کراچی:کے فور منصوبے کے راستے میں آنیوالی زمین پر حکم امتناع واپس
اشاعت کی تاریخ: 6th, February 2025 GMT
کراچی:سندھ ہائیکورٹ نے کراچی کے اہم ترین پانی فراہمی کے منصوبے کے فور کی راہ میں حائل زمین کے تنازع پر حکم امتناع ختم کرتے ہوئے تعمیراتی کام جاری رکھنے کی اجازت دے دی۔
عدالت میں کیس کی سماعت کے دوران بیرسٹر ولید خانزادہ نے مؤقف اختیار کیا کہ حکم امتناع کے باعث یہ اہم منصوبہ تاخیر کا شکار ہو رہا ہے۔ دوسری جانب درخواست گزار کی وکیل فریدہ منگریو نے مطالبہ کیا کہ حکومت زمین کے حصول میں قانونی تقاضے پورے کرے۔
عدالت کو بتایا گیا کہ دیہہ اللہ پیمائی تعلقہ شاہ مرید میں4 ایکڑ زمین کے حوالے سے تنازع موجود ہے جب کہ درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ پروجیکٹ میں تاخیر کا الزام بے بنیاد ہے کیونکہ حکومتی پالیسی خود غیر واضح رہی ہے، کبھی فنڈز کی کمی کا جواز دیا گیا اور کبھی منصوبہ واپڈا کے سپرد کر دیا گیا۔
جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے ریمارکس دیے کہ عوامی مفاد کے منصوبے کو معمولی زمین کے تنازع پر نہیں روکا جا سکتا۔ عدالت نے مولا بخش سمیت دیگر درخواست گزاروں کی اپیلیں مسترد کرتے ہوئے کے فور منصوبے پر فوری کام کی اجازت دے دی۔
.ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: زمین کے
پڑھیں:
بانی پی ٹی آئی اور جیل میں ملاقاتیں کرنے والے رہنماؤں کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر
اسلام آباد:اڈیالہ جیل کے سپریڈنٹ نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرنے والے سلمان اکرم راجہ، بیرسٹر گوہر، انتظار پنجوتھہ کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کردی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق جیل سپریڈنٹ نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں توہین عدالت کی درخواست میں لکھا کہ ایس او پیز کے مطابق ملاقاتوں کے حوالے سے جیل حکام کو باقاعدہ آگاہ نہیں کیا گیا جبکہ مختلف سیاسی لوگوں نے جیل حکام پر غیر ضروری پریشر ڈالا کہ ان کی بانی سے ملاقات کروائی جائے۔
درخواست میں لکھا گیا ہے کہ سیاسی جماعت اپنی اندرونی گروپنگ کی وجہ سے ڈسپلن قائم کرنے میں ناکام رہی ہے، سلمان اکرم راجہ اور دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد ایس او پیز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کی۔
درخواست میں لکھا گیا ہے کہ عدالت نے ملاقاتوں کے تمام کیسز اسی بنچ کو سننے کی ابزرویشن دی تھی ، عدالتی حکم کے باوجود اے ٹی سی پنڈی میں بانی سے ملاقات کی درخواست دائر ہوئی، کسی اور عدالت میں درخواست دائر کرنا حکم عدولی ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی پہلے انڈر ٹرائل تھے مگر اب سزا یافتہ قیدی ہیں، جیل کے قواعد (پاکستان پرائزن رولز 1978) کے رول 265 کے مطابق ملاقات کے وقت سیاسی گفتگو ممنوع ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت سزا یافتہ قیدی ہونے کی وجہ سے ملاقاتوں کے ایس او پیز میں ترمیم کرے اور بانی پی ٹی آئی ، سلمان اکرم راجہ ، بیرسٹر گوہر اور انتظار پنجھوتہ کے خلاف توہین عدالت کی کاروائی کی جائے۔