بنجاب اسمبلی : 26نومبر کو گولی چلی تو عدالت جائیں ، وزیرقانون ، طاقت سے پارٹیا ختم نہیں ہوتیں اپوزیشن
اشاعت کی تاریخ: 14th, January 2025 GMT
لاہور (خصوصی نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) پنجاب اسمبلی کے ایوان میں وزیر قانون صہیب بھرت نے امن و امان پر بحث کو سمیٹے ہوئے کہا کہ اپوزیشن نے امن و امان پر بحث کے لئے اجلاس بلایا لیکن امن و امان پر کوئی بات ہی نہیں کی۔ اپوزیشن نے ٹوپی ڈرامہ لگایا ہوا ہے۔ چھبیس نومبر کو کھڑے تھے تو گولی کس کو لگی۔ ان کے کپڑوں پر تو میل بھی نہیں ہوگی، اگر گولی چلی تو عدالتوں میں جائیں۔ پنجاب اسمبلی کا اجلاس مقررہ وقت کی بجائے 3 گھنٹے 40 منٹ کی تاخیر سے سپیکر ملک محمد احمد خان کی صدارت میں شروع ہوا۔ اجلاس میں پی پی139سے ضمنی الیکشن میں کامیاب ہونے والے رانا طاہر اقبال نے اسمبلی رکنیت کا حلف اٹھایا۔ اجلاس میں رکن اسمبلی عطیہ افتخار کے والد اور اسامہ لغاری کی والدہ اور فتح خالق بندیال کے بھائی کے انتقال پر فاتحہ خوانی کروائی گئی۔ مہانوں کی گیلری میں تھیلیسمیا کے مریض بچوں نے اجلاس کی کارروائی دیکھی، آمد پر ارکان پنجاب اسمبلی نے اپنی نشستوں سے کھڑے ہوکر بچوں سے اظہار یکجہتی کیا اور ان کے لئے ڈیسک بجائے۔ اجلاس میں صوبائی وزیر عمران نذیر نے وزارت صحت سے متعلق سوالات کے جوابات دئیے۔ وقفہ سوالات کے بعد دو ترمیمی سمیت تین مسودات قوانین ایوان میں پیش کیے گئے جنہیں سپیکر نے متعلقہ قائمہ کمیٹیوں کے سپرد کرتے ہوئے دو ماہ میں رپورٹ طلب کر لی۔ ایوان میں صوبائی وزیر قانون صہیب بھرت کی جانب سے پیش کئے گئے بلوں میںپنجاب ایجوکیشن کریکولم ، ٹریننگ اینڈ اسیسمنٹ اتھارٹی بل 2025، پنجاب پروٹیکٹڈ ایریا (ترمیمی) بل 2025، پنجاب وائلڈ لائف (پروٹیکشن، پریزرویشن، کنزرویشن اینڈ مینجمنٹ) (ترمیمی) بل 2025ء شامل ہیں۔ ایوان میں 10آڈٹ رپورٹس بھی پیش کی گئیں۔ اجلاس میں امن و امان پر عام بحث جاری رہی۔ اجلاس میں پیپلزپارٹی کے رکن پنجاب اسمبلی ممتاز چانگ اور پینل آف چیئرمین سمیع اللہ خان کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔ پینل آف چیئر مین سمیع اللہ خان نے کہاکہ آپ سپیکر کی سیٹ کو کیسے پابند کر سکتے ہیں کہ مجھے مداخلت نہیں کرنے دیں گے، آپ سمیت کسی بھی ممبر کو چیئرکی طرف سے روکا جا سکتا ہے۔ پی ٹی آئی کے علی امتیاز وڑائچ نے کہاکہ تحریک انصاف کو طاقت کا استعمال کرکے نیست و نابود کر نے کی کوشش کی گئی لیکن نہ جماعت نہ ہی کوئی لیڈر کمزور پڑا بلکہ سب حقیقی لیڈر بن چکے ہیں، ہمارا ووٹ بینک بڑھ گیا، طاقت کے استعمال سے کوئی سیاسی جماعت ختم نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو آپس میں بات کرنا ہوگی۔ اگر بحث ہوگی تو سیاسی بصیرت حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔ (ن) لیگ کے رانا محمد ارشد نے کہا کہ جب آٹھ فروری کی بات کریں تو پچیس جولائی 2018ء کی بھی بات کریں اور آر ٹی ایس کی پانچ سال رپورٹ نہیں ملی، آر ٹی ایس بیٹھنے اور بٹھانے والے کون تھے، اس وقت کس نے کہا نوازشریف اور مریم نواز کو نہیں جتوانا، عمرانی سلطنت نے ٹھوکر نیاز بیگ میں نیب میں بلا کر گولیاں چلوائیں۔ اپوزیشن رکن اعجاز شفیع نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ موجودہ حکومت وہ سلوک کررہی ہے جو اسرائیل فلسطین اور کشمیر بھارت میں بھی نہیں کررہا۔ پی ڈی ایم ون، ٹو اور تھری کے مظالم افسوسناک ہیں۔ حکومتی رکن احسن رضا نے کہا کہ اپوزیشن بوکھلا گئی ہے، آج پنجاب کا سندھ اور خیبر پختوانخواہ سے موازنہ کر لیں، جتنی بدمعاشیاں بزدار دور میں پولیس نے کیں وہ ریکارڈ ہے، پنجاب میں ہمارا مینڈیٹ تھا زبردستی بزدار کو بٹھایا گیا، مریم نواز دور میں کسی کی سفارش پر ڈی پی او اور ڈی سی اوز نہیں لگ رہے، مسلم لیگ (ن) نے ملک کو بچانے کے لئے سیاست کو دائو پر لگایا ہے، اپنے لیڈر کا کریکٹر تو ٹھیک کر لیں، کرپٹ لیڈر کا کوئی اچھا کردار بتا دیں۔ پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن نے منفرد انداز میں احتجاج کیا۔ ارکان نے بانی پی ٹی آئی اور کارکنوں کی رہائی کا مطالبہ کیا۔ ارکان نے بانی پی ٹی آئی کی تصاویر اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: پنجاب اسمبلی ایوان میں اجلاس میں نے کہا کہ
پڑھیں:
بلوچستان اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس، بے ضابطگیوں کی نشاندہی
اجلاس میں بجٹ و اکاؤنٹس کے حوالے سے آڈٹ رپورٹ اور کمپلائنس رپورٹ پر غور کیا گیا، جس میں متعدد سنگین بے ضابطگیوں کی نشاندہی کی گئی۔ کمیٹی نے شفافیت پر زور دیتے ہوئے مختلف ہدایات جاری کیں۔ اسلام ٹائمز۔ صوبائی اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس چیئرمین کمیٹی اصغر علی ترین کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں کمیٹی کے اراکین رحمت صالح بلوچ، غلام دستگیر بادینی، ولی محمد نورزئی، فضل قادر مندوخیل، زابد علی ریکی، صفیہ بی بی، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو قمبر دشتی، ڈائریکٹر جنرل آڈٹ بلوچستان شجاع علی، ڈپٹی اکاؤنٹنٹ جنرل نورالحق، سیکرٹری بورڈ آف ریونیو جاوید رحیم، ایڈیشنل سیکرٹری پبلک اکاؤنٹس کمیٹی سراج لہڑی، ایڈیشنل سیکرٹری فنانس محمد عارف اچکزئی، ڈائریکٹر آڈٹ ثناء اللہ، ایڈیشنل سیکرٹری بورڈ آف ریونیو گرداری لعل، مجیب قمبرانی کمشنر رخشان ڈویژن، ڈی سی آواران عائشہ زہری، منیر سومرو ڈی سی خاران، عظیم جان ڈی سی کوہلو، عبداللہ کھوسہ ڈی سی بارکھان، محمد حسین ڈی سی نوشکی، بہرام سلیم ڈی سی مستونگ، جمیل احمد ڈی سی قلات، مہراللہ جمالدینی ڈی سی کوئٹہ، و دیگر ڈپٹی کمشنرز اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز شریک ہوئے۔
اجلاس میں بجٹ و اکاؤنٹس کے حوالے سے آڈٹ رپورٹ اور کمپلائنس رپورٹ پر غور کیا گیا، جس میں متعدد سنگین بے ضابطگیوں کی نشاندہی کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق مالی سال 2016-17 میں نان ڈویلپمنٹ فنڈز کی مد میں 3,336.1 ملین روپے مختص کیے گئے تھے، جن میں سے 2,595.47 ملین روپے خرچ ہوئے جبکہ 740.6 ملین روپے کی بچت کو سرنڈر نہیں کیا گیا، جو کہ کمزور مالی نظم و نسق کی نشاندہی کرتا ہے۔ اسی طرح 2019-20 اور 2020-21 کے دوران بورڈ آف ریونیو کے مختلف دفاتر کی جانب سے 33.736 ملین روپے کے اخراجات کا ریکارڈ فراہم نہیں کیا گیا جس کے باعث اکاؤنٹس کی جانچ پڑتال ممکن نہ ہو سکی۔ کمیٹی نے اس صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔
مزید برآں کمیٹی کو بتایا گیا کہ 2020-21 اور 2021-22 میں مختلف ڈپٹی کمشنرز کے دفاتر کی جانب سے 19,144.236 ملین روپے سرکاری خزانے میں جمع کرانے کے بجائے مختلف بینک اکاؤنٹس میں رکھے گئے، جو قواعد و ضوابط کے منافی ہے۔ کمیٹی نے یہ بھی نوٹ کیا کہ 2019-21 کے دوران عشر، آبپاشی ٹیکس (ابانہ) اور زرعی انکم ٹیکس کی مد میں 1,101.469 ملین روپے کی وصولی نہیں کی گئی جس سے سرکاری خزانے کو بھاری نقصان پہنچا۔ مزید انکشاف ہوا کہ 2019-22 کے دوران مختلف کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کے دفاتر کی جانب سے 228.964 ملین روپے کے اخراجات ڈی ڈی اوز کے نام پر چیک جاری کیے گئے، بجائے اس کے کہ ادائیگی براہ راست وینڈرز کو کی جاتی۔ یہ عمل بھی قواعد و ضوابط کے برخلاف قرار دیا گیا۔ چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ بجٹ کی بچت بروقت سرنڈر کرنا لازمی ہے اور آئندہ ایسی غیر شفاف مالی سرگرمیوں کو روکنے کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں گے۔
اراکین کمیٹی نے ہدایت کی کہ تمام ریکارڈ فوری طور پر آڈٹ اور پی اے سی کو برائے تصدیق فراہم کیا جائے، غیر قانونی طور پر روکے گئے فنڈز کو سرکاری خزانے میں جمع کرایا جائے اور ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔ کئی کیسز میں انکوائری کا حکم جاری کیا گیا۔ پی اے سی ممبرز نے اس بات پر سخت تشویش کا اظہار کیا گیا کہ 2020 میں کیے گئے پی اے سی کے احکامات پر تاحال متعدد ڈپٹی کمشنرز نے عملدرآمد نہیں کئے۔ پی اے سی نے فیصلہ کیا کہ اگر ایک ماہ کے اندر پرانے اور نئے کیسز پر دیئے گئے احکامات پر عمل نہیں کیا گیا تو مذکورہ ڈپٹی کمشنرز اور کمشنرز کے خلاف سخت فیصلے کیے جائیں گے۔ آخر میں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے واضح کیا کہ قواعد و ضوابط کے بغیر مالی نظم و نسق بہتر نہیں ہو سکتا اور اس ضمن میں غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔