گورونانک کا 556 واں جنم دن، 2100 بھارتی سکھ یاتری پاکستان پہنچ گئے
اشاعت کی تاریخ: 5th, November 2025 GMT
لاہور، ننکانہ صاحب (خصوصی نامہ نگار، نامہ نگار) بابا گورو نانک دیو جی کے 556ویں جنم دن کے موقع پر تقریباً 2100 بھارتی سکھ یاتری پاکستان پہنچ گئے۔ واہگہ بارڈر پر ان کا شاندار استقبال کیا گیا، جہاں پردھان پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی سردار رمیش سنگھ اروڑہ، چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ ڈاکٹر ساجد محمود چوہان اور ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز ناصر مشتاق نے مہمانوں کو گلدستے پیش کیے اور گرمجوشی سے خوش آمدید کہا۔ واہگہ بارڈر پر اکال تخت کے جتھہ دار کلدیپ سنگھ گرگاج نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ پاکستان میں ہمیشہ عزت و احترام سے نوازا جاتا ہے، پاکستان میں ہمارے گورو دوارے محفوظ اور اصل حالت میں موجود ہیں جس کے لیے وہ حکومت پاکستان، متروکہ وقف املاک بورڈ اور سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے شکرگزار ہیں۔ دہلی گوردوارہ مینجمنٹ کمیٹی کے جتھہ لیڈر رویندر سنگھ اور شرومنی گوردوارہ پربندھک کمیٹی نے بھی ویزے جاری کرنے پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ پاکستان ہمارے گورو کی دھرتی ہے اور ہمیں اس سے بہت پیار ہے۔ پردھان پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی و صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ یاتریوں کا پرجوش استقبال دنیا کے سامنے پاکستان کا اقلیتوں کے احترام کا مثبت چہرہ پیش کرتا ہے۔ ایڈیشنل سیکرٹری شرائن ناصر مشتاق نے کہا کہ مہمانوں کے لیے فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ سکھ یاتریوں نے واہگہ بارڈر پر کرنسی تبدیل کروائیں، یاتریوں کو بسوں کے ٹکٹ فراہم کیے گئے، متروکہ وقف املاک بورڈ کی ٹیموں نے کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ فراہم کیے، یاتریوں کو بہترین لنگر فراہم کیا گیا اور رہائش کے لیے کمرے الاٹ کیے گئے اور ننکانہ روانہ کر دیا گیا۔ بابا گورو نانک جنم دن کی مرکزی تقریب آج 5 نومبر گورو دوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں منعقد ہوگی۔ جس میں وفاقی و صوبائی وزراء مہمان خصوصی ہوں گے جبکہ مذہبی و اقلیتی رہنما شرکت کریں گے۔ دنیا بھر سے آئے سکھ یاتری اپنی مذہبی رسومات ادا کریں گے۔ بعد ازاں پالکی کا خصوصی جلوس بھی نکالا جائے گا جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا اختتام پذیر ہو گا۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
بابا گورونانک کے جنم دن کی تقریبات کا آغاز، سکھ یاتریوں کی آمد کا سلسلہ جاری
ننکانہ صاحب میں سکھوں کے روحانی پیشوا بابا گورونانک کے جنم دن کا پہلا روز منایا گیا۔ اندرون و بیرون ممالک سے سکھ یاتریوں کی ننکانہ صاحب آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سکھ یاتریوں کا والہانہ استقبال کیا گیا، اور وہ اپنی مذہبی رسومات ادا کرنے میں مصروف ہیں۔
بھارت سے 2 ہزار سے زیادہ سکھ یاتری کل ننکانہ صاحب پہنچیں گے۔ آج ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ اور ڈی پی او فراز احمد نے گوردوارہ تنمبو صاحب کا دورہ کیا اور وہاں کے اندر اور اطراف میں سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔
مزید پڑھیں: بابا گورونانک کا 556ویں جنم دن، ننکانہ صاحب کے تعلیمی اداروں میں 3 روزہ تعطیل
انہوں نے میڈیکل کیمپ، ریسکیو کیمپ سمیت دیگر انتظامات کو بھی چیک کیا اور سکھ یاتریوں کی گاڑیوں کے لیے مختص پارکنگ کا معائنہ کیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر ننکانہ صاحب میں ساتوں گوردوارہ جات کو دلہن کی طرح سجایا گیا ہے۔
مریم نواز شریف کے احکامات پر ضلع کے داخلی و خارجی راستوں پر خصوصی لائٹنگ کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔ سکھ یاتریوں کے لیے لنگر، رہائش، علاج معالجے اور صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر ننکانہ نے کہاکہ پاکستانی قوم سکھوں سے بے پناہ محبت کرتی ہے اور یہ ملک سکھ قوم کا دوسرا گھر ہے، اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے۔
مزید پڑھیں: سیلاب سے متاثرہ دربار صاحب کرتار پور کو صفائی کے بعد سکھ یاتریوں کے لیے کھول دیا گیا
اس موقع پر ڈی پی او فراز احمد نے کہا کہ سکھ یاتری پاکستان سے اچھی یادیں لے کر جائیں گے۔
ترجمان ضلعی انتظامیہ ننکانہ صاحب نے بتایا کہ ننکانہ صاحب میں بابا گورونانک کے جنم دن کی تقریبات 6 نومبر تک جاری رہیں گی۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
wenews بابا گورو نانک جنم دن تقریبات روحانی پیشوا سکھ یاتری وی نیوز