ایشیا کپ: یقین ہے فائنل میں بھارت سے پھر مقابلہ ہوگا، صاحبزادہ فرحان
اشاعت کی تاریخ: 23rd, September 2025 GMT
قومی کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بلے باز صاحبزادہ فرحان نے ایشیا کپ کے فائنل میں پھر سے پاک بھارت ٹاکرے کا امکان ظاہر کردیا۔
سری لنکا کے خلاف میچ سے قبل پریس کانفرنس میں صاحبزادہ فرحان کا کہنا تھا کہ ہمیں یقین ہے کہ ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت کا دوبارہ سامنا کریں گے۔
بھارت کے خلاف سپر فور مرحلے کے میچ میں نصف سنچری اسکور کرنے کے بعد مخصوص انداز میں خوشی منانے پر ان کا کہنا تھا کہ میں شاذ و نادر ہی نصف سنچری کے بعد جشن مناتا ہوں۔ یہ خیال خود بخود ہی آگیا تھا کہ اس طرح جشن مناؤں، مجھے پروا نہیں کہ لوگ اس کے بارے میں کیا سوچ رہے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ فخر زمان کے ساتھ بیٹنگ کرنے سے اعتماد ملا۔ آگے بھی اس کومبی نیشن کو برقرار رکھیں گے۔
یاد رہے پاکستان کو سپر فور مرحلے کے پہلے میچ میں بھارت کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
پاکستان ٹیم اپنا دوسرا میچ آج سری لنکا کے خلاف اور 25 ستمبر کو بنگلادیش کے خلاف کھیلے گی۔
سپر فور مرحلے میں ٹاپ ٹو ٹیمیں فائنل 28 ستمبر کو فائنل کھیلیں گی۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: کے خلاف
پڑھیں:
صاحبزادہ فرحان کا بھارت کے خلاف ففٹی کے جشن پر تنقید کرنے والوں کو کرارا جواب
ایشیا کپ سپر 4 کے ہائی وولٹیج ٹاکرے میں بھارت کے خلاف شاندار بیٹنگ کرنے والے قومی بلے باز صاحبزادہ فرحان نے اپنی نصف سنچری پر جشن منانے کے معاملے پر خاموشی توڑ دی۔
دبئی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صاحبزادہ فرحان نے کہا کہ عام طور پر نصف سنچری کا جشن نہیں مناتا مگر گزشتہ روز میچ میں بھارت کے خلاف ففٹی مکمل ہونے پر ایک دم اس طرح خوشی منانے کا خیال آیا۔
صاحبزادہ فرحان نے کہا کہ جب ذہن میں آیا تو میں نے ففٹی مکمل ہونے پر اُسی طرح کا انداز اپنایا اور یہ بالکل نیا اسٹائل تھا۔
انہوں نے اپنی ففٹی کے جشن پر اعتراض کرنے والوں کے حوالے سے کہا کہ مجھے لوگوں کے مطلب نکالنے کی پرواہ نہیں اور نہ ہی کسی بھی قسم کا دباؤ محسوس ہورہا ہے۔
صاحبزادہ فرحان نے کہا کہ سامنے کوئی بھی ٹیم ہو ہمیشہ میری کوشش جارحانہ بلے بازی کرنے کی ہوتی ہے اور گزشتہ میچ میں بھی اسی حکمت عملی کے تحت بیٹنگ کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ سری لنکا کے خلاف بھرپور تیاری ہے، فائنل میں بھارت سے میچ کھیلنے کے خواہشمند ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارت کے خلاف صاحبزادہ فرحان نے 58 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔