پانچ سے زیادہ سمز استعمال کرنے پر فون بلاک ہوجائے گا؟ پی ٹی اے نوٹیفکیشن وائرل
اشاعت کی تاریخ: 30th, August 2025 GMT
سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ وائرل ہورہی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے نوٹیفکیشن جاری کیا ہے جس میں صارفین کے پانچ سے زیادہ سمز استعمال کرنے پر موبائل فون بلاک کرنے کا انتباہ ہے۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے اس دعوے کی سختی سے تردید کی ہے جس میں کہا گیا تھا کہ اگر کوئی صارف ایک ماہ کے دوران پانچ سے زیادہ سمز ایک ہی موبائل فون میں استعمال کرے گا تو اس کا آئی ایم ای آئی بلاک کردیا جائے گا۔
یہ افواہ ایک مبینہ پریس ریلیز کے ذریعے سوشل میڈیا پر گردش کر رہی تھی، جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ پی ٹی اے نے ایسا ضابطہ نافذ کیا ہے۔ اس جعلی دستاویز پر پی ٹی اے کا لوگو بھی موجود تھا اور اس میں صارفین کو وارننگ دی گئی تھی کہ پانچ سے زیادہ سمز استعمال کرنے کی صورت میں ان کے نیٹ ورک سروسز معطل کر دی جائیں گی۔
پی ٹی اے کی جانب سے وائرل جعلی نوٹیفکیشن میں درج تھا:
معزز کسٹمر، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (PTA) کے قوانین کے مطابق ایک موبائل فون میں ایک مہینے میں زیادہ سے زیادہ 5 مختلف SIM استعمال کی جاسکتی ہیں، اگر 5 سے زیادہ SIM استعمال ہوئیں تو موبائل IMEI بلاک ہو سکتا ہے اور نیٹ ورک سروس بند ہوجائے گی۔
تاہم حقائق اس کے برعکس ہیں۔ پی ٹی اے کی ڈائریکٹر کمیونیکیشنز زیب النساء نے واضح کیا ہے کہ ایسی کوئی ایڈوائزری جاری نہیں کی گئی۔ ان کے مطابق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والا یہ پیغام سراسر گمراہ کن ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پی ٹی اے صرف آئی ایم ای آئی ڈپلیکیشن اور کلوننگ کی نگرانی کرتا ہے اور اس حوالے سے کارروائیاں بھی کرتا ہے، جس میں مشکوک ڈیوائسز کو بلاک کرنا، ایف آئی اے کے ساتھ چھاپے مارنا اور عوامی آگاہی مہم شامل ہیں۔
اسی موقف کی تصدیق ایک نجی ٹیلی کام کمپنی جاز نے بھی کی ہے۔ کمپنی کے ترجمان نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ پاکستان میں ایسا کوئی تکنیکی نظام موجود ہی نہیں ہے جو ایک موبائل میں ماہانہ سمز کی تعداد کو محدود کرسکے۔
مزید یہ کہ پی ٹی اے کے سرکاری سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر بھی اس خبر کو جعلی قرار دیا گیا ہے۔
’’ایک ماہ میں پانچ سے زائد سمز استعمال کرنے پر فون بلاک کرنے‘‘ والا دعویٰ جھوٹا اور بے بنیاد ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: پانچ سے زیادہ سمز سمز استعمال کرنے سوشل میڈیا پی ٹی اے
پڑھیں:
بجلی کے بڑے صارفین کے لیے نئی ڈیوٹی
پنجاب حکومت نے 500 کے وی اے سے زائد بجلی استعمال کرنے والے صارفین پر بجلی ڈیوٹی عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ پنجاب فنانس ترمیمی بل 2025ء صوبائی اسمبلی سے کمیٹی کو بھیجے بغیر ہی منظور کرلیا گیا ہے۔ جس کے مطابق 500 کے وی اے سے زائد بجلی استعمال کرنے والے صنعتی و کمرشل صارفین پر بجلی ڈیوٹی لاگو ہو گی۔ بل کے متن کے مطابق بجلی ڈیوٹی فی یونٹ 4 پیسے ہو گی۔ 500 کے وی اے تک بجلی استعمال کرنے والے صنعتی و کمرشل صارفین کو بجلی ڈیوٹی سے استثنا حاصل ہو گا جب کہ 500 کے وی اے سے بڑے جنریٹر رکھنے والے ادارے ٹیکس نیٹ میں لائے جائیں گے۔ پنجاب اسمبلی سے منظور بل کے مطابق تمام گھریلو صارفین بجلی ڈیوٹی سے مکمل مستثنا ہوں گے۔ نیشل گرڈ کے صنعتی و کمرشل صارفین سے بجلی ڈیوٹی ڈسکوز کے ذریعے حاصل ہو گی۔ نجی بجلی استعمال کرنے والے صنعتی و کمرشل صارفین سے الیکٹرک انسپکٹرز کے ذریعے بجلی ڈیوٹی وصول کی جائے گی۔ مجوزہ قانون کا اطلاق کمرشل اور صنعتی شعبے پر ہو گا۔ بل کے تحت پنجاب فنانس ایکٹ 1964 میں ترامیم کی جائیں گی اور اس بل کی حتمی منظوری گورنر پنجاب دیں گے۔