فواد کا شعیب شاہین پر حملہ سنگدلانہ اقدام ہے، PTI سیاسی کمیٹی
اشاعت کی تاریخ: 17th, February 2025 GMT
تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کا کہنا ہے کہ اڈیالہ جیل کے باہر فواد چوہدری کا رہنما پی ٹی آئی شعیب شاہین پر بلا اشتعال حملہ ایک نہایت سنگدلانہ اقدام اور دلیل اور منطق کے مقابلے میں حیوانی جبلّت کا اظہار ہے۔
پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جماعت فواد چوہدری کے نفرت انگیز رویے کی مذمت کرتی ہے، سیاسی کمیٹی شعیب شاہین کی مکمل سپورٹ اور حمایت کا اعادہ کرتی ہے۔
نادیہ خٹک نے کہا کہ شعیب شاہین کی ہڈی نہیں ٹوٹی، زمین پر گرنے سے ہاتھ پر چوٹ آئی ہے۔
فواد چوہدری کی جانب سے طاقت اور مخالف سے اسکور برابر کرنے کیلئے ایسے حربوں کے استعمال کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے، ایسے کئی واقعات ان کے ماضی سے بھی منسوب ہیں۔
ان کی جانب سے سیاسی اختلاف کو نیچا دکھانے کیلئے گالم گلوچ کا آزادانہ استعمال ان میں فحش گوئی و بدکلامی کے پائے جانے والے رجحان کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ فواد چوہدری کسی فورم پر خود کو پی ٹی آئی کے نمائندے کے طور پر پیش کرنے کے مجاز نہیں ہیں۔
واضح رہے کہ دونوں رہنماؤں کی لڑائی اڈیالہ جیل کے گیٹ نمبر 5 پر ہوئی تھی، جس میں فواد چوہدری نے بیرسٹر شعیب شاہین کو تھپڑ مارا تھا۔
.ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: سیاسی کمیٹی فواد چوہدری شعیب شاہین
پڑھیں:
خیبرپختونخوا میں کرکٹ کا زیادہ ٹیلنٹ موجود ہے، شعیب ملک
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں کرکٹ کا زیادہ ٹیلنٹ موجود ہے اس لیے یہاں آیا ہوں۔
یہ بات انہوں ںے پشاور میں منعقدہ ’’ٹیلنٹ ہنٹ‘‘ کرکٹ ایپ کی لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ پاکستان کرکٹ ڈاؤن ہوئی ہے، کرکٹ کی بہتری کے لیے ڈومیسٹک اسٹرکچر کو بہتر کرنا پڑے گا، اچھے کھلاڑی ڈومیسٹک سے ہی آئیں گے، ڈومیسٹک کرکٹ کو مضبوط بنانے سے گرین شرٹس دوبارہ عروج حاصل کرسکتی ہیں۔
شعیب ملک نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں کرکٹ ٹیلنٹ موجود ہے اس لیے یہاں آیا ہوں، سعودیہ کے لیے یہاں ٹیلنٹ ڈھونڈ کر وہاں اسکالر شپ پر لے جانا احسن اقدام ہے، اس سے یہاں موجود کرکٹرز کو بھی فائدہ ہو گا۔
دریں اثنا تقریب میں سابق افغان ٹیم کوچ کبیر خان نے بھی شرکت کی اور کہا کہ انڈر 16 سے انڈر 19 کرکٹ کو بڑے اسٹیڈیمز تک لانا وقت کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کے لیے کھیلنے کا جذبہ اور خالص نیت ہی دنیائے کرکٹ پر کامیابی کا اصل راز ہے۔ کبیر خان نے مزید کہا کہ محنت، لگن اور تسلسل وہ عناصر ہیں جو پاکستان کو ٹی ٹوئنٹی، ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹ میں دوبارہ فتوحات کی راہ پر گامزن کرسکتے ہیں۔
"ٹیلنٹ ہنٹ" ایپ کے منتظمین کے مطابق اس پلیٹ فارم کے ذریعے نئے کرکٹرز کو تلاش کرکے سعودی عرب سمیت مختلف بین الاقوامی لیگز میں نمائندگی کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
تقریب میں نوجوان کھلاڑیوں، کوچز اور کرکٹ کے شائقین کی بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ شرکاء نے اس اقدام کو خیبرپختونخوا میں اسپورٹس کی بحالی کی جانب اہم قدم قرار دیا۔