منشیات اسمگلنگ میں پھنسا خاندان بے گناہ کیسے ثابت ہوا؟ تفتیش میں حیران کن انکشاف
اشاعت کی تاریخ: 3rd, February 2025 GMT
ایئرپورٹ پر بیگ کا ٹیگ تبدیل کرکے بے گناہ خاندان کو پھنسانے والے انٹرنیشنل ڈرگ گینگ کے 9 ملزمان کو گرفتارکرلیا گیا جب کہ معاملے کی تفتیش کے دوران اہم تفصیلات سامنے آگئیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق دسمبر میں ایک پاکستانی خاندان کے 5 افراد کو سعودی عرب میں منشیات اسمگلنگ کے الزام میں گرفتار کر کے جیل بھیج دیا گیا۔
گزشتہ روز وزارت داخلہ کی جانب جاری بیان میں بتایا گیا کہ اس ’بے گناہ‘ خاندان کو لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ’پھنسایا‘ گیا جہاں اُن کے ایک بیگ کا ٹیگ تبدیل کر دیا گیا تھا۔
وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ اینٹی نارکوٹکس فورس کی کاوشوں سے خاندان کے 5 افراد پاکستان واپس آ گئے جبکہ اس خاندان کو پھنسانے والے انٹرنیشنل ڈرگ گینگ کے 9 ملزمان گرفتار کر لیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ایئرپورٹ پر بیگ ٹیگ تبدیل کرکے بے گناہ خاندان کو پھنسانے والےعالمی منشیات گینگ کے 9 ملزم گرفتار
اس کیس کی تحقیقات سے منسلک اے این ایف کے ایک افسر کا کہنا تھا کہ اس واقعے کے بارے میں سعودی حکام نے بھی باضابطہ طور پر پاکستان کو مطلع کر دیا تھا، ’یہ واقعہ بڑا عجیب تھا۔ ٹیگ تبدیل کرنا خوفناک تھا۔ اس سے کچھ بھی ہو سکتا تھا۔
تفتیشی ٹیم کے ممبر کے مطابق بظاہر یہی لگتا ہے کہ یہ سارا منصوبہ سوچا سمجھا تھا۔ ’مذکورہ خاندان بزرگ اور شریف لوگوں پر مشتمل تھا۔ سوچا گیا ہوگا کہ اس خاندان کے سامان کی زیادہ تلاشی نہیں ہو گی۔‘
مگر توقعات کے برعکس یہ خاندان جدہ ایئرپورٹ پر اپنا بیگ، جس پر کوئی ٹیگ نہیں تھا، لے کر چلا گیا جبکہ اس نے وہ بیگ نظر انداز کر دیا جس پر اس کا ٹیگ تبدیل کر کے لگایا گیا تھا۔
’ممکنہ طور پر باقی بیگز پر ٹیگ موجود تھے۔ ایک ہی خاندان تھا، اس لیے ایک بیگ پر ٹیگ کی عدم موجودگی پر کسی نے توجہ نہیں دی اور یہ جدہ ایئر پورٹ چھوڑ کر چلے گئے۔‘
تفتیشی ٹیم کے ممبر نے بتایا کہ تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ ’ایئرپورٹ پر ایک کیریئر نے اس خاندان پر نظر رکھی ہوئی تھی کہ وہ ٹیگ والا بیگ لے کر چلے جائیں گے تو یہ ایئر پورٹ سے باہر یا اُن کے ہوٹل میں جا کر ان سے بیگ لے لیں گے۔ مگر جب خاندان نے بیگ کو نظر انداز کر دیا تو اب کیریئر کے لیے وہ بیگ ایئر پورٹ سے باہر لے جانا ممکن نہیں رہا تھا۔‘
وہ کہتے ہیں کہ بظاہر جو لوگ اس منصوبے میں ملوث تھے انھیں خطرہ نظر آیا اسی لیے انھوں نے بیگ ایئرپورٹ پر رہنے دیا۔ جب اس لاوارث بیگ کی تلاشی لی گئی تو اس میں منشیات برآمد ہوئیں۔
یوں اس بیگ پر ٹیگ دیکھ کر خاندان کو ہوٹل سے گرفتار کیا گیا تھا۔
گزشتہ روز وفاقی وزیرداخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی نے منشیات کیس سے رہائی پانے والے بے گناہ خاندان سے ان کی رہائش گاہ پر جاکر ملاقات کی، ڈی جی اینٹی نارکوٹکس فورس میجر جنرل عبدالمعید بھی ہمراہ تھے۔
وزیر داخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی نے متاثرہ خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور رہائی و وطن واپسی پر مبارکباد دی اور کہا کہ آپ کو جو تکلیف اٹھانا پڑی وہ الفاظ میں بیان نہیں کی جا سکتی۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اے این ایف نے دن رات محنت کر کے انٹرنیشنل گینگ کا سراغ لگایا اور اصل ملزمان کو گرفتار کیا، سعودی عرب کی حکومت نے بھی بہت تعاون کیا ۔ سعودی حکومت کا خصوصا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
محسن نقوی نے بے گناہ خاندان کی رہائی کے لیے فوری اقدامات پر ڈی جی اے این ایف میجر جنرل عبدالمعید اور ان کی پوری ٹیم کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ اے این ایف کی ٹیم کو خصوصی ایوارڈز دیں گے، اے این ایف کی ٹیم نے اللہ تعالٰی کو راضی کیا ہے۔
اے این ایف کے ریجنل ڈائریکٹر بریگیڈئر سکندر حیات۔ ڈائریکٹر انفورسمنٹ بریگیڈئر عمران ۔ ڈائریکٹر انٹیلیجنس کرنل کامران اور اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: بے گناہ خاندان ٹیگ تبدیل کر ایئرپورٹ پر اے این ایف خاندان کو محسن نقوی کر دیا
پڑھیں:
10 لاکھ تک بِلا سود قرضہ کیسے حاصل کریں؟ درخواست دینے کا طریقہ جانیے
حکومت نے شہریوں کو اپنے گھروں کی مرمت، بہتری اور توسیع کے لیے مالی معاونت فراہم کرنے کے مقصد سے "اپنی چھت، محفوظ چھت" پروگرام 2026 شروع کر دیا ہے، جس کے تحت اہل افراد کو 5 سے 10 لاکھ روپے تک بلاسود قرضے فراہم کیے جائیں گے۔حکومتی منصوبے کے تحت قرضوں کی فراہمی دو مختلف کیٹیگریز میں کی جائے گی۔ پہلی کیٹیگری میں وہ شہری شامل ہوں گے جو اپنے موجودہ گھروں کی چھتوں کی مرمت یا بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانا چاہتے ہیں۔ انہیں 5 لاکھ روپے تک بلاسود قرض دیا جائے گا، جس کی واپسی 9 سال کے عرصے میں ماہانہ تقریباً 4 ہزار 700 روپے کی اقساط کی صورت میں کرنا ہوگی۔ دوسری کیٹیگری ان افراد کے لیے ہے جو اپنے گھروں کی توسیع، مثلاً دوسری منزل کی تعمیر، کرنا چاہتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے 10 لاکھ روپے تک بلاسود قرض فراہم کیا جائے گا، جس کی واپسی بھی 9 سال میں ماہانہ تقریباً 9 ہزار 300 روپے کی اقساط کے ذریعے کی جائے گی۔ آن لائن درخواست دینے کا طریقہ خواہش مند شہری "اپنی چھت، محفوظ چھت" لون اسکیم کے لیے آن لائن درخواست پنجاب حکومت کے متعلقہ پورٹل acag.punjab.gov.pk کے ذریعے جمع کرا سکتے ہیں۔ درخواست گزاروں کو رجسٹریشن کے لیے اپنی ضروری دستاویزات فراہم کرنا ہوں گی۔ وہ شہری جو آن لائن درخواست دینے کی سہولت استعمال نہیں کر سکتے، وہ اپنی درخواستیں ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنر یا پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی کے دفاتر میں جمع کرا سکتے ہیں۔