگا بلکہ موسمیاتی تبدیلی کے چیلنج سے بھی نمٹنے میں مدد ملے گی۔