لاہور؛ پیٹرول پمپ پر ڈاکوؤں کی جدید اسلحے کیساتھ ڈکیتی، 42لاکھ لوٹ لیے، فوٹیج بھی سامنے آگئی
اشاعت کی تاریخ: 14th, January 2025 GMT
لاہور:
شاہدرہ کے علاقے میں پیٹرول پمپ پر ڈاکوؤں نے جدید اسلحے کے ساتھ ڈکیتی کی واردات کرتے ہوئے 42لاکھ روپے لوٹ لیے جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا گیا کہ ڈاکو پٹرول پمپ پر مینیجر اور ملازمین پر اسلحہ کے زور پر تشدد بھی کرتے رہے اور انہیں زمین پر بٹھا دیا۔ واردات کے دوران پٹرولنگ پولیس غائب رہی۔
واردات کے دوران ایک ڈاکو نے ہتھوڑے سے سیف توڑی جبکہ دو ڈاکوؤں نے ملازمین پر اسلحہ تان کر رکھا، شلوار قمیض میں ملبوس ڈاکو واردات کے بعد ہاتھوں میں بندوقیں تھامے موٹر سائیکل پر فرار ہوگئے۔
ڈاکو 42 لاکھ نقدی اور 4 موبائل فونز لوٹ کر لے گئے، چہرے واضح ہونے کے باوجود پولیس ڈاکوؤں کو تاحال پکڑ نہیں سکی۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ کیشیئر عامر مغل کی مدعیت میں درج کرکے ڈاکوؤں کی تلاش شروع کر دی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں کو کیمروں کی مدد سے تلاش کیا جا رہا ہے، سیف سٹی کے کچھ کیمرے خراب ہیں۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
سسرالیوں نے خاتون کو ایک لاکھ 20 ہزار روپے میں فروخت کردیا
بھارت میں شوہر اور بیٹے کی موت کے بعد سسرال والوں نے بیوہ کو ایک لاکھ 20 ہزار روپے میں فروخت کردیا۔
مہاراشٹر سے تعلق رکھنے والی متاثرہ خاتون نے الزام عائد کیا ہے کہ مجھے خریدنے والے شخص نے شادی کے نام پر دو سال تک جسمانی اور ذہنی استحصال کیا اور پھر مجھے بے سہارا چھوڑ دیا۔
خاتون کے مطابق دو سال قبل بہنوئی، ساس، سسر اور بہنوئی، نند نے مل کر گجرات کے شخص کو بیچنے کی سازش رچائی۔
متاثرہ خاتون نے بتایا کہ 80 ہزار روپے میرے سامنے بہنوئی اور بھابھی کو دیے گئے اس کے بعد اس شخص نے جنسی استحصال کیا، بچے کی پیدائش کے بعد وہ گاؤں میں چھوڑ کر چلا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون نے اپنے لاپتہ بیٹے اور بیٹی کو ڈھونڈنے کی فریاد کی ہے۔
سال 2023 میں متاثرہ کے والدین نے پولیس میں شکایت درج کروائی تھی کہ ان کی بیٹی اور پوتے لاپتا ہیں۔ جب آرنی پولیس لاپتا خاتون کی تلاش کر رہی تھی تو انہیں اطلاع ملی کہ خاتون گاؤں میں ہے۔ اس کے بعد پولیس نے خاتون سے پوچھ گچھ کی تو یہ چونکا دینے والا واقعہ سامنے آیا۔
واقعہ ارنی پولیس کی جانب سے لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے شروع کی گئی مہم کے دوران سامنے آیا ہے لیکن خاتون کا بیٹا اور بیٹی تاحال لاپتہ ہیں۔
خاتون کی شکایت کی بنیاد پر چار لوگوں کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے انہیں حراست میں لے لیا گیا ۔