مستونگ،ریلوے ٹریک پر دھماکے سے جعفر ایکسپریس کی چھ بوگیاں پٹری سے اتر گئیں
اشاعت کی تاریخ: 10th, August 2025 GMT
کوئٹہ(نیوز ڈیسک) مستونگ کے قریب ریلوے ٹریک پر دھماکے سے جعفر ایکسپریس کی چھ بوگیاں پٹری سے اتر گئیں، مگر خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ریلوے حکام کے مطابق، جعفر ایکسپریس صبح 9 بجے کوئٹہ سے پشاور روانہ ہوئی تھی۔ سپیزنڈ، مستونگ کے قریب ٹریک پر اچانک دھماکا ہوا، جس سے ٹرین کی کئی بوگیاں الٹ گئیں۔ ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں اور مسافروں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا۔
یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا جب چند روز قبل سبی میں بھی اسی ٹرین کو ایک دھماکے سے بال بال بچایا گیا تھا۔
اسی روز ایک اور حادثہ رحیم یار خان میں پیش آیا، جہاں خان پور سٹی پھاٹک کے قریب عوام ایکسپریس کی تین بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔ یہ ٹرین پشاور سے کراچی جا رہی تھی۔ حادثے کے بعد متاثرہ بوگیوں کو الگ کر دیا گیا۔
ریلوے حکام نے بتایا کہ واقعے کی وجہ فی الحال واضح نہیں، مگر روہڑی اور سمہ سٹہ سے امدادی ٹیمیں پہنچ چکی ہیں۔ حادثے کے باعث ڈاؤن ٹریک پر ٹرینوں کی آمد و رفت معطل ہوگئی، جس سے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔
Post Views: 6.ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: ٹریک پر
پڑھیں:
راولپنڈی سیف اینڈ اسمارٹ ریلوے اسٹیشن کا افتتاح کر دیا گیا
راولپنڈی:وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی نے راولپنڈی ’’سیف اینڈ اسمارٹ ریلوے اسٹیشن‘‘ کا افتتاح کر دیا۔
ایف بلو واو کے تعاون سے راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پر جدید ’’سیف اینڈ اسمارٹ اسٹیشن سسٹم‘‘ نصب کیا گیا۔ جدید سسٹم میں 143 کیمروں پر مشتمل فول پروف نگرانی کا نظام فعال کر دیا گیا۔
وزیر ریلوے نے سی آئی پی لاؤنج اور نیا ویٹنگ ایریا کا بھی باقاعدہ طور پر افتتاح کیا۔
راولپنڈی پہلا اسٹیشن بن گیا جسے جدید حفاظتی مانیٹرنگ سسٹم سے آراستہ کیا گیا۔ نیا نظام اسٹیشن، اطراف کے علاقوں اور ریزرویشن آفس کی مسلسل نگرانی یقینی بنائے گا۔ سیف اینڈ اسمارٹ سسٹم سے عملے کی کارکردگی کی مؤثر مانیٹرنگ بھی ممکن ہوگی۔
ملک کے بڑے اسٹیشنز پر جدید سی آئی پی لاؤنجز کی تعمیر جاری ہے جس سے مسافروں کے لیے پُرسکون ماحول کی فراہمی ممکن ہوگی۔
لاؤنجز میں چائے اور ریفریشمنٹ کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی جبکہ خواتین اور فیملیز کے لیے علیحدہ ویٹنگ ایریاز قائم کیے جا رہے ہیں۔ تمام بڑے اسٹیشنز پر مفت وائی فائی اور اے ٹی ایم مشینز کی سہولت میسر ہوگی۔
دوسری جانب، پرانی بوگیوں کی ریکس کو ریفربشڈ ماڈلز سے تبدیل کرنے کا عمل جاری ہے۔ لاہور تا راولپنڈی چلنے والی تین ریل کاروں کی ریکس تبدیل کر دیے گئے جبکہ چوتھی 15 نومبر کو تبدیل کی جائے گی۔
ریل کارز میں مسافروں کو لازمی اسنیکس کی فراہمی شروع کر دی گئی، سفر کو مزید آرام دہ بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
وزیرِ ریلوے کا کہنا تھا کہ مسافروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔
فیصل آباد ریلوے اسٹیشن کی اَپ گریڈیشن مکمل ہوگئی ہے جس کا وزیرِ ریلوے نے دو روز قبل افتتاح کیا۔ فیصل آباد اسٹیشن کی تزئین و آرائش جدید معیار کے مطابق مکمل کی گئی۔
کراچی کینٹ اسٹیشن کا بھی جلد افتتاح کیا جائے گا۔ کراچی کینٹ اسٹیشن میں لاہور سے بھی زیادہ جدید سی آئی پی لاؤنج اور ویٹنگ ایریاز تیار کیے جا رہے ہیں،
پاکستان ریلوے جدید، محفوظ اور مسافر دوست نظام کی جانب گامزن ہے جس کے باعث ترقی کا سفر جاری ہے۔
پنڈی اسٹیشن پر میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے وزیر ریلوے نے کہا کہ آر ڈی ایم سی کے اشتراک سے 884 کلومیٹر طویل روہڑی نوکُنڈی ٹریک اَپ گریڈ کیا جائے گا، منصوبہ وزیراعظم کی خصوصی دلچسپی اور وژن کے تحت مکمل کیا جا رہا ہے۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ ریلوے کے ترقیاتی منصوبے ملک میں جدید سفری سہولیات کے فروغ کا مظہر ہیں، منصوبے کے تحت 400 کلو میٹر کا نیا ٹریک بچھایا جائے گا۔ نیا اور اَپ گریڈڈ ریلوے نیٹ ورک مسافروں اور فریٹ دونوں کے لیے انقلابی تبدیلی لائے گا۔