چمن بارڈر پر افغان سائیڈ سے فائرنگ، پاکستان کا ذمہ دارانہ جواب
اشاعت کی تاریخ: 6th, November 2025 GMT
اسلام آباد:
افغانستان نے ایک بار پھر سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے چمن بارڈر سے بلااشتعال فائرنگ کی جس پر فورسز نے ذمہ دارانہ جواب دیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق اس حوالے سے وزارت اطلاعات نے کہا ہے کہ چمن بارڈر پر افغانستان سے کچھ عناصر نے پاکستانی پوسٹوں پر بلا اشتعال فائرنگ کی، سیکیورٹی فورسز نے فوری اور مؤثر ردعمل دیتے ہوئے فائر کا ذمہ دارانہ طریقے سے جواب دیا، فائرنگ افغانستان کی طرف سے شروع ہوئی، پاکستانی فورسز کی ذمہ دارانہ کارروائی سے صورتحال پر قابو پالیا گیا، جنگ بندی بدستور برقرار ہے۔
وزارت اطلاعات نے کہا ہے کہ حکومت آج پاک افغان سرحد چمن پر پیش آئے واقعے پر افغان جانب سے پھیلائے گئے دعووں کو سختی سے مسترد کرتی ہے، فائرنگ کا آغاز افغانستان کی جانب سے کیا گیا، جس پر پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے فوری، ذمہ دارانہ اور پیمانہ شدہ ردعمل دیا۔
وزارت اطلاعات نے کہا ہے کہ پاکستان سرحدی نظم و ضبط اور خطے میں امن و استحکام کے لیے پُرعزم ہے، اپنی علاقائی سالمیت اور شہریوں کے تحفظ کے لیے ہر ضروری اقدام اٹھایا جائے گا۔
وزارت اطلاعات و نشریات نے مزید کہا کہ پاکستان جاری مذاکرات کے لیے پُرعزم ہے اور افغان حکام سے باہمی تعاون کی توقع رکھتا ہے۔
واضح رہے کہ استنبول میں آج پاکستان اور افغان طالبان حکومت کے درمیان مذاکرات کا تیسرا دور جاری ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: وزارت اطلاعات
پڑھیں:
شمالی وزیرستان میں افغانستان سے دراندازی کی کوشش ناکام (بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے 3دہشتگرد ہلاک)
خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی 2کارروائیاں، ایشام میںمارے گئے خوارج میں ایک افغان شہری قاسم شامل ہے
ٹانک میںخفیہ اطلاع پر آپریشن کے دوران خارجی افغان شہری اکرام الدین عرف ابودجانہ ماراگیا، آئی ایس پی آر
خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی 2کارروائیوں میں بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے 3دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے ایشام میں افغانستان سے دراندازی کی کوشش ناکام بنائی۔فورسز کی بروقت کارروائی سے 2 خوارج جہنم واصل ہو گئے، دونوں دہشتگرد بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے وابستہ تھے۔مارے گئے خوارج میں ایک افغان شہری خوارج قاسم شامل ہے، جو افغان بارڈر پولیس میں خدمات انجام دے چکا تھا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ٹانک میں انٹیلی جنس بنیاد پر آپریشن کے دوران ایک اور خارجی مارا گیا۔ہلاک دہشتگرد کی شناخت افغان شہری اکرام الدین عرف ابودجانہ کے نام سے ہوئی۔یہ افغان شہریوں کی پاکستان میں دہشتگردی میں شمولیت کا ایک اور ثبوت ہے۔ پاکستان نے عبوری افغان حکومت سے مؤثر بارڈر مینجمنٹ یقینی بنانے کا مطالبہ دہرایا۔افغان سرزمین کو دہشتگردی کے لیے استعمال ہونے سے روکنے پر زور دیا آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں کلیٔرنس آپریشن شروع کر دیا۔’عزمِ استحکام‘ کے تحت بھارت نواز دہشتگردوں کے خلاف آپریشن پوری قوت سے جاری رہے گا۔پاکستانی فورسز سرحدوں کے دفاع کیلئے پرعزم ہیں۔