پاکستان مخالف پروپیگنڈا میں پیش پیش بھارتی گودی میڈیا کے جھوٹ کا پردہ فاش
اشاعت کی تاریخ: 7th, November 2025 GMT
اسلام آباد: وزارتِ اطلاعات و نشریات پاکستان نے بھارتی گودی میڈیا کی جانب سے پاکستان مخالف جھوٹے اور من گھڑت دعوؤں کا پول کھول دیا ہے۔ وزارت کے مطابق بھارتی نشریاتی اداروں فرسٹ پوسٹ اور نیوز18 کی حالیہ رپورٹس سراسر جھوٹ اور فریب پر مبنی ہیں۔
بھارتی میڈیا نے اپنی گمراہ کن رپورٹس میں دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان کی عسکری قیادت نے غزہ امن مشن میں تعیناتی کے بدلے اسرائیل سے مالی تقاضا کیا۔
فرسٹ پوسٹ نے الزام عائد کیا کہ امریکی حمایت یافتہ غزہ امن مشن میں پاک فوج نے اسرائیل سے 10 ہزار ڈالر فی فوجی کا مطالبہ کیا، جب کہ نیوز18 نے ایک قدم آگے بڑھتے ہوئے پاکستان، موساد اور سی آئی اے کے درمیان مبینہ خفیہ ملاقاتوں کا دعویٰ کیا۔
وزارتِ اطلاعات و نشریات نے وضاحت کی ہے کہ پاکستان، اسرائیل یا امریکا کے درمیان ایسی کسی ملاقات یا مالی معاہدے کا کوئی ثبوت یا سرکاری تصدیق موجود نہیں۔ وزارت نے واضح کیا کہ وزارتِ خارجہ اور آئی ایس پی آر دونوں نے اسرائیلی یا امریکی اداروں سے کسی ملاقات یا فوجی تعیناتی سے متعلق خبروں کی تصدیق نہیں کی۔
ترجمان کے مطابق بھارتی میڈیا کی جانب سے اس نوعیت کی منفی پروپیگنڈا مہمات کوئی نئی بات نہیں، کیونکہ بھارت مسلسل پاکستان کے سفارتی و عسکری تشخص کو نقصان پہنچانے کے لیے جھوٹی کہانیاں گھڑنے میں مصروف ہے۔
وزارتِ اطلاعات نے کہا کہ بھارتی گودی میڈیا گمراہ کن اور اشتعال انگیز رپورٹنگ کے ذریعے خطے میں انتشار اور غلط فہمیاں پھیلانے کی کوشش کر رہا ہے، جو خود بھارت کے صحافتی معیار پر سوالیہ نشان ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
اسرائیل سے متعلق نئے پاسپورٹ ڈیزائن پر پروپیگنڈا، ڈی جی کی وضاحت
اسلام آباد:(نیوزڈیسک)ڈی جی پاسپورٹ نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس میں اسرائیل سے متعلق نئے پاسپورٹ ڈیزائن پر وضاحت دی ہے۔
نئے پاسپورٹ ڈیزائن پر سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا کرنے پر سینیٹ داخلہ کمیٹی میں بحث ہوئی۔
اجلاس کے دوران ڈی جی پاسپورٹ نے بتایا کہ پاسپورٹ کا صرف ڈیزائن تبدیل کیا گیا اور سیکیورٹی فیچر مضبوط بنائے ہیں، اسرائیل سے متعلق پاسپورٹ پر واضح طور پر لکھا گیا ہے۔
سینیٹرز کے پاسپورٹ مسائل حل کرنے پر کمیٹی نے ڈی جی پاسپورٹ کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔