کانگو میں کشتی الٹنے کے 2 حادثات میں طلبا سمیت 193 افراد ہلاک
اشاعت کی تاریخ: 13th, September 2025 GMT
جمہوریہ کانگو کے شمال مغربی صوبہ ایکویٹیئر میں اس ہفتے 2 الگ الگ کشتی حادثات میں کم از کم 193 افراد جاں بحق اور درجنوں لاپتا ہو گئے۔
حکام کے مطابق پہلا حادثہ بدھ کے روز باسانکوسو علاقے میں پیش آیا جہاں ایک موٹرائزڈ کشتی الٹنے سے 86 افراد ہلاک ہوئے جن میں زیادہ تر طلبا شامل تھے۔
جمعرات کی شام دوسرا بڑا حادثہ لوکولیلا علاقے میں پیش آیا جب تقریباً 500 مسافروں سے بھری کشتی میں آگ لگنے کے بعد وہ ڈوب گئی۔ وزارتِ انسانی امور کے مطابق حادثے میں 107 افراد ہلاک ہوئے جبکہ 209 افراد کو زندہ بچا لیا گیا۔ وزارتِ سماجی امور کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ 146 افراد لاپتا ہیں۔
ریاستی میڈیا کے مطابق پہلے حادثے کی وجہ غلط لوڈنگ اور رات کے وقت سفر تھی۔ مقامی سماجی تنظیموں نے ہلاکتوں کی تعداد سرکاری اعدادوشمار سے کہیں زیادہ قرار دی ہے۔
حکام اور مقامی رضاکاروں نے بچاؤ کے آپریشن میں حصہ لیا جبکہ حکومت نے زخمیوں کو طبی سہولیات، لواحقین کو مدد اور زندہ بچ جانے والے مسافروں کو ان کے آبائی علاقوں میں پہنچانے کا اعلان کیا ہے۔
واضح رہے کہ کانگو کے وسیع بارانی جنگلاتی علاقوں میں دریا ہی آمد و رفت کا سب سے اہم ذریعہ ہیں۔ پرانی اور خستہ کشتیوں پر گنجائش سے زیادہ مسافر اور سامان لادنا معمول ہے، جب کہ لائف جیکٹس نہ ہونے اور رات کے وقت سفر کرنے کے باعث حادثات میں زیادہ جانی نقصان ہوتا ہے۔
Post Views: 8.ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
ملک میں چینی کی قیمت 210 روپے فی کلو تک پہنچ گئی
فائل فوٹوادارہ شماریات کے جاری کردہ دستاویزات کے مطابق ایک ہفتے میں سرگودھا میں چینی کی فی کلو قیمت میں 23 روپے تک کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ کراچی اور حیدرآباد میں چینی کی فی کلو قیمت میں 5 روپے تک اضافہ ہوا۔
دستاویز کے مطابق ملک میں چینی کی زیادہ سے زیادہ فی کلو قیمت 210 روپے تک پہنچ گئی، جبکہ کراچی اور سرگودھا میں چینی 200 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے۔
اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی چینی کی زیادہ سے زیادہ فی کلو قیمت 200 روپے تک ہے، حیدرآباد میں چینی کی فی کلو قیمت 190 روپے سے بڑھ کر 195 روپے ہوگئی۔
ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے میں چینی کی اوسط فی کلو قیمت میں 12 پیسے کی معمولی کمی ہوئی، جس کے بعد ملک میں چینی کی اوسط فی کلو قیمت 188 روپے 69 پیسے ریکارڈ کی گئی۔
گزشتہ ہفتے تک ملک میں چینی کی اوسط فی کلو قیمت 188 روپے 81 پیسے تھی، جبکہ ایک سال قبل یہی قیمت 132 روپے 47 پیسے فی کلو تھی۔