سیف علی خان پر حملہ کرنے والے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی
اشاعت کی تاریخ: 16th, January 2025 GMT
ممبئی: بالی وڈ اداکار سیف علی خان پر باندرہ میں ان کے گھر میں ہونے والے چاقو کے حملے کے بعد پولیس نے حملہ آور کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی ہے۔
یہ فوٹیج جمعرات کی صبح 2:33 بجے کی ہے، جس میں حملہ آور کو اداکار کے اپارٹمنٹ کی سیڑھیوں میں دیکھا جا سکتا ہے۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں حملہ آور نے ٹی شرٹ، جینز اور کندھے پر ایک نارنجی رنگ کا کپڑا رکھا ہوا ہے۔ فوٹیج میں اسے سیڑھیاں اترتے اور کیمرے کی طرف دیکھتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
پولیس کے مطابق، حملہ آور نے پہلے عمارت کے پیچھے کی دیوار عبور کی، پھر پچھلی سیڑھیوں سے اوپر جا کر فائر ایگزٹ کے ذریعے اپارٹمنٹ میں داخل ہوا۔
سیف علی خان کے گھر میں کام کرنے والی ایک ملازمہ، ایلیا ما فلپیس المعروف لیما، نے سب سے پہلے حملہ آور کو دیکھا اور چیخ کر سب کو خبردار کیا۔
اداکار نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے حملہ آور کا سامنا کیا لیکن حملہ آور نے انہیں چھ مرتبہ چاقو مارا، جن میں ایک چاقو ان کی ریڑھ کی ہڈی میں پھنس گیا۔
سیف علی خان کو ان کے بیٹے ابراہیم نے فوری طور پر لیلاوتی اسپتال پہنچایا۔ اسپتال کے ڈاکٹر نیتن ڈانگے کے مطابق، اداکار کی حالت اب مستحکم ہے۔
ان کا کہنا تھا، "ہم نے ایمرجنسی سرجری کے ذریعے چاقو نکال دیا ہے اور ریڑھ کی ہڈی کے لیک ہونے والے سیال کو مرمت کیا ہے۔ ان کے بائیں ہاتھ اور گردن پر گہرے زخموں کا علاج کیا گیا ہے۔"
پولیس نے اس واقعے کی ایف آئی آر درج کر لی ہے، جس میں ڈکیتی، غیر قانونی داخلہ، اور شدید چوٹ پہنچانے کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات جاری ہیں اور جلد حملہ آور کو گرفتار کر لیا جائے گا۔
.
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: سیف علی خان حملہ آور
پڑھیں:
کراچی، مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں 3 افراد زخمی
کراچی:شہر قائد کے علاقے بہادرآباد ، شاہ لطیف اور لانڈھی فیوچر کالونی میں فائرنگ کے واقات میں 3 افراد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق بہادرآباد کے علاقے شرف آباد زبیدہ میڈیکل سینٹر کے قریب پراسرار فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا ، زخمی ہونے والے شخص کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔
مزید پڑھیں: کراچی فائرنگ کے مختلف واقعات میں خاتون سمیت 2 افراد زخمی
ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمی ہونے والے شخص کی شناخت 37 سالہ بلال ولد رئیس اختر کے نام سے کی گئی ، بہادرآباد پولیس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔
شاہ لطیف کے علاقے خلدآباد میں اپنے ہی پستول سے حادثاتی طور پر گولی چلنے سے ایک شخص زخمی ہوگیا ، زخمی ہونے والے شخص کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔
ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمی ہونے والے شخص کی شناخت 40 سالہ حسان خان کے نام سے کی گئی ، پولیس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔
مزید پڑھیں: کراچی فائرنگ کے واقعات میں سیکیورٹی گارڈ سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے
شرافی گوٹھ کے علاقے لانڈھی فیوچر کالونی میں جھگڑے کے دوران فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔
زخمی ہونے والے شخص کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا، پولیس کے مطابق زخمی ہونے والے شخص کی شناخت 28 سالہ ماہیر خان ولد عفیل خان کے نام سے کی گئی ۔