کراچی: لاکھوں مالیت کی غیر ملکی کرنسی برآمد، دو ملزمان گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 8th, October 2025 GMT
کراچی:
ایف آئی اے کی حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل کراچی نے دو اہم کارروائیوں کے دوران غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
گرفتار ملزمان کی شناخت وحید اور قادر کے ناموں سے ہوئی ہے۔ ملزمان کو کراچی کے علاقوں ویسٹ وہارف اور ڈیفنس سے حراست میں لیا گیا۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے 36 ہزار سعودی ریال، 3100 امریکی ڈالر اور 1800 ملائیشین رنگٹ برآمد کیے گئے۔ ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ دونوں ملزمان بغیر لائسنس کے کرنسی ایکسچینج کے کاروبار میں ملوث تھے۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کے قبضے سے موبائل فونز اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج سے متعلق ڈیجیٹل شواہد بھی حاصل کیے گئے ہیں۔ گرفتار افراد برآمد ہونے والی غیر ملکی کرنسی کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہ کر سکے۔
ایف آئی اے نے دونوں ملزمان کے خلاف تفتیش کا آغاز کردیا ہے، جبکہ ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: کرنسی ایکسچینج ایف آئی اے
پڑھیں:
مستونگ میں بینک ڈکیتی، ملزمان لاکھوں روپے لوٹ کر فرار
کوئٹہ:بلوچستان کے ضلع مستونگ کے مرکزی بازار میں واقع نجی بینک میں دن دہاڑے ڈکیتی کی بڑی واردات، مسلح افراد بینک سے پندرہ لاکھ ساٹھ ہزار روپے لوٹ کر فرار ہوگئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق 6 سے 8 مسلح افراد نے اچانک بینک میں داخل ہو کر عملے کو یرغمال بنایا اور کیش کاؤنٹر سے رقم نکال لی۔ واردات کے دوران بازار میں بھگدڑ مچ گئی۔
دکانداروں اور شہریوں نے خوف کے باعث دکانیں بند کردیں، ڈکیتی کے بعد بازار میں خوف و ہراس کی فضا قائم ہوگئی۔
اطلاع ملتے ہی پولیس اور سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کردی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی ہر پہلو سے تفتیش کررہے ہیں، ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔