کینیڈا: سوشل میڈیا پر غلط معلومات روکنے کیلئے آگاہی مہم شروع
اشاعت کی تاریخ: 4th, February 2025 GMT
کینیڈا کی سپریم کورٹ نے 150 سال مکمل ہونے پر عوامی اعتماد بڑھانے اور سوشل میڈیا کے ذریعے غلط معلومات کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ملک بھر میں آگاہی مہم کا آغاز کر دیا۔
چیف جسٹس رچرڈ ویگنر نے وکٹوریا میں ایک تقریب کے دوران کہا ہے کہ سوشل میڈیا کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کے باعث عوام تک درست قانونی معلومات پہنچانا پہلے سے زیادہ ضروری ہو گیا ہے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ عدلیہ کی شفافیت اور غیر جانبداری کو برقرار رکھنے کے لیے سپریم کورٹ اپنی کارروائیاں عوام کے سامنے لاتی ہے اور اپنے فیصلوں کو سادہ زبان میں شائع کرتی ہے۔
چیف جسٹس رچرڈ ویگنر نے یہ بھی کہا ہے کہ جمہوریت میں عوامی اعتماد بہت ضروری ہے جو شفافیت سے ہی قائم رکھا جا سکتا ہے۔
.ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
سپریم کورٹ؛ خانپور ڈیم آلودہ پانی فراہمی کیس میں ایڈووکیٹ جنرل کے پی کو نوٹس جاری
اسلام آباد(نیوز ڈیسک)سپریم کورٹ نے خانپور ڈیم آلودہ پانی فراہمی کیس میں ایڈووکیٹ جنرل کے پی کو نوٹس جاری کردیا۔
آلودہ پانی کی فراہمی کے خلاف ازخود نوٹس کیس کی سماعت سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے کی، جس میں واپڈا کے وکیل احسن رضا نے مؤقف اختیار کیا کہ خانپور ڈیم پانچ ملین لوگوں کو پانی کی فراہمی کا واحد ذریعہ ہے۔ ایگزیکٹو ضلعی انتظامیہ سہولت کاری فراہم کر رہی ہے، جہاں پہلے 20 کشتیاں چلتی تھیں، اب 326 کشتیاں ڈیم میں چل رہی ہیں۔
جسٹس جمال خان مندوخیل نے ریمارکس دیے کہ پی ایچ اے ڈیپارٹمنٹ بھی تو ہے، وہ اس حوالے سے کوئی اصول طے کر لے۔ جسٹس شکیل احمد نے کہا کہ ڈیم کی انتظامیہ کہہ سکتی ہے کہ یہاں موٹر بوٹس چلانا منع ہے۔
وکیل نے بتایا کہ یہ لوگ بوٹنگ پر پیسے کما رہے ہیں، 6 ریزروٹس بھی بنا لیے ہیں۔
جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ آپ کی اجازت کے بغیر وہ کیسے کشتیاں چلا سکتے ہیں؟۔ جسٹس جمال خان مندوخیل نے کہا کہ بوٹنگ رکوانے کے لیے آپ کا کیا کردار ہے؟، جس پر وکیل نے بتایا کہ ہم نے مجسٹریٹ کے سامنے بھی درخواست دائر کی تھی۔ خانپور تحصیل بننے کے بعد حالات مزید خراب ہوئے ہیں۔
جسٹس امین الدین خان نے کہا کہ آپ کہتے ہیں کشتیوں سے آلودگی پھیل رہی ہے،تو اس کا متبادل کوئی راستہ ہے تو بتائیں، جس پر وکیل نے جواب دیا کہ جی متبادل راستہ ہے کہ الیکٹرک کشتیاں بھی ہیں، جس سے آلودگی نہیں پھیلے گی۔
بعد ازاں عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔