شاہ عبداللطیف بھٹائی کی شاعری محض ادب نہیں بلکہ روح کی رہنمائی ہے، بلاول بھٹو زرداری
اشاعت کی تاریخ: 9th, August 2025 GMT
عرس کے موقع پر پیغام میں چیئرمین پی پی نے پوری قوم بالخصوص نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ شاہ عبداللطیف بھٹائی کی تعلیمات کا ازسرِ نو مطالعہ کریں اور انہیں اپنی زندگی کا حصہ بنائیں، شاہ لطیف کے کلام کی سروں میں امن اور ترقی کا خاکہ چھپا ہے، آئیے ان کی آواز سنیں، سیکھیں اور محبت سے قیادت کریں۔ اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سرزمینِ سندھ کے عظیم صوفی بزرگ و شاعر حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائی کے عرس کے موقع پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہیں محبت، امن، برداشت اور روحانی مزاحمت کی ایک لازوال علامت قرار دیا ہے۔ میڈیا سیل بلاول ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے اپنے پیغام میں کہا کہ شاہ عبداللطیف بھٹائی کی شاعری محض ادب نہیں بلکہ روح کی رہنمائی ہے، جو انسانیت کے ضمیر سے ہمکلام ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاہ لطیف کا پیغام زخموں پر مرہم رکھنے کی دعوت ہے، ایک ایسا معاشرہ تعمیر کرنے کی پکار ہے جو ہمدردی، مساوات اور تمام مذاہب و اقوام کے احترام پر قائم ہو۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ شاہ لطیف کے اس وژن سے رہنمائی لی ہے جو ایک جامع اور منصفانہ معاشرے کا خواب دکھاتا ہے، جہاں ہر انسان کو چاہے وہ کسی بھی ذات، نسل یا طبقے سے تعلق رکھتا ہو، عزت و وقار کے ساتھ جینے کا حق حاصل ہو۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پوری قوم بالخصوص نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ شاہ عبداللطیف بھٹائی کی تعلیمات کا ازسرِ نو مطالعہ کریں اور انہیں اپنی زندگی کا حصہ بنائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شاہ لطیف کے کلام کی سروں میں امن اور ترقی کا خاکہ چھپا ہے، آئیے ان کی آواز سنیں، سیکھیں اور محبت سے قیادت کریں۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: بلاول بھٹو زرداری شاہ لطیف کہا کہ
پڑھیں:
شہباز شریف سے بلاول بھٹو کی ملاقات، ملکی سیاسی، امن و امان کی صورتحال پر مشاورت
وزیراعظم سے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی کی ہونے والی ملاقات میں دونوں راہنماؤں نملک میں جاری سیاسی اور امن و امان کی صورتحال پر مشاورت کی، ملاقات میں دونوں راہنماؤں میں پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نون کے شراکت اقتدار کے حوالے سے معاملات پر بھی گفتگو ہوئی۔ اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم شہباز شریف سے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی وفد کے ہمراہ ملاقات ہوئی۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ملک میں جاری سیاسی اور امن و امان کی صورتحال پر مشاورت کی۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں شہباز شریف اور بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نون کے شراکت اقتدار کے حوالے سے معاملات پر بھی گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر سینیٹر شیری رحمان اور رکن قومی اسمبلی آصفہ بھٹو زرداری بھی بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ تھے۔ بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم سے ان کے کزن میاں شاہد شفیع کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا، مرحوم کی بلندیٔ درجات اور اہل خانہ کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے مرحوم میاں شاہد شفیع کے بڑے بھائی جاوید شفیع سے بھی ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور تعزیت کی۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وفاقی وزیر پبلک افیئرز یونٹ رانا مبشر اقبال، وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ موجود تھے۔ وزیر مملکت برائے غذائی تحفظ و تحقیق ملک رشید احمد صدیقی وزیر مملکت برائے پاور ڈویژن عبدالرحمان کانجو، رکن قومی اسمبلی سائرہ افضل تارڑ، سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طلحہ برکی بھی ملاقات میں شریک ہوئے۔