غزل
دام میں حسنِ جنوں خیز کے آئے ہوئے لوگ
مسکراتے رہیں اشکوں میں نہائے ہوئے لوگ
ہے تری دید کا اعجاز کہ خوش رہتے ہیں
تجھ سے نسبت کے عذابوں میں سمائے ہوئے لوگ
ایک اُمیدِ فسوں خیز کا دامن تھامے
متمکن ہیں ترے کوچے میں آئے ہوئے لوگ
تجھ کو برگشتہ نہ کر دے کہیں یہ ایک خیال
کیوں کڑی دھوپ میں دیوار کے سائے ہوئے لوگ
جن کو واجب تھا سرِ عرش خدا! سجدۂ نور
آج معتوب ہیں وہ تیرے بنائے ہوئے لوگ
خود ہی لوٹ آئیں گے اک ٹوٹے تعلق کی طرف
عادلؔ انجانی مسافت کے ستائے ہوئے لوگ
(عزیز عادل۔ مردان)
غزل
مشکل ہے وقت اور کوئی آسرا نہیں
تیرے علاوہ کوئی مجھے جانتا نہیں
اے عشق آئنے میں ذرا سامنے تو آ
میں نے کہا ہے اور کسی نے سنا نہیں
حیرت ہے گفتگو سے طبیعت بدل گئی
حیرت ہے میرے ساتھ کوئی بولتا نہیں
اندر کے شور نے مرا جینا کیا نڈھال
باہر کے شور میں تو کوئی چیختا نہیں
میں مبتلائے عشق ہوں زخموں سے چور ہوں
تیرے علاوہ درد سے ملنی شفا نہیں
حالاں کہ کاٹ دی مری گردن مگر ندیمؔ
اس کو اثر ذرا بھی مری جاں ہوا نہیں
(ندیم ملک ۔کنجروڑ ،نارووال)
غزل
کسی جنوں کے ہرائے کو کون چھوڑتا ہے
جنابِ دل کے ستائے کو، کون چھوڑتا ہے
میں تیری سمت جو لپکا، لپکنا بنتا تھا
کہ تپتی دھوپ میں سائے کو کون چھوڑتا ہے
وہ وقت ہو کہ مقدر، زمانہ ہو کہ فلک
تری نظر کے گرائے کو کون چھوڑتا ہے
میں ایک آنکھ سے نکلا ہوں کس طرح، مت پوچھ
خوشی سے اپنی سرائے کو کون چھوڑتا ہے
تجھے کہا نہیں کچھ تو اسے شرافت جان
وگرنہ ہاتھ میں آئے کو کون چھوڑتا ہے
(زبیرحمزہ۔ قلعہ دیدار سنگھ)
غزل
ذرا غور کر مری بات پر
مجھے دکھ ہُوا ترے ساتھ پر
نہ خوشی پہ پہنچا میں بے وطن
نہ پہنچ سکا میں وفات پر
وہی چاند ہے،وہی چاندنی
وہی جھیل ہے، وہی رات، پر
ہوا بدگماںمری ذات سے
جسے تھا یقیں مری بات پر
تجھے کیا خبر مرے چارہ گر
جو گزر رہی ہے حیات پر
میں بھی خوش رہوں گا ترے بغیر
تو بھی ہاتھ رکھ مرے ہاتھ پر
(فیصل محمود۔رحیم یار خان)
غزل
تاخیر سے ہی درد میں آرام تو آیا
ساقی نہ سہی بادۂ گلفام تو آیا
صد شکر مرے شوق کا انعام تو آیا
وہ گیسوئے خمدار لبِ بام تو آیا
رندوں کی تسلی کے لئے یہ بھی بہت ہے
میخانے میں کوئی ترا ہم نام تو آیا
ناراض نہیں اس سے ہوا کرتے کبھی بھی
جو صبح کو بھولا پہ سرِ شام تو آیا
تاخیر سے آیا ہے مگر پھر بھی خوشی ہے
اس گل کی ہتھیلی پہ مرا نام تو آیا
پھر دیکھ کے میخانے میں ہم کو وہ کہے ہے
صیاد کوئی آج تہِ دام تو آیا
غزلوں سے مری جان ملی تجھ کو تسلی
مشتاق ؔترے آج کسی کام تو آیا
(ثقلین مشتاق ۔ جمشید پور، جھارکھنڈ ،انڈیا)
غزل
دل و نگاہ کی دنیا نئی نئی کرکے
میں آگیا ہوں اندھیرے کو روشنی کرکے
بڑا فریب ملا مجھ کو روشنی کی قسم
تمہاری آنکھ گلابی سے کاسنی کرکے
ہٹا دیا ہے مجھے اس نے میرے منصب سے
میں سوچتا ہی رہا جس کو آخری کرکے
ابھی نہ روک مجھے اس سفر میں رہنے دے
ملوں گا تجھ سے مرے یار زندگی کرکے
حیات اپنی گزاری ہے وہم و حسرت میں
کسی کے نام پہ پوشیدہ شاعری کرکے
مرا بھی سلسلہ افلاک سے ہی ملتا تھا
تری گرفت میں آیا ہوں آدمی کرکے
یہ سانحہ ہے کوئی سانس ہی نہیں لیتا
ہوا کے ہاتھ بھی خالی ہیں تازگی کرکے
میں فیضیؔ میر کے مسلک سے تھا سو میں نے بھی
گنوا دی عزت سادات عاشقی کرکے
(سید فیض الحسن فیضی کاظمی۔ پاکپتن)
’’سلیقہ‘‘
سچ تو یہ ہے ہمیں ناشاد کیا ہے تم نے
ساتھ رکھ کر ہمیں برباد کیا ہے تم نے
اس سے بہتر تھا ہمیں خود سے جدا کر دیتے
عشق کی قید سے تم ہم کو رہا کر دیتے
خیر اس بات کا اب دکھ بھی نہیں ہے ہم کو
خون گندا ہو تو اک روز دکھاتا ہے اثر
ہم کو معلوم تھا تم ایسا کرو گے اک دن
یہ جو دنیا ہے مکافاتِ عمل ہے یعنی
جو بھی کچھ تم نے کیا تم وہ بھرو گے اک دن
ہم نے کوشش تو بہت کی کہ بھلا دیں تم کو
پر بھلانے کو کبھی دل نہیں راضی ہوتا
اِس کو لگتا ہے تم آؤ گے پلٹ کر اک دن
اِس نے اب تک نہیں اُمید کا دامن چھوڑا
ہم تو وہ تھے جنہیں ہنسنے سے نہ فرصت تھی کبھی
ہم تو وہ شوخ طبیعت تھے کہ اللہ اللہ
مر گئی ہم میں وہ جو شوخ طبیعت تھی کبھی
شرم آتی ہے ہمیں تم سے محبت تھی کبھی
جب بھی پوچھے ترے بارے میں کوئی ہم سے سوال
ہم کو ہر بات پہ آ جاتا ہے رونے کا خیال
دل حویلی بھی وہ پہلے کی طرح شاد نہیں
اب تو ہنسنے کا سلیقہ بھی ہمیں یاد نہیں
(راشد خان عاشر۔ ڈیرہ غازی خان)
غزل
ہے آنکھوں میں شب بیداری برسوں سے
سلگ رہی ہے اک چنگاری برسوں سے
جن کی کی ہے تابعداری برسوں سے
برت رہے ہیں جانب داری برسوں سے
کاش نکالے آ کر ہجر کے ملبے سے
دبی ہوئی ہے لاش ہماری برسوں سے
ہر رشتے میں غربت آڑے آئی ہے
مجھ کو ہے اک یہ دشواری برسوں سے
بچپن کے کچھ خواب سنبھال کے رکھے ہیں
بند پڑی ہے اک الماری برسوں سے
مجھ کو امن کے دیپ جلاتے رہنا ہے
مجھ پر ہے یہ ذمے داری برسوں سے
(امن علی امن۔ پاکپتن شریف)
غزل
گئے وقتوں کا کوئی استعارہ ہو رہا ہے
جو روشن تھا دلوں میں بے سہارا ہو رہا ہے
کہاں کس آئینے میں جگمگائے گی وہ صورت
نظر بھر دیکھ لینے کا اشارہ ہو رہا ہے
عصا تھامی ہوئی دنیا زمیں پر منحصر ہے
خلا میں ٹوٹتا منظر ستارہ ہو رہا ہے
گرایا جائے اْس میں آسماں کا میٹھا پانی
کنواں جو وقت کے ہاتھوں سے کھارا ہو رہا ہے
وہ گم گشتہ نظر سے ماورا کو یہ خبر ہو
نظر آئے بھی وہ جس کا نظارہ ہو رہا ہے
زمانہ چاہتا ہوگا مگر ہم نے نہ چاہا
بھری دنیا سے جو اپنا کنارا ہو رہا ہے
(زاہد خان۔ ڈیرہ اسماعیل خان )
غزل
خواب در خواب مصیبت سے نکلنا ہے مجھے
یعنی خود اپنی شکایت سے نکلنا ہے مجھے
اتنا آساں تو نہیں اس سے نکلنا لیکن
جس طرح بھی ہو محبت سے نکلنا ہے مجھے
یوں مقفّل ہوا بیٹھا ہوں کسی کمرے میں
جیسے کمرے کی اجازت سے نکلنا ہے مجھے
چھوڑ آیا ہوں ترے شہر میں آنکھیں اپنی
اب کسی اور اذیت سے نکلنا ہے مجھے
بے وجہ دشمنوں پہ ٹوٹ رہا ہوں شافی
اور اپنوں کی حراست سے نکلنا ہے مجھے
(بلال شافی۔ جڑانوالہ)
غزل
مری حالت جو ابتر ہو رہی ہے
مجھے لگتا ہے بہتر ہو رہی ہے
مری عادت ہے غم میں مسکرانا
یہ عادت اب مقدر ہو رہی ہے
جو دیکھا کل ذرا سی موج تھی وہ
ہوں حیراں کہ سمندر ہو رہی ہے
مری تکلیف میں ہے اب افاقہ
دوا اس کی مؤثر ہو رہی ہے
خوشی اپنی بتاؤں کس طرح میں
فدا مجھ پر ستم گر ہو رہی ہے
رہا نہ فرق اپنے غیر کا کچھ
حقیقت یوں اجاگر ہو رہی ہے
یہ کس کی آج آمد ہے کہ ساگرؔ
فضا اتنی معطر ہو رہی ہے
(رجب علی ساگر ۔ڈیرہ اسماعیل خان،پہاڑ پور)
غزل
غار تھا غار کی تنہائی تھی آگے میں تھا
دفعتاََ آگ سی لہرائی تھی آگے میں تھا
اسی ٹیبل پہ جہاں بیٹھ کے کھاتے تھے کبھی
تو کسی اور کے ساتھ آئی تھی آگے میں تھا
رات کھڑکی سے کوئی چیز گری کمرے میں
موم بتی سی وہ تھرائی تھی آگے میں تھا
زندگی میں تجھے رستے سے اٹھا لایا ہوں
تو کسی اور سے ٹکرائی تھی آگے میں تھا
پیشرو کوئی سرِ راہِ نجف تھا ہی نہیں
پیچھے پیچھے مری مولائی تھی آگے میں تھا
(عقیل عباس۔ منڈی بہاؤالدین)
سنڈے میگزین کے شاعری کے صفحے پر اشاعت کے لیے آپ اپنا کلام، اپنے شہر کے نام اورتصویر کے ساتھ ہمیں درج ذیل پتے پر ارسال کرسکتے ہیں۔ موزوں اور معیاری تخلیقات اس صفحے کی زینت بنیں گی۔
انچارج صفحہ ’’کوچہ سخن ‘‘
روزنامہ ایکسپریس، 5 ایکسپریس وے، کورنگی روڈ ، کراچی
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: ئے ہوئے لوگ ہو رہی ہے ہو رہا ہے نہیں ا
پڑھیں:
تجدید وتجدّْ
data-id="863a0a8" data-element_type="widget" data-widget_type="theme-post-content.default">
251103-03-9
4
مفتی منیب الرحمن
اس کائنات میں ایک اللہ تعالیٰ کا تشریعی نظام ہے‘ جس کے ہم جوابدہ ہیں اور اْس پر اْخروی جزا وسزا کا مدار ہے اور دوسرا تکوینی نظام ہے‘ جس میں بندے کا کوئی عمل دخل نہیں ہے‘ یہ سراسر اللہ تعالیٰ کی مشِیئت کے تابع ہے اور اس پر جزا وسزا کا مدار نہیں ہے۔ تکوینی نظام سبب اور مسبَّب اور علّت ومعلول کے سلسلے میں مربوط ہے۔ ’’سبب‘‘ سے مراد وہ شے ہے جو کسی چیز کے وجود میں آنے کا باعث بنے اور اْس کے نتیجے میں جو چیز وجود میں آئے‘ اْسے ’’مْسَبَّب‘‘ کہتے ہیں‘ اسی کو علّت ومعلول بھی کہتے ہیں لیکن منطق وفلسفہ میں دونوں میں معنوی اعتبار سے تھوڑا سا فرق ہے۔ اسی بنا پر اس کائنات کے نظم کو عالَم ِ اسباب اور قانونِ فطرت سے تعبیر کرتے ہیں۔
معجزے سے مراد مدعی ِ نبوت کے ہاتھ پر یا اْس کی ذات سے ایسے مافوقَ الاسباب امور کا صادر ہونا جس کا مقابلہ کرنے سے انسان عاجز آ جائیں۔ نبی اپنی نبوت کی دلیل کے طور پر بھی معجزہ پیش کرتا ہے۔ مادّی اسباب کی عینک سے کائنات کو دیکھنے والے کہتے ہیں: قانونِ فطرت اٹل ہے‘ ناقابل ِ تغیّْر ہے‘ لہٰذا قانونِ فطرت کے خلاف کوئی بات کی جائے گی تو اْسے تسلیم نہیں کیا جائے گا۔ چنانچہ منکرین ِ معجزات نے مِن جملہ دیگر معجزات کے نبیؐ کے معراجِ جسمانی کا بھی انکار کیا اور کہا: ’’رسول اللہؐ کا جسمانی طور پر رات کو بیت المقدس جانا اور وہاں سے ایک سیڑھی کے ذریعے آسمانوں پر جانا قانونِ فطرت کے خلاف اور عقلاً مْحال ہے۔ اگر معراج النبی کی بابت احادیث کے راویوں کو ثِقہ بھی مان لیا جائے تو یہی کہا جائے گا کہ اْنہیں سمجھنے میں غلطی ہوئی۔ یہ کہہ دینا کہ اللہ اس پر قادر ہے‘ یہ جاہلوں اور ’’مرفوع القلم‘‘ لوگوں کا کام ہے‘ یعنی ایسے لوگ مجنون کے حکم میں ہیں‘ کوئی عقل مند شخص ایسی بات نہیں کر سکتا۔ قانونِ فطرت کے مقابل کوئی دلیل قابل ِ قبول نہیں ہے۔ ایسی تمام دلیلوں کو اْنہوں نے راوی کے سَہو وخطا‘ دور اَز کار تاویلات‘ فرضی اور رکیک دلائل سے تعبیر کیا‘‘۔ (تفسیر القرآن) یہ سرسیّد احمد خاں کی طویل عبارت کا خلاصہ ہے۔ الغرض وہ معجزات پر ایمان رکھنے والوں کو جاہل اور دیوانے قرار دیتے ہیں‘ ہمیں وحی ِ ربانی کے مقابل عقلی اْپَج کی فرزانگی کے بجائے دیوانگی کا طَعن قبول ہے‘ کیونکہ قدرتِ باری تعالیٰ کی جلالت پر ایمان لانے ہی میں مومن کی سعادت ہے اور یہی محبت ِ رسولؐ کا تقاضا ہے۔ ان کی فکر کا لازمی نتیجہ یہ ہے: اللہ تعالیٰ قادرِ مطلق اور مختارِ کْل نہیں ہے‘ بلکہ العیاذ باللہ! وہ اپنے بنائے ہوئے قوانین ِ فطرت کا پابند ہے۔
ہم کہتے ہیں: بلاشبہ اسباب موثر ہیں‘ لیکن اْن کی تاثیر مشیئتِ باری تعالیٰ کے تابع ہے‘ لیکن یہ اسباب یا قانونِ فطرت خالق پر حاکم ہیں اور نہ وہ اپنی قدرت کے ظہور کے لیے ان اسباب کا محتاج ہے۔ وہ جب چاہے ان کے تانے بانے توڑ دے‘ معطَّل کر دے اور اپنی قدرت سے ماورائے اَسباب چیزوں کا ظہور فرمائے‘ مثلاً: عالَم ِ اسباب یا باری تعالیٰ کی سنّت ِ عامّہ کے تحت انسانوں میں مرد و زَن اور جانوروں میں مادہ ونَر کے تعلق سے بچہ پیدا ہوتا ہے لیکن اللہ تعالیٰ کی قدرت ان اسباب کی محتاج نہیں ہے‘ چنانچہ اْس نے سیدنا عیسیٰؑ کو بِن باپ کے‘ سیدہ حوا کو کسی عورت کے واسطے کے بغیر اور سیدنا آدمؑ کو ماں باپ دونوں واسطوں کے بغیر پیدا کر کے یہ بتا دیا کہ اْس کی قدرت ان اسباب کی محتاج نہیں ہے۔ لیکن غلام احمد پرویز اور مرزا غلام قادیانی وغیرہ سیدنا عیسیٰؑ کے بن باپ کے پیدا ہونے کو تسلیم نہیں کرتے‘ جبکہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: ’’بیشک (بن باپ کے پیدا ہونے میں) عیسیٰؑ کی مثال آدم کی سی ہے‘ اللہ نے انہیں مٹی سے پیدا فرمایا‘ پھر اْس سے فرمایا: ہو جا‘ سو وہ ہوگیا‘‘۔ (آل عمران: 59) الغرض یہود کی طرح انہیں عفت مآب سیدہ مریمؑ پر تہمت لگانا تو منظور ہے‘ لیکن معجزات پر ایمان لانا قبول نہیں ہے۔
قرآنِ کریم کی واضح تعلیم ہے کہ کسی کو دین ِ اسلام قبول کرنے پر مجبور نہیں کیا جائے گا۔ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: ’’دین (قبول کرنے) میں کوئی زبردستی نہیں ہے‘‘۔ (البقرہ: 256) مگر جو دائرۂ اسلام میں داخل ہوگیا ہو اْسے مسلمان رہنے کا پابند کیا جائے گا‘ اسی لیے اسلام میں اِرتداد موجب ِ سزا ہے‘ جبکہ موجودہ متجددین کے نزدیک ارتداد اور ترکِ اسلام کوئی جرم نہیں ہے۔ جمہورِ امت کے نزدیک کتابیہ عورت سے مسلمان مرد کا نکاح جائز ہے‘ لیکن مسلمان عورت کا کتابی مرد سے نکاح جائز نہیں ہے‘ مگر متجددین ائمۂ دین کے اجماعی موقف سے انحراف کرتے ہوئے اس نکاح کے جواز کے قائل ہیں۔
اگر آپ اس تجدّْدی فکر کی روح کو سمجھنا چاہیں تو وہ یہ ہے کہ جمہور امت وحی ِ ربانی کو حتمی‘ قطعی اور دائمی دلیل سمجھتے ہیں‘ جبکہ یہ حضرات اپنی عقلی اْپَج کو وحی کے مقابل لاکھڑا کرتے ہیں اور عقلی نتیجہ ٔ فکر کے مقابل انہیں وحی کو ردّ کرنے میں کوئی عار محسوس نہیں ہوتی۔ وحی بتاتی ہے کہ عاقل مومن کو وحی اور خالق کی مرضی کے تابع رہ کر چلنا ہے‘ جبکہ تجدّْد کے حامی کہتے ہیں: ’’میرا جسم میری مرضی‘‘۔ بعض متجدِّدین حدیث کو تاریخ کا درجہ دیتے ہیں‘ جو رَطب ویابس کا مجموعہ ہوتی ہے‘ اْن کے نزدیک حدیث سے کوئی عقیدہ ثابت نہیں ہوتا‘ ماضی میں ایسے نظریات کے حامل اپنے آپ کو اہل ِ قرآن کہلاتے تھے۔ اگر حدیث سے مطلب کی کوئی بات ثابت ہوتی ہو تو اپنی تائید میں لے لیتے ہیں اور اگر اْن کی عقلی اْپج کے خلاف ہو تو انہیں حدیث کو ردّ کرنے میں کوئی باک نہیں ہوتا۔ جبکہ احادیث ِ مبارکہ کی چھان بین اور صحت کو طے کرنے کے لیے باقاعدہ علوم اصولِ حدیث و اسمائْ الرِّجال وضع کیے گئے ہیں‘ جبکہ تاریخ کی چھان پھٹک اس طرح نہیں ہوتی۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: ’’اور ہم نے آپ کی طرف ذِکر (قرآنِ کریم) اس لیے نازل کیا ہے کہ آپ لوگوں کو وہ احکام وضاحت کے ساتھ بتائیں جو اْن کی طرف اُتارے گئے ہیں اور تاکہ وہ غور وفکر کریں‘‘۔ (النحل: 44) الغرض قرآنِ کریم کی تبیِین کی ضرورت تھی اور اْس کے مْبَیِّن (وضاحت سے بیان کرنے والے) رسول اللہؐ ہیں۔ اگر شریعت کو جاننے کے لیے قرآن کافی ہوتا تو مزید وضاحت کی ضرورت نہ رہتی‘ اسی لیے قرآنِ کریم نے ایک سے زائد مقامات پر فرائضِ نبوت بیان کرتے ہوئے فرمایا: ’’اور وہ انہیں کتاب وحکمت کی تعلیم دیتے ہیں‘‘۔ اکثر مفسرین کے نزدیک حکمت سے مراد سنّت ہے۔
ایک صحابیہ اْمِّ یعقوب تک حدیث پہنچی‘ جس میں سیدنا عبداللہ بن مسعودؓ کی روایت کے مطابق رسول اللہؐ نے بعض کاموں پر لعنت فرمائی ہے۔ وہ عبداللہ بن مسعودؓ کے پاس آئیں اور کہنے لگیں: ’’میں نے دو جلدوں کے درمیان پورا قرآن پڑھا ہے‘ مجھے تو اس میں یہ باتیں نہیں ملیں‘‘۔ سیدنا عبداللہ بن مسعودؓ نے فرمایا: ’’اگر تْو نے توجہ سے قرآن پڑھا ہوتا تو تمہیں یہ باتیں مل جاتیں‘ کیا تم نے قرآن میں یہ آیت نہیں پڑھی: ’’اور جو کچھ تمہیں رسول دیں‘ اْسے لے لو اور جس سے وہ روکیں‘ اْس سے رک جائو‘‘۔ (الحشر: 7) اْمِّ یعقوب نے کہا: ’’کیوں نہیں! میں نے یہ آیت پڑھی ہے‘‘ تو ابن مسعودؐ نے فرمایا: رسول اللہؐ نے ان باتوں سے منع فرمایا ہے۔ اْس نے کہا: ’’میں نے دیکھا ہے کہ آپ کی اہلیہ یہ کام کرتی ہیں‘‘۔ عبداللہ بن مسعودؓ نے فرمایا: ’’جائو دیکھو‘‘۔ وہ گئی اور دیکھا کہ وہ ایسا کوئی کام نہیں کرتیں‘ عبداللہ بن مسعودؓ نے کہا: ’’اگر میری اہلیہ ایسے کام کرتیں تو میں اْن سے تعلق نہ رکھتا۔ (بخاری)۔
(جاری)