وزیر خزانہ کی سعودی ہم منصب سے ملاقات، اقتصادی تعاون کے فروغ کے عزم کا اعادہ
اشاعت کی تاریخ: 16th, February 2025 GMT
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ نمائندہ خصوصی) وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق پاکستان کے وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے سعودی وزیر خزانہ محمد بن عبداللہ الجدعان سے ملاقات کی جس میں پاکستان اور سعودی عرب نے مشترکہ مستقبل کے لیے اقتصادی تعلقات کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ یہ ملاقات سعودی عرب کے تاریخی شہر العلاء میں منعقدہ ایمرجنگ مارکیٹس کانفرنس کے موقع پر ہوئی۔ سعودی وزیر خزانہ نے وزیر خزانہ پاکستان کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور دونوں ممالک کے دیرینہ، برادرانہ تعلقات کو اُجاگر کیا۔ ڈاکٹر حمد محمد الشیخ بھی شریک تھے جبکہ پاکستان کی جانب سے وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے شرکت کی۔ فریقین نے دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور مالیاتی شعبے میں تعاون بڑھانے کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا اور اس سٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ دونوں وزرائے خزانہ نے بنیادی ڈھانچے، توانائی، ٹیکنالوجی اور مالیات کے شعبوں میں تعاون کے مواقع کا جائزہ لیا اور سرمایہ کاری کے فروغ اور اقتصادی مواقع کی راہ ہموار کرنے کے لیے مسلسل رابطے اور مشترکہ اقدامات کی اہمیت پر زور دیا۔ قبل ازیں وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب’’العلا کانفرنس فار ایمرجنگ مارکیٹ اکانومیز" میں شرکت کے لیے سعودی عرب پہنچ گئے۔ وزیر خزانہ اپنے سعودی ہم منصب محمد الجدان کی خصوصی دعوت پر آج 16 فروری سے شروع ہونے والی دو روزہ کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ " العلا کانفرنس فار ایمرجنگ مارکیٹ اکانومیز" انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) اور سعودی وزارت خزانہ اشتراک سے منعقد کی جا رہی ہے۔ کانفرنس میں مجموعی طور پر 9 نشستیں ہوں گی جن میں 200 شرکاء اور 36 مقررین شریک ہوں گے، کانفرنس میں 48 ممالک کو مدعو کیا گیا ہے۔ کانفرنس میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی خصوصی شرکت ان پالیسی اقدامات کے تناظر میں ہے جن کی بدولت حالیہ وقتوں میں غیر یقینی اور غیر مستحکم علاقائی اور عالمی ماحول کے باوجود پاکستانی معیشت میں استقلال اور مثبت سازگار تبدیلیاں رونما ہوئیں۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کانفرنس کے دوران "ابھرتی ہوئی پر استقلال منڈیوں کا راستہ" کے موضوع پر ایک اعلیٰ سطحی پینل مباحثے میں شریک ہوں گے، آئی ایم ایف کی ایم ڈی کرسٹالینا جارجیوا پینل مباحثے کی میزبانی کریں گی۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: محمد اورنگزیب کانفرنس میں
پڑھیں:
وزیرِ اعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات
—فائل فوٹووزیرِ اعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی ہے۔
جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق قصر الیمامہ پہنچنے پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کا استقبال کیا۔
وزیرِ اعظم کا سعودی شاہی پروٹوکول کے ساتھ استقبال کیا گیا اور انہیں سعودی مسلح افواج کے دستوں نے گارڈ آف آنر بھی پیش کیا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کے دوران مشرقِ وسطیٰ کی صورتِ حال، مسئلہ فلسطین اور دیگر اہم امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں پاک سعودی تعلقات کو مزید فروغ دینے اور تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، دونوں رہنماؤں نے قطر پر اسرائیلی حملے کی ایک بار پھر مذمت کی۔
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ کے امن کے لیے مسئلہ فلسطین کا حل ناگزیر ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ مسئلہ فلسطین پر دو ٹوک مؤقف اختیار کیا، پاکستان مسئلہ فلسطین پر سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے۔
ملاقات میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وزیرِ دفاع خواجہ آصف، وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک اور معاونِ خصوصی سید طارق فاطمی بھی موجود تھے۔
ملاقات میں پاک سعودی تعلقات کے تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔
اس سے قبل وزیرِ اعظم شہباز شریف سعودی عرب کے دورے پر ریاض پہنچے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف سعودی عرب کے دورے پر ریاض پہنچ گئے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کا طیارہ جب سعودی عرب کی حدود میں داخل ہوا تو سعودی لڑاکا طیاروں نے وزیرِ اعظم کے طیارے کا استقبال کیا۔
اس موقع پر سعودی فضائیہ کے ایف-15 لڑاکا طیاروں نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کے طیارے کو حصار میں لیا۔
وزیرِ اعظم سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر ریاض پہنچے ہیں۔
ایئر پورٹ پر ریاض کے نائب گورنر نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کا استقبال کیا۔
اس موقع پر پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی، پاکستانی سفیر احمد فاروق بھی ایئر پورٹ پر موجود تھے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کی ریاض آمد پر شہر بھر میں سبز ہلالی پرچم لہرائے گئے اور وزیرِ اعظم کو 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔
وزیرِ اعظم کو سعودی افواج کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔