سموگ نے پنجے گاڑ لئے، سانس لینا محال، کراچی کا فضائی آلودگی میں دوسرا نمبر
اشاعت کی تاریخ: 5th, November 2025 GMT
لاہور ( نیوزڈیسک) سموگ نے پنجے گاڑ لئے، سانس لینا بھی محال ہوگیا، کراچی فضائی آلودگی میں دنیا میں دوسرے نمبر پر آگیا۔
کراچی کا ایئر کوالٹی انڈیکس 186 ریکارڈ کیا گیا، کولکتہ دنیا کا آلودہ ترین شہر بن گیا، اے کیو آئی 250 کو چھو گیا،لاہور میں سموگ کی صورتحال میں معمولی بہتری آئی، 182 اے کیو آئی کے ساتھ دنیا میں پانچویں نمبر پر چلا گیا۔
پنجاب حکومت اور محکمہ ماحولیات نے کارروائیاں تیز کر دیں، آلودگی پھیلانے والے مزید متعدد صنعتی یونٹس منہدم اور فیکٹریاں سیل کر دی گئیں۔
.ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
سموگ تدارک کیس ‘ ہائیکورٹ کا مارکیٹیں رات 10بجے بند کرانے کا حکم : لاہور میں عملدر آمد شروع
لاہور (خبر نگار) ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سموگ کے پیش نظر اتوار کے روز کمرشل سرگرمیاں مکمل بند کرنے کی تجویز دے دی۔ عدالت نے مارکیٹیں رات دس بجے اور ریسٹورنٹس رات گیارہ بجے بند کرنے کے نوٹیفکیشن پر عملدرآمد کی ہدایت کردی۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ایک دو ماہ یا چار ہفتے ایسا کرنا پڑے گا۔ شادی ہالز بھی پورے دس بجے بند ہونے چاہیئں۔ شادیوں پر ون ڈش کی خلاف ورزی بھی ہورہی ہے لیکن اس کا ماحولیات سے تعلق نہیں۔ 2023ء کے نوٹیفکیشن کے مطابق مارکیٹیں دس بجے بند ہوں گی لیکن اس کی خلاف ورزیاں جاری ہیں۔ نوٹیفکیشن پر پر عملدرآمد کرائیں۔ شہر میں پانچ منٹ کے لیے بھی ٹریفک بند نہیں ہونی چاہیے۔ عدالت نے ڈی سی لاہور کو رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کردی۔ عدالت نے شہر میں واسا کے تعمیراتی پروجیکٹس پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا واسا کے پروجیکٹ کب ختم ہوں گے؟ واسا کے پروجیکٹ شروع ہوتے ہیں ختم ہونے کا نام نہیں لیتے، پائپ لائن ڈالنے کا پروجیکٹ لمبا نہیں ہونا چاہیے، بڑے بڑے پائپ لا کر چھ ماہ پہلے سڑکوں پر رکھ دیئے اس وجہ سے حادثات ہورہے ہیں، یہ کیا طریقہ کار، پورے لاہور میں اتنی مٹی کر دی گئی ہے جس کی کوئی حد نہیں، اتنی مٹی میں سموگ گن کیا کام کرے گی؟۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ہر بندہ اپنی ذمہ داری ادا کرے یہ میرا اکیلے کا کام تو نہیں، واسا اپنے سارے پروجیکٹس کی تمام تفصیلات عدالت میں پیش کرے۔ عدالت نے محکمہ ماحولیات کو واسا اور ایل ڈی اے کے پروجیکٹس میں خلاف ورزیوں پر جرمانے کرنے کی ہدایت کردی۔ خلاف ورزیاں کرنے والے محکموں کو بھاری جرمانے کریں، جمعہ کو آپ نے بتانا ہے کہ آپ نے کن پروجیکٹس پر کس محکمے کو کتنا جرمانہ کیا؟۔ کیس کی مزید سماعت 7 نومبر کو ہوگی۔ دریں اثناء ضلعی انتظامیہ نے لاہور میں سموگ کے تدارک کیلئے 2023 والا فارمولا اپنا لیا۔ لاہور میں مارکیٹیں پیر تا ہفتہ رات 10 بجے بند ہوں گی۔ اتوار کو دوپہر 2 سے رات 10 بجے تک مارکیٹوں کے اوقات کار ہوں گے۔ ریسٹورنٹ و کیفے رات 11 بجے بند کرنا ہوں گے۔ ریسٹورنٹ جمعہ، ہفتہ، اتوار رات 12 بجے تک بند کرنا ہوں گے۔ ہوم ڈیلیوری کی رات 2 بجے تک کی اجازت ہو گی۔ میڈیکل سٹورز، تندور، دودھ کی دکانیں، ہسپتال، لیبارٹریوں، پٹرول پمپ اور پنکچرز شاپس کو استثنی حاصل ہوگا۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق پہلے سے جاری نوٹیفکیشن کی موجودگی میں نئے نوٹیفکیشن کی ضرورت نہیں۔