دیامر: 20 وادیوں میں سیلاب سے تباہی، ریلیف آپریشن میں سست روی
اشاعت کی تاریخ: 6th, August 2025 GMT
—فائل فوٹو
گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں متاثرینِ سیلاب کی بحالی اور امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، متاثرہ وادیوں میں لوگ شدید مشکلات کا شکار ہیں، متاثرین کا مطالبہ ہے کہ ریلیف آپریشن سست روی کا شکار ہے، اسے تیز کیا جائے۔
ضلع دیامر میں سیلابی ریلوں نے 20 مختلف وادیوں میں تباہی مچا دی تھی، 15 روز گزرنے کے باوجود متاثرہ وادیوں میں لوگ شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
بابو سر تھک نالے میں آنے والے سیلاب میں ایک اور فیملی کے لاپتہ ہونے کی اطلاع ہے، لاپتہ ہونے والوں میں لیاقت، اہلیہ شبانہ اور ان کے 4 بچے شامل ہیں۔
ڈپٹی کمشنر دیامر کے مطابق متاثرین کی مشکلات کم کرنے کے لیے تمام حکومتی وسائل بروکار لائے جا رہے ہیں۔
متاثرین کا مطالبہ ہے کہ متاثرہ علاقوں میں پینے کے پانی و اشیائے خور و نوش کی شدید قلت ہے، ریلیف آپریشن کو تیز کیا جائے۔
سیلابی ریلے نے رہائشی مکانات، زرعی زمینیں، کاروباری مراکز، تعلیمی ادارے، مواصلاتی ڈھانچے، ڈسپنسریاں، رابطہ پل، پن چکیاں، واٹر چینل مکمل تباہ کر دیے تھے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: وادیوں میں
پڑھیں:
خیبر پختونخوا میں بارشوں اور فلش فلڈ سے تباہی، 28 افراد جاں بحق، 47 گھر متاثر
پشاور:خیبر پختونخوا میں 19 جولائی سے اب تک ہونے والی تیز بارشوں اور فلش فلڈ سے گھروں کی چھتیں و دیواریں گرنے اور سیلابی ریلے میں بہہ جانے کے باعث 28 افراد جاں بحق اور 29 افراد زخمی ہوگئے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق مجموعی طور پر جاں بحق افراد میں 10 مرد، 15 بچے اور 3 خواتین جبکہ زخمیوں میں 13 مرد، 9 خواتین اور 7 بچے شامل ہیں۔ تیز بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث مجموعی طور پر 47 گھروں کو نقصان پہنچا جس میں 37 گھروں کو جزوی اور 10 گھر مکمل منہدم ہوئے۔
حادثات صوبے کے مختلف اضلاع پشاور، نوشہرہ، خیبر، مردان، بونیر، باجوڑ، شانگلہ، صوابی، چترال اپر و لوئر، دیر لوئر اور اپر، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، کوہستان اپر، ٹانک، تور غر اور کرم اور شمالی و جنوبی وزیرستان میں پیش آئے۔
پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداراے آپس میں رابطے میں ہیں اور امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ پی ڈی ایم اے کی جانب سے متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کو متاثرین کو جلد امدادی سامان فراہم کرنے کی ہدایت کر دی گئی۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے ضلعی انتظامیہ کو امدادی سرگرمیاں تیز کرنے اور متاثرین کو فوری معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ عوام سےاپیل کی جاتی ہے کہ بلا وجہ سفر سے گریز کریں اور حساس سیاحتی مقامات کا رخ نہ کریں اور حکومتی اداروں کی جانب سے الرٹس اور ایڈوائزری پر عمل کریں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے۔ عوام کسی بھی نا خوشگوار واقعے کی اطلاع، موسمی صورتحال سے آگاہی اور معلومات کے لیے فری ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کریں۔