جاپان کا پاکستان انسداد پولیو پروگرام کیلئے 35 لاکھ ڈالر گرانٹ کا اعلان
اشاعت کی تاریخ: 18th, November 2025 GMT
اسلام آباد(نیوزڈیسک) جاپان نے پاکستان انسداد پولیو پروگرام کیلئے 35 لاکھ ڈالر گرانٹ دینے کا اعلان کر دیاہے ، اسلام آباد میں جاپان اور یونیسیف کے درمیان معاہدے پر دستخط کردیئے گئے ، اس خطیر رقم سے اینٹی پولیو ویکسین کی 24 لاکھ سے زائد خوراکیں خریدی جائیں گی ۔
وزیراعظم کی فوکل پرسن انسدادِ پولیو عائشہ رضا فاروق نے پولیوخاتمےکیلئےجاپان کےتعاون پر اظہار تشکر کیا اور کہا یہ شراکت داری مالی امداد سے بڑھ کر یکجہتی اور مشترکہ مقصد کی علامت ہے، عائشہ رضا فاروق کے مطابق ویکسین کی ہر خوراک پاکستان کو پولیو سے پاک منزل کےمزید قریب لے آتی ہے۔
تقریب کے دوران پاکستان میں تعینات جاپان کے سفیر نے پاکستان کی صحت عامہ کی ترجیحات کے لیے اپنے طویل المدتی عزم کا اعادہ کیا، یونیسف کے نمائندہ برائے پاکستان، پرنیلا آئیرنسائیڈ نے کہا جاپان کی شراکت ہر بچے تک ویکسین پہنچانے میں مددگار ثابت ہوگی ۔ جاپان کی حکومت 1996 سے پاکستان میں پولیو کے خاتمے کی دیرینہ شراکت دار ہے ۔ اس دوران جاپان نے ساڑھے چوبیس کروڑ ڈالر سے زائد گرانٹس اور قرضے فراہم کیے ہیں ۔
.ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
ملک بھر میں خسرہ اور روبیلا سے بچاؤ کی ویکسینیشن مہم کا آغاز
ملک بھر میں خسرہ، روبیلا اور پولیو سے بچاؤ کی قومی ویکسینیشن مہم کا آج سے باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔ نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (ای او سی) کے مطابق یہ مہم 17 نومبر سے 29 نومبر تک جاری رہے گی، جس دوران ملک بھر میں 3 کروڑ 54 لاکھ بچوں کو خسرہ اور روبیلا سے بچاؤ کی ویکسین دی جائے گی۔ اس کے علاوہ، ملک کے 90 ہائی رسک اضلاع میں 2 کروڑ 33 لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ 6 ماہ سے 5 سال تک کے تمام بچوں کو خسرہ اور روبیلا کی ویکسینیشن فراہم کی جائے گی۔ نیشنل ای او سی نے بتایا کہ ویکسین سرکاری صحت کے مراکز، اسکولوں، مدارس اور عارضی ویکسینیشن مراکز پر فراہم کی جائے گی۔ پنجاب میں تقریباً 68 لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے، بلوچستان میں 22 لاکھ 46 ہزار، سندھ میں 84 لاکھ سے زائد، خیبر پختونخوا میں 52 لاکھ 46 ہزار، گلگت بلتستان میں 1 لاکھ 36 ہزار اور اسلام آباد میں 4 لاکھ 61 ہزار بچوں کو پولیو کے قطرے دیے جائیں گے۔ اسی طرح، خسرہ اور روبیلا کی ویکسین پنجاب میں 1 کروڑ 73 لاکھ، سندھ میں 82 لاکھ 63 ہزار، خیبر پختونخوا میں 59 لاکھ 88 ہزار، بلوچستان میں 27 لاکھ 30 ہزار، آزاد جموں و کشمیر میں 6 لاکھ 24 ہزار، گلگت بلتستان میں 2 لاکھ 46 ہزار اور اسلام آباد میں 2 لاکھ 25 ہزار سے زائد بچوں کو دی جائے گی۔ نیشنل ای او سی نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کی ویکسینیشن کو یقینی بنائیں تاکہ انہیں خسرہ، روبیلا اور پولیو جیسے خطرناک امراض سے محفوظ رکھا جا سکے۔