شیخ رشید کو عدالتی احکامات کے باوجود اسلام آباد ایئرپورٹ پر عمرہ روانگی سے روک دیا گیا
اشاعت کی تاریخ: 5th, November 2025 GMT
راولپنڈی:
سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کو عمرہ ادائیگی کے لیے روانگی کے وقت نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر روک دیا گیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق شیخ رشید عدالت سے اجازت ملنے کے بعد عمرے کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب جا رہے تھے، تاہم امیگریشن حکام نے انہیں ہائی کورٹ کے احکامات کے باوجود سفر کی اجازت نہیں دی۔
شیخ رشید احمد نے ایئرپورٹ ہی سے اپنے وکیل اور دیگر ساتھیوں کے ساتھ ایک ویڈیو بیان جاری کیا جس میں انہوں نے بتایا کہ لاہور ہائی کورٹ نے واضح طور پر انہیں عمرے کے لیے جانے کی اجازت دی تھی اور عدالتی احکامات کی کاپی متعلقہ اداروں کو بھی پہنچا دی گئی تھی، حتیٰ کہ عدالت نے یہ بھی ہدایت دی تھی کہ ان کے سفر میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ کی جائے۔
شیخ رشید کے مطابق جب وہ عمرہ کی ادائیگی کے لیے ایئرپورٹ پہنچے تو انہیں بتایا گیا کہ وہ بیرون ملک نہیں جا سکتے۔ انہوں نے کہا کہ امیگریشن حکام نے عدالت کے حکم کے باوجود انکار کر دیا اور عابد اور توقیر نامی افسران نے انہیں جانے کی اجازت نہیں دی۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ عدالت کے واضح احکامات نہ ماننا توہینِ عدالت ہے اور وہ اس معاملے پر دوبارہ عدالت سے رجوع کریں گے۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ جس ملک میں ہائی کورٹ کا آرڈر نہ مانا جائے، پھر اللہ ہی مدد فرمائے گا۔ انشاءاللہ، اللہ ہی عمرہ کرائے گا اور انہیں اپنے فیصلے پر شرمندہ ہونا ہوگا۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: کے لیے
پڑھیں:
کراچی چڑیا گھر میں اذیت ناک زندگی گزارنے والی رانو اسلام آباد کیلئے روانہ
کراچی:کراچی چڑیا گھر میں اذیت ناک زندگی گزارنے والی رانو کو اسلام آباد روانہ کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق رانو کو صبح 7 بجے کراچی چڑیا گھر سے روانہ کیا گیا، جہاں کمیٹی نے اس کی تربیت، ردعمل اور جسمانی و ذہنی صحت کا تفصیلی جائزہ لیا۔
منتقلی کے دوران کمیٹی کی رکن اور معروف فلم میکر ماہرہ عمر، اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ اور کراچی زو کی ٹیم موجود ہے جو رانو کی منتقلی کے تمام لمحات کو ریکارڈ کر رہی ہے۔
رانو کو فیصل ایئر بیس منتقل کردیا گیا ہے جہاں سے پاک فضائیہ کے مال بردار طیارے سی ون تھرٹی کے ذریعے اسے اسلام آباد لے جایا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق چند گھنٹوں میں رانو کی اسلام آباد منتقلی مکمل ہونے کی توقع ہے، اسلام آباد کے بعد رانو کا اگلا پڑاؤ گلگت بلتستان ہوگا۔
یاد رہے کہ سندھ ہائیکورٹ نے 14 اکتوبر کو کراچی زو میں مادہ ریچھ رانو کے لئے ناکافی انتظامات سے متعلق درخواست کی سماعت کے دوران زو انتظامیہ کو رانو کو اسلام آباد وائلڈ لائف منیجمنٹ بورڈ کے حوالے کرنے کا حکم دیا تھا۔
درخواستگزار کے وکیل نے عدالت میں بتایا تھا کہ رانو کو سات برس سے ایک جگہ قید رکھا ہوا ہے۔ رانو کے سر میں کیڑے پڑ چکے ہیں، رانو پنجرے پر اپنا سر مارتی ہے تو وہ اسٹریس میں ہوتا ہے۔
عدالت نے کے ایم سی انتظامیہ پر اظہار برہمی کرتے ہوئے ریمارکس دیے تھے کہ ایسی حالت میں رانو کو کیسے رکھا جاسکتا ہے؟ آپ خود سے اپنے کام کیوں نہیں کرتے؟ ہر کام کے لئے عدالت کے حکم کا انتظار کیوں ہوتا ہے؟ ریچھ کو کہیں اچھی جگہ منتقل کیوں نہیں کرتے؟۔
بعد ازاں عدالت نے کراچی زو انتظامیہ کو 2 روز میں رانو کو اسلام آباد وائلڈ لائف منیجمنٹ بورڈ کے حوالے کرنے کا حکم دیا تھا۔