Express News:
2025-11-10@04:10:42 GMT

27ستمبر:پی ٹی آئی کا پھر حکومت مخالف جلسہ؟

اشاعت کی تاریخ: 26th, September 2025 GMT

جب سے پی ٹی آئی اور بانی پی ٹی آئی حکومت سے آئینی طور پر نکالے گئے ہیں، اِن کا غصہ ٹھنڈا ہونے کا نام ہی نہیں لے رہا ۔ حکومتی ایوانوں میں پھر سے فاتحانہ طور پر داخل ہونے اور حکمرانی سے لطف اندوز ہونے کے لیے پی ٹی آئی ، اپنے بانی کے حکم اور اشیرواد سے، بار بار پنجاب اور وفاق پر حملہ آور ہوتی رہی ہے ۔

مطلوبہ و موعودہ کامیابی مگر اِن کا نصیب نہیں بن سکی ۔ یوں لگتا ہے جیسے اقتدار میں ہمیشہ رہنا پی ٹی آئی اور بانی پی ٹی آئی نے اپنا ازلی حق سمجھ لیا ہے ؛ چنانچہ اِسی ’’حق‘‘ کی واپسی حصول کے لیے پی ٹی آئی بار بار اپنے حریفوں پر یلغاریں کررہی ہے ۔

9مئی کے ناقابلِ فراموش حملے بھی اِسی ’’حق‘‘ کا شاخسانہ کہے جا سکتے ہیں۔پچھلے تقریباً چار برسوں سے اِس پارٹی کا یہی مسلسل اور مستقل رویہ رہا ہے ۔ ویسے اِس مستقل رویئے کے اپنائے جانے پر پی ٹی آئی ’’شاباش‘‘ کی مستحق ہے۔اگرچہ اِس ’’ناقابلِ شکست‘‘ رویئے اور 9مئی کے متعدد حملوں کے باعث پی ٹی آئی کے سیکڑوں کارکنوں اور کئی معروف لیڈروں کو عدالتوں کی طرف سے سزائیں بھی سنائی جا چکی ہیں ۔

ایک سال قبل ، تقریباً یہی دن تھے اور یہی موسم تھا، جب بانی پی ٹی آئی کے حکم پر ہی پی ٹی آئی کے کارکنوں اور لیڈروں نے وفاقی دارالحکومت ، اسلام آباد ،پر ہلّہ بولا تھا۔ اِس حملے سے دو دن قبل وفاقی وزیر داخلہ، جناب محسن نقوی، نے کہا تھا:’’پی ٹی آئی کے سپورٹرز مسلّح ہو کر اسلام آباد پر یلغار کرنے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔‘‘اِس بیان کو پی ٹی آئی کے کئی وابستگان نے غیر حقیقی اور مبالغہ آمیز قرار دیا تھا۔

26 نومبر2024کی شب مگر جب پی ٹی آئی وابستگان اور عشاق نے ، وزیر اعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈا پور اور بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ محترمہ بشریٰ بی بی ، کی زیر قیادت اسلام آباد پر ہلّہ بولا تو یہی ثابت ہُوا کہ محسن نقوی صاحب کا بیان حقیقت پر مبنی تھا۔ 26نومبر کے حملے میں پی ٹی آئی کے عشاق نے اسلام آباد کا جس طرح اُجاڑا کیا، یہ الگ افسوسناک داستان ہے ۔ کہا جاتا ہے کہ اگر اِس یلغار میں شریک علی امین گنڈا پور اور بشریٰ بی بی صاحبہ کو (پُراسرار طریقے سے) حفاظتی حصار میں لے کر آتشیں اسلام آباد سے نہ نکالا جاتا تو شائد ہمارے سامنے مناظر کچھ اور بھی ہو سکتے تھے ۔

اِس پسپائی اور شدید حکومتی ردِ عمل کے بعد پی ٹی آئی کئی مہینوں تک اپنے مبینہ زخم چاٹتی رہی تھی ۔ کئی اطراف سے شکوے شکایات بھی کی گئیں کہ وفاقی حکومت نے ( متشدد حملہ آوروں پر) کچھ زیادہ ہی سخت ہاتھ ڈالا ۔اُن حکومتی اقدامات بارے کئی اختلافات کے باوجود کہا جا سکتا ہے کہ ملک میں قانون کی بالادستی اور قیامِ امن کے لیے حکومتوں کو بعض اوقات، سرکش عناصر پر، سخت ہاتھ بھی ڈالنا پڑتا ہے ۔پنجاب اور اسلام آباد میں منہ کی کھانے کے بعد اب پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے بڑے بڑے شہروں میں ، حکومت مخالف، جلسے کرکے اپنے دل کی بھڑاس نکالنے کی کوشش کررہی ہے ۔ اِن جلسوں کو وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی مکمل اشیرواد حاصل رہی ہے ۔

اِس کے باوجود پی ٹی آئی کے کئی کارکنان اور رہنما (اور خاص طور پر بیرونِ ملک بیٹھے پی ٹی آئی کے حکومت مخالف عشاق اورKey Warriers) علی امین گنڈا پور سے مطمئن اور خوش نہیں ہیں ۔ اُنہیں غیر مرئی قوتوں کا ساتھی سمجھا جارہا ہے۔ اب جب کہ پی ٹی آئی نے بانی پی ٹی آئی کے حکم پر ایک بار پھر27ستمبر2025 کو پشاور میں حکومت مخالف’’بھرپور‘‘ جلسہ کرنے کا اعلان کیا ہے، علی امین گنڈا پور ہی سے بانی پی ٹی آئی نے مرکزی کردار ادا کرنے اور جلسے کو کامیاب کروانے کے لیے بڑی اُمیدیں وابستہ کررکھی ہیں ۔

اسلام آباد پر پی ٹی آئی کی ناکام چڑھائی کے تقریباً ایک سال بعد پی ٹی آئی پشاور میں حکومت مخالف جلسہ کرنے جارہی ہے ۔ اِس ایک سال کے دوران پی ٹی آئی کے جنگجو کارکنان اور لیڈروں نے اپنے زخم سہلالیے ہونگے اور بھرپور سستا بھی لیا ہوگا۔ کل 27ستمبر ہے ۔ اور کل ہی پی ٹی آئی کے لیے ایک اور آزمائش ہے ۔ کل ہی علی امین گنڈا پور کے اعصاب اور ’’کارگزاری‘‘ کا ایک بار پھر امتحان ہوگا ۔

ویسے علی امین گنڈا پور نے وزیر اعلیٰ بن کر عذاب ہی گلے میں ڈال رکھا ہے ۔ بانی پی ٹی آئی پسِ دیوارِ زنداں رہ کر اُنہیں ایک پَل چَین میں نہیں رہنے دے رہے۔ اُن کے سرپر وزیر اعلیٰ نہ رہنے کی تلوار بھی لٹکتی رہتی ہے ۔ 27ستمبر کو اُن کے لیے ایک نیا عذاب اُتر رہا ہے ۔ اگر یہ جلسہ بھی ، پچھلے جلسوں کی طرح، ناکام و نامراد ہُوا تو علی امین اپنے بانی کی خشمگیں نظروں کا سامنا کیسے کر سکیں گے؟

27ستمبر کو یہ جلسہ پشاور میں پی ٹی آئی اس لیے بھی رکھنے پر مجبور ہے کیونکہ باقی صوبوں میں اُن کی دال گلتی ہے نہ پاؤں ٹکنے دیے جاتے ہیں ۔ پشاورمیں سب انتظامات تو گنڈا پور صاحب اور اُن کی حکومت کے ہاتھوں میں ہوں گے۔بندوں کو ڈھونا بھی سہل ہوگا۔ تقریروں پر پابندیاں بھی نہیں ہوں گی۔ اِس لیے بانی پی ٹی آئی نے یہ جلسہ بھی پشاور ہی میں رکھا ہے؛چنانچہ ہم دیکھتے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ ، محترمہ علیمہ خان ، نے22ستمبر2025کو اڈیالہ جیل سے باہر (زندانی بھائی سے ملاقات کے بعد) رپورٹروں سے بات چیت کرتے ہُوئے یوں کہا:’’ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ 27ستمبر کا(پشاور میں) جلسہ بہت کامیاب ہونا چاہیے ۔پوری قوم باہر نکلے ۔ یہ جلسہ قوم کی آزادی کے لیے ہے ۔‘‘ ہمیں آج تک سمجھ نہیں آ سکی کہ بانی پی ٹی آئی نے کس شئے کو ’’آزادی‘‘ کا نام دے رکھا ہے ؟ علیمہ خان صاحبہ نے میڈیا کو یہ بھی بتایا :’’ بانی پی ٹی آئی نے پشاور کے اِس جلسے کی ذمے داری علی امین گنڈا پور اور جنید اکبر کو سونپی ہے ۔ بانی کی طرف سے بیرسٹر سیف اور علی امین گنڈا پور کو پیغام ہے کہ اسٹیبلشمنٹ سے کوئی بات نہ کرے ۔ جس نے بات کرنی ہے، وہ جیل میں آئے۔‘‘

اسٹیبلشمنٹ سے بات نہ کرنے کی بات کرکے ، ایک بار پھر، بانی صاحب نے اپنی فرسٹریشن کا اظہار تو نہیں کر دیا؟ موصوف سے بات کرنے کے لیے کوئی جیل جانے سے تو رہا ۔ جب اسٹیبلشمنٹ بار بار کہہ رہی ہے کہ کسی سیاستدان سے بھی بات کرنے کا مینڈٹ ہمارا نہیں ہے تو اِس کے باوجود بانی صاحب اسٹیبلشمنٹ کی بار بار، درمیان داری کے لیے، کیوں ضرورت محسوس کررہے ہیں؟ کیا اِس اُمید پر کہ اگر اُن کی کوئی آس اُمید پوری ہوگی تو اِسی دَر سے ؟ آدمی کو بہرحال اُمید نہیں توڑنی چاہیے : پیوستہ رہ شجر سے اُمیدِ بہار رکھ، کے مصداق۔سوال مگر یہ ہے کہ پی ٹی آئی ، اپنے بانی کے حکم پر،27ستمبر کا یہ جلسہ پشاور میں کیوں منعقد کرنا چاہتی ہے؟ مقاصد و اہداف کیا ہیں؟ اِس جلسے پر زرِ کثیر خرچ ہوگا ، جس کی پی ٹی آئی کو قطعی کوئی پروا نہیں ہے کہ علی امین گنڈا پور صاحب کی حکومت ہے ناں۔پچھلی بار اسلام آباد پر یلغار کے موقع پر پی ٹی آئی نے تشدد پسند افغان مہاجرین کا بھرپور استعمال کیا تھا ۔

کئی افغانی رنگے ہاتھوں گرفتار بھی ہُوئے تھے ۔ ہم نے اُن کے ناشکرے چہرے ٹی وی کی اسکرینوں پر بھی دیکھے ۔ اِس بار بھی کیا افغان مہاجرین ہی بروئے کار آئیں گے ؟ 27ستمبر کے اِس جلسے کا فقط یہ مقصد و ہدف نظر آ رہا ہے کہ(۱) حکومت پر ممکنہ دباؤ ڈال کر بانی صاحب کی رہائی عمل میں لائی جائے (۲) بشریٰ بی بی کو بھی زندان سے نظر بندی کی جانب لایا جائے (۳) 9مئی کے ملزمان اور مجرمان کو باہر نکالنے کی سبیل پیدا کی جائے ۔دیکھئے اِس بحر کی تہ سے اُچھلتا ہے کیا!

.

ذریعہ: Express News

کلیدی لفظ: علی امین گنڈا پور بانی پی ٹی ا ئی نے اسلام ا باد پر پی ٹی ا ئی کے حکومت مخالف پشاور میں وزیر اعلی یہ جلسہ ا نہیں رہا ہے رہی ہے کے حکم

پڑھیں:

پاکستان مخالف پروپیگنڈا میں پیش پیش بھارتی گودی میڈیا کے جھوٹ کا پردہ فاش

اسلام آباد: وزارتِ اطلاعات و نشریات پاکستان نے بھارتی گودی میڈیا کی جانب سے پاکستان مخالف جھوٹے اور من گھڑت دعوؤں کا پول کھول دیا ہے۔ وزارت کے مطابق بھارتی نشریاتی اداروں فرسٹ پوسٹ اور نیوز18 کی حالیہ رپورٹس سراسر جھوٹ اور فریب پر مبنی ہیں۔

بھارتی میڈیا نے اپنی گمراہ کن رپورٹس میں دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان کی عسکری قیادت نے غزہ امن مشن میں تعیناتی کے بدلے اسرائیل سے مالی تقاضا کیا۔

فرسٹ پوسٹ نے الزام عائد کیا کہ امریکی حمایت یافتہ غزہ امن مشن میں پاک فوج نے اسرائیل سے 10 ہزار ڈالر فی فوجی کا مطالبہ کیا، جب کہ نیوز18 نے ایک قدم آگے بڑھتے ہوئے پاکستان، موساد اور سی آئی اے کے درمیان مبینہ خفیہ ملاقاتوں کا دعویٰ کیا۔

وزارتِ اطلاعات و نشریات نے وضاحت کی ہے کہ پاکستان، اسرائیل یا امریکا کے درمیان ایسی کسی ملاقات یا مالی معاہدے کا کوئی ثبوت یا سرکاری تصدیق موجود نہیں۔ وزارت نے واضح کیا کہ وزارتِ خارجہ اور آئی ایس پی آر دونوں نے اسرائیلی یا امریکی اداروں سے کسی ملاقات یا فوجی تعیناتی سے متعلق خبروں کی تصدیق نہیں کی۔

ترجمان کے مطابق بھارتی میڈیا کی جانب سے اس نوعیت کی منفی پروپیگنڈا مہمات کوئی نئی بات نہیں، کیونکہ بھارت مسلسل پاکستان کے سفارتی و عسکری تشخص کو نقصان پہنچانے کے لیے جھوٹی کہانیاں گھڑنے میں مصروف ہے۔

وزارتِ اطلاعات نے کہا کہ بھارتی گودی میڈیا گمراہ کن اور اشتعال انگیز رپورٹنگ کے ذریعے خطے میں انتشار اور غلط فہمیاں پھیلانے کی کوشش کر رہا ہے، جو خود بھارت کے صحافتی معیار پر سوالیہ نشان ہے۔

متعلقہ مضامین

  • حکومت کے اقدامات آمریت کی یاد تازہ کررہے ہین ، اشرف پلیجو
  •  افغان طالبان عبوری حکومت میں پاکستان مخالف لابی سرگرم ہے‘وزارت خارجہ
  • 17 سیٹ والے حکومت نہیں کرسکتے، فیصل جاوید
  • افغان طالبان عبوری حکومت میں پاکستان مخالف لابی سرگرم ہے: دفتر خارجہ
  • افغان طالبان عبوری حکومت میں پاکستان مخالف لابی سرگرم ہے، دفتر خارجہ
  • صوبائی اختیارات میں کمی کے مخالف، جمہوریت پر اثر نہیں پڑنا چاہئے: فضل الرحمن
  • کوئٹہ میں پی ٹی آئی کا جلسہ منسوخ، حکومت پر حالات کشیدہ کرنے کا الزام
  • وزيرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا کو بانی کی رہائی کے علاوہ کسی چیز کی فکر نہیں: ایمل ولی
  • پاکستان مخالف پروپیگنڈا میں پیش پیش بھارتی گودی میڈیا کے جھوٹ کا پردہ فاش
  • کوئٹہ میں پی ٹی آئی کا جلسہ، حکومت نے انٹرنیٹ اور سڑکیں بند کر دیں