امن معاہدے کے بعد کی صورتحال
اشاعت کی تاریخ: 21st, January 2025 GMT
فلسطین اور اسرائیل کے مابین امن معاہدہ جس پرعمل درآمد شروع ہوگیا ہےاس معاہدے کا اعلان ہوتےہی فلسطینی عوام اوردنیا بھر میں حماس مجاہدین سے محبت رکھنے والے مسلمانوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی خاص طور پر غزہ کے کوچوں اور گلیوں میں 470 دنوں سے بارود اور بموں کی بارش میں عارضی خیموں یا کھلے آسمان تلے دن رات گزارنے والے معصوم بچوں اور شہریوں کی خوشی کا عالم دیکھنے سے تعلق رکھتا تھا کیونکہ وہ سب سمجھ رہے تھے کہ مکمل فتح سے پہلےحالیہ امن معاہدہ فتح کی جانب ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہےجبکہ دوسری سائیڈ یعنی اسرائیل کی جانب واضح طور پہ شام غریباں کا منظر ساری دنیا کو نظر آرہا تھا گو کہ اسرائیلی عوام میں امن معاہدے پر خوشی منائی گئی لیکن وہاں کے وزراءاورحکومتی لوگ سخت پریشان اورحیران نظر آرہےتھے بعض وزراء نے یہاں تک بیانات دئیے کہ یہ معاہدہ ہم پر مسلط کیا گیا ہےاگر اس معاہدے کو منسوخ نہ کیا گیا تو ہم مستعفی ہوجائیں گےچنانچہ آج کی خبروں میں یہ آرہا ہےکہ انتہائی دائیں بازو کے انتہائی متعصب یہودی بن گویر نے اپنا استعفی پیش کردیا ہے حقیقت تو یہ ہے کہ یہ امن معاہدہ پورے اسرائیل کے یہود کے گلےکاکانٹا بن چکا ہےنہ اگلا جا رہا ہےنہ نگلا جا رہا ہے ۔ اسرائیلی ریڈیو کےمطابق معاہدےکے توثیقی اجلاس کے دوران کئی حکومتی وزراء ، سرکاری سیکرٹری اور دیگرحاضرین روتے رہے۔ موساد سربراہ نے کہاکہ میں تسلیم کرتا ہوں کہ یہ نہایت ہی کڑوا گھونٹ ہے، مگر اسرائیل اس حال تک پہنچ چکا ہے کہ اب اسے پیئے بغیر کوئی چارہ نہیں ہے۔ (دجالی فوجی ریڈیو)محترم قارئین۔ تقریباً دوماہ قبل ایک انڈین ٹی وی چینل نے اسرائیلی ریڈیو کےحوالے سے اسی سے ملتی جلتی ایک اوررپورٹ بھی نشر کی تھی جس کا خلاصہ یہ تھا کہ اسرائیلی حکام یہ سمجھتے ہیں اگر ہم اس جنگ سے مکمل فتح حاصل کئےبغیر پیچھے ہٹ گئے تواسرائیل اور یہود کا کچھ بھی نہیں بچے گا جبکہ اہل ایمان تو اس مقدس فلسطینی جنگ کے پہلے دن سے ہی کہہ رہے تھے کہ اسرائیل اب آگے بڑھ کر لڑے یا دم دبا کر پیچھے بھاگ جائے ہر صورت میں اسرائیل کا کچھ بھی نہیں بچے گا۔ امن معاہدے کے بعد اسرائیل کے سورمائوں کو اپنی مکمل شکست اور نیست و نابود ہو جانے کا یقین پہلے سے زیادہ بڑھ چکا ہے ۔
معززقارئین دنیا بھر کے مسلمانوں کی اس امن معاہدے پر خوشی کی مختلف وجوہات ہیں سب سے اہم وجہ یہ ہے کہ مسلمان دیکھ رہے ہیں اللہ پاک مسلسل مجاہدین کی مدد فرما رہے ہیں سب سے پہلے افغانستان میں عالمی اتحادی لشکروں کو 20سالہ جنگ کے بعد اللہ پاک نے مجاہدین کو فتح مبین عطا فرمائی اور پھر شام کے محاذ پر 54 سال سے ظلم و ستم کے پہاڑ توڑنےوالے اسدخاندان کے مقابلے میں تحریرالشام کےجانباز مجاہدین کو اللہ پاک نے واضح کامیاب عطافرمائی اور اس کےبعد ڈیڑھ سال کی شدید جنگ کے بعد جس میں ساری دنیا اسرائیل کا ہرلحاظ سے ساتھ دے رہی تھی جبکہ حماس مجاہدین ساری دنیا کے مکمل طور پر محاصرے میں تھے، اور تو اور کئی مسلمان ممالک بھی فلسطینی جانبازوں کا ساتھ دینے کی بجائے اسرائیل کا عسکری اور معاشی لحاظ سے ساتھ دے رہے تھے مگر اللہ پاک نے اس جنگ میں بھی مجاہدین کو سرخرو فرما دیا۔ اتنی واضح کامیابی کے باوجود بھی کئی لوگ یہ پوچھ رہے ہیں ہمیں مختصر الفاظ میں بتائیں اس جنگ میں کون جیتا اور کون ہارا تو پھر کون ہارا کون جیتا‘‘ تاریخ سے نابلد لوگوں نےجنگ آزادی کو کرکٹ اور فٹ بال میچ سمجھ رکھاہے۔ ہر معرکہ کے بعد پوچھتے ہیں کون ہارا کون جیتا۔ انہیں کوئی بتائے کہ قوموں کی زندگی میں ہارجیت کے پیمانےکرکٹ کے رنزاور فٹ بال کے گول نہیں ہوتے۔ غزہ کے صحافی انس الشریف کے الفاظ میں بس یہ جان لیں کہ ’’طاقتور، اگر نہیں جیتتا، تو ہار جاتا ہے،اور کمزور، اگر نہیں ہارتا، تو فاتح ہوتا ہے۔ ہم فلسطینی اپنی ثابت قدمی، استقامت اور اپنی سرزمین کو ترک کرنے سے انکار کی وجہ سےفتح یاب ہوئے ہیں۔ نسل کشی کے باوجود بقاء (مطلب)ثابت قدمی اور فتح‘‘ اس امن معاہدے کے بعد فلسطینی مسلمانوں کی کامیابی کو رہائی پانے والے قیدیوں کے اینگل سے چیک کرتے ہیں،جن کو فلسطین کی ’’ف‘‘کا بھی علم نہیں، وہ کہتے ہیں کہ یہ معاہدہ گھاٹے کا سودا ہے۔ تصورکیجئے کہ اس معاہدے کی رو سے وہ شخص بھی رہاہو رہا ہے، جسے انسانی تاریخ کی سب سے طویل سزا کا سامنا ہے۔ یہ تحریک مزاحمت کا سب سے قیمتی اثاثہ ہے۔ فلسطینی اسے محبت سے ’’امیر الظل‘‘ (سائے کا شہزادہ) اور’’الشہید الحی‘‘(زندہ شہید)پکارتے ہیں۔ ابو اسامہ عبد اللہ غالب البرغوثی کی رہائی کی شرط بھی جانبازوں نے منوالی ہےحالانکہ پہلےکئی بار یہ کوشش ناکام ہو چکی تھی۔
ابو اسامہ 1972ء میں کویت میں پیدا ہوئے۔ مجاہد، مقاوم، جانباز، قائد، انجینئر اور مغربی کنارےمیں کمانڈر۔ عربی، کورین، عبرانی، انگلش کا ماہر، بم سازی میں طاق۔ جنوبی کوریا سے اعلیٰ تعلیم حاصل کی اور وہیں کورین لڑکی سے شادی بھی۔ اہلیہ کو لے کر واپس آئے اور اپنے کاروبار میں لگ گئے لیکن ان کا کزن بلال برغو ثی جانباز تھا۔ اس سے متاثر ہو کر تحریک مزاحمت کاحصہ بنے اور پھر مرکزی کمانڈر بن گئے۔ (بلال کو 16 بار عمر قید کی سزا سنائی جا چکی ہے) غالب تاریخ کی سب سے سخت اور طویل سزا 67 بار عمر قید کاٹ رہے ہیں۔ اس کے ساتھ 5200سال کی اضافی سزابھی دی جاچکی۔ مجموعی طور پر 6808سال قید کی سزا، یہ سزائیں انہیں مہلک ترین کارروائیوں کا ذمہ دار ہونے کی وجہ سے دی گئی ہیں۔ انہیں دھماکہ خیز کارروائیوں کی قیادت کے حوالے سے انجینئر یحییٰ عیاش کا جانشین سمجھاجاتا ہے۔ ان کا تعلق فلسطین کے گائوں بیت ریما سے ہے۔ صرف تل ابیب کے قریب ’’ریشون لتسیون‘‘ کے ایک نائٹ کلب کی کارروائی میں 35دجالیوں کو جہنم رسید اور 370کو زخمی کیاتھا۔ ایک سال میں 67 صہیونیوں کو ہلاک اور 500 سے زائد کو زخمی کیا۔ ان کی زندگی ایک پوری کتاب کا موضوع ہے۔ اب جانباز اپنے اس عظیم کمانڈر کو رہا کرا رہے ہیں تو یہ ان کی بڑی کامیابی ہے۔ اس کے علاوہ کئی ایسے ہیروز بھی رہا ہو رہے ہیں۔ ہر ایک پر الگ لکھیں گے۔ ان شااللہ۔ اب بتائیے کہ قابض ریاست نے کیسا کڑوا گھونٹ پی کر ایسے افراد کی رہائی کی شرط تسلیم کی ہوگی۔ لوگ پھر بھی کہتے ہیں کہ حماس نے گھاٹے کا سوداکیا ہے۔
ذریعہ: Daily Ausaf
کلیدی لفظ: امن معاہدے اللہ پاک رہے ہیں رہا ہے کے بعد
پڑھیں:
سندھ طاس معاہدے کی معطلی اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی
بھارت کی جانب سے 1960 کے سندھ طاس معاہدے کو ‘فوری طور پر معطل’ کرنے کا اعلان جنوبی ایشیا کی سیاست میں ایک سنگین موڑ اور بین الاقوامی قانون کے مسلمہ اصولوں سے انحراف کا مظہر ہے۔
24 اپریل 2025 کو بھارت کی وزارت جل شکتی کی جانب سے پاکستان کو بھیجے گئے خط میں آبادی میں ہونے والی تبدیلیوں، صاف توانائی کی ضروریات اور سرحد پار دہشتگردی جیسے عوامل کا حوالہ دے کر اس فیصلے کو جواز بخشنے کی کوشش کی گئی۔ لیکن قانونی نقطۂ نظر سے دیکھا جائے تو یہ اقدام ایک ایسے معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل کرنے کی کوشش ہے جو نہ صرف 2 ممالک کے درمیان دہائیوں سے جاری تعاون کی علامت ہے بلکہ بین الاقوامی قانون کی مضبوط روایت کا بھی حصہ ہے۔
سندھ طاس معاہدہ، جو عالمی بینک کی ثالثی میں 1960 میں طے پایا، ایک تفصیلی اور مؤثر نظام فراہم کرتا ہے جس کے تحت دریاؤں کے پانی کی تقسیم، مشترکہ معائنے، معلومات کے تبادلے اور تنازعات کے حل کے طریقہ کار طے کیے گئے تھے۔ اہم بات یہ ہے کہ معاہدے میں کہیں بھی کسی فریق کو یہ اختیار نہیں دیا گیا کہ وہ اسے یکطرفہ طور پر معطل کرسکے۔ بھارت کی طرف سے معاہدے کے آرٹیکل XII(3) کا حوالہ کسی طور پر درست نہیں ہے کہ اس کی رو سے معاہدے میں ترامیم باہمی رضامندی سے کی جاسکتی ہیں۔ کسی ایک فریق کی طرف سے اسے یکطرفہ معطل کرنے کا قطعی طو پر کہیں ذکر نہیں ہے۔
بھارت کے اس اقدام کے پیچھے بین الاقوامی قانون میں موجود اصول rebus sic stantibus یعنی ‘حالات میں بنیادی تبدیلی کی بنیاد پر معاہدے کی منسوخی یا معطلی’ کا حوالہ ممکنہ طور پر دیا جاسکتا ہے۔
بین الاقوامی قانون کے عمومی اصول، جیسا کہ ویانا کنونشن 1969 میں واضح کیے گئے ہیں، اس اصول کو نہایت محدود حالات میں قابل اطلاق قرار دیتے ہیں۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ حالات میں آنے والی تبدیلی غیر متوقع ہو اور وہ معاہدے کی اصل نوعیت اور ذمہ داری کو بنیادی طور پر بدل دے۔ بھارت کی طرف سے پیش کیے گئے دلائل جیسے آبادی، توانائی کی ضروریات یا سیکیورٹی خدشات، نہ تو غیر متوقع ہیں اور نہ ہی اس سطح کی بنیادی تبدیلی ہیں جو معاہدے کی سرے سے غیر مؤثر بنا دیتی ہو۔
یہ بات بھی اہم ہے کہ اگرچہ سندھ طاس معاہدہ ویانا کنونشن سے پہلے کا ہے، لیکن ویانا کنونشن میں موجود اصول جیسے کہ pacta sunt servanda یعنی ‘معاہدے کی پابندی کی جاتی ہے’ اور معاہدے کی یکطرفہ معطلی کے خلاف ضابطے بین الاقوامی عرفی قانون (customary international law) کا درجہ رکھتے ہیں۔ اس لیے ان اصولوں کا اطلاق بھارت اور پاکستان دونوں پر ہوتا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ بھارت کی اپنی عدلیہ بھی بین الاقوامی معاہدوں کی تشریح کے لیے ویانا کنونشن کے اصولوں کو قابل قبول مان چکی ہے، جو اس بات کی غمازی کرتی ہے کہ بھارت خود بھی ان اصولوں کو قانونی رہنمائی کے لیے تسلیم کرتا آیا ہے۔
بھارت کی جانب سے پاکستان پر دہشتگردی کی پشت پناہی کا الزام اگرچہ سیاسی طور پر سنگین ہے مگر قانونی طور پر یہ سندھ طاس معاہدے کی معطلی کا کوئی جواز فراہم نہیں کرتا۔ ہندوستان نے ان الزامات کے لیے کوئی قابل اعتبار شواہد فراہم نہیں کیے اور اس بنیاد پر معاہدے کو معطل کرنے میں غیر معمولی عجلت کا مظاہرہ کیا ہے۔ گویا کہ یہ فیصلہ پہلے سے مطلوب تھا اور اب صرف ایک بہانہ درکار تھا۔
اگر پاکستان نے واقعی کسی خلاف ورزی کا ارتکاب کیا ہوتا تو بین الاقوامی قانون کی رو سے بھارت کو چاہیے تھا کہ وہ معاہدے میں موجود باقاعدہ طریقہ کار یعنی مشترکہ کمیشن، غیر جانبدار ماہرین اور ثالثی کے فورم وغیرہ کے ذریعے مسئلہ حل کرنے کی کوشش کرتا، لیکن بھارت نے ان تمام قانونی ذرائع کو نظرانداز کیا۔
قانونی ماہرین نے دنیا میں دیگر تنازعات، جیسے کہ روس کی جانب سے امریکا کے ساتھ نیو اسٹارٹ معاہدے کی معطلی کے تناظر میں متنبہ کیا ہے کہ کسی معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل کرنا، جب تک کہ اس کی اجازت معاہدے میں نہ دی گئی ہو یا کوئی سنگین خلاف ورزی ثابت نہ ہو، بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی ہے۔ سیکیورٹی خدشات خواہ کتنے ہی شدید ہوں، وہ معاہدہ معطل کرنے کا خودکار قانونی اختیار پیدا نہیں کرتے۔ یہی اصول یہاں بھی لاگو ہوتا ہے۔
بھارت کا یہ اقدام محض ایک سفارتی یا تزویراتی چال نہیں بلکہ ایک ایسے قانونی نظام کے لیے خطرہ ہے جو دہائیوں سے جنوبی ایشیا میں آبی تنازعات کو منظم کرنے میں کامیاب رہا ہے۔ اگر ایک فریق محض اپنی مرضی سے کسی معاہدے کو معطل کردے تو یہ نہ صرف اس معاہدے کی ساکھ کو مجروح کرتا ہے بلکہ بین الاقوامی قانون کے سارے ڈھانچے کو ہلا کر رکھ دیتا ہے۔ اس عمل سے دوسرے معاہدے بھی غیر محفوظ ہوجائیں گے اور عالمی سطح پر معاہدوں کا احترام کمزور پڑ جائے گا۔
سندھ طاس معاہدہ اپنی تمام تر خامیوں کے باوجود خطے کے امن اور تعاون کا ستون رہا ہے۔ بھارت کی جانب سے اسے بلاجواز اور غیر قانونی طور پر معطل کرنا نہ صرف دو طرفہ اعتماد کو مجروح کرتا ہے بلکہ اس اصول پر بھی سوال اٹھاتا ہے کہ کیا بین الاقوامی معاہدے اب بھی واقعی قابل بھروسہ ہیں؟ اس معاہدے کو ‘معطل’ کرکے بھارت نے شاید صرف دریا کا بہاؤ نہیں روکا بلکہ قانون کی روانی کو بھی روک دیا ہے۔
ادارے کا کالم نگار کی رائے کے ساتھ متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
ڈائریکٹر اسکول آف لاء قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد