حادثات کیلئے حکومت سمیت ہم سب قصور وار ہیں: شرجیل میمن
اشاعت کی تاریخ: 14th, February 2025 GMT
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کراچی میں آئے روز رونما ہونے والے حادثات کے لیے حکومت سمیت ہم سب قصور وار ہیں۔
نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا ہے کہ حادثات کے لیے کسی ایک شخص یا ادارے کو قصور وار ٹھہرانا درست نہیں۔
وزیرِ اطلاعات سندھ نے کہا، جو لوگ غلط انداز میں گاڑیاں چلاتے ہیں ان کا بھی قصور ہے، جو بے احتیاطی کرتے ہیں ان کا بھی قصور ہے، جو لوگ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہیں وہ بھی قصور وار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گاڑیوں کی فٹنس سے متعلق احکامات نئے نہیں ہیں، ٹرانسپورٹ کے محکمے میں ایک وقت نہ ہونے کے برابر افسران تھے، اس محکمے کو آؤٹ سورس کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔
رہنما پیپلز پارٹی نے گفتگو میں کہا کہ گاڑیوں کی فٹنس کے چارجز پوری دنیا میں کنزیومرز کو ہی ادا کرنے ہوتے ہیں، ذاتی طور پر گاڑیوں کی چارجڈ پارکنگ کے خلاف نہیں، لیکن پارکنگ کے ٹھیکے دے دیے جاتے ہیں، اس سے متعلق نیا مکینزم بنائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تعمیراتی کاموں میں حکومت کی طرف سے کوئی تاخیر نہیں، اگر کسی جگہ پر تعمیراتی کام میں تاخیر ہے تو اس کی وجوہات بتا سکتا ہوں۔
شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ لوگ ٹریفک لائٹس کی خلاف ورزی کرتے ہیں، بائیکس پر ہیلمٹس کا استعمال نہیں کیا جاتا، سائیڈ مِرر نہیں ہوتے، موٹر سائیکل سواروں کے لیے جب سرکار سختی کرتی ہے تو لوگ پہنتے ہیں۔
.ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
الیکٹرک گاڑیوں،موٹر سائیکلوں کے فروغ کیلئے سکیم متعارف کر انے کا فیصلہ
وفاقی حکومت نے درآمدی بل میں کمی اور ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ماحول دوست الیکٹرک گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے فروغ کے لئے اسکیم متعارف کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔
حکومت نے ای بائیک اسکیم کا مسودہ تیار کرلیا جب کہ وزیراعظم شہباز شریف 14 اگست کو الیکٹرک بائیکس اسکیم کا افتتاح کریں گے۔
نجی ٹی وی کے مطابق ای بائیکس پر سبسڈی کیلئے حکومت نے موجودہ بجٹ میں 9 ارب روپے مختص کر رکھے ہیں۔
الیکٹرک موٹرسائیکل کیلئے آن لائن رجسٹریشن ہوگی، مقررہ حد سے زیادہ درخواستوں کی صورت میں قرعہ اندازی کی جائے گی۔
حکومت الیکٹرک بائیکس پر 65 ہزار روپے سبسڈی دے گی جبکہ باقی رقم بینک بلاسود فراہم کریں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ الیکٹرک وہیکلزپالیسی کے تحت 2030 تک ملک میں ای بائیکس کی تعداد کم از کم 20 لاکھ تک پہنچائی جائیگی, 53 ہزار950 ای رکشے،99 ہزار 155 کاریں ، دو ہزار دو سو38 بسیں اور دو ہزار نو سو چھیانوے ٹرک بھی دستیاب ہوں گے۔
اگلے پانچ سال میں مجموعی طور پر 22 لاکھ 13 ہزار 115 ای وہیکلز کا ہدف مقرر کیا گیا پہلے مرحلے میں ملک بھر میں 40 فاسٹ چارجنگ اسٹیشنز قائم ہوں گے، اسلام آباد کو الیکٹرک گاڑیوں کے حوالے سے ماڈل سٹی بنانے کا پلان ہے۔
وفاقی دارالحکومت کے تمام پیٹرول پمپوں پر چارجنگ پوائنٹس دستیاب ہوں گے۔
Post Views: 1