عمران خان کیخلاف توشہ خانہ 2 کیس کی سماعت اچانک ملتوی، معمول سے ہٹ کر طویل تاریخ پڑگئی
اشاعت کی تاریخ: 17th, February 2025 GMT
راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 فروری 2025ء ) سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کیخلاف توشہ خانہ 2 کیس کی سماعت اچانک 10 دن کیلئے مُلتوی کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق توشہ خانہ 2 کیس کی سماعت ملتوی کیے جانے سے متعلق عدالتی عملے نے عمران خان کے وکلاء کو آگاہ کیا اور کیس کی سماعت 27 فروری تک ملتوی کردی گئی، اس حوالے سے وکیل خالد یوسف نے کہا کہ توشہ خانہ 2 کیس کی سماعت آج اڈیالہ جیل میں مقرر تھی، عدالتی عملے نے فون پر بتایا آج سماعت نہیں ہوگی، توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت بغیر کارروائی 27 فروری تک ملتوی کردی گئی ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت جمعہ 15 فروری کو 26 فروری تک ملتوی ہوئی تھی تو اب توشہ خانہ ٹو کیس کی جو سماعت جو آج 17 فروری ہونا تھی وہ بھی بغیر سماعت 27 فروری تک ملتوی کر دی گئی ہے، یوں آئندہ 10 دن اڈیالہ جیل میں کوئی سماعت نہیں ہوگی اور معمول سے ہٹ کر طویل تاریخ پڑی ہے۔(جاری ہے)
اسی معاملے پر کیسز کی سماعت یوں غیرمعمولی انداز میں ملتوی ہونے پر پاکستان تحریک انصاف کے وکیل فیصل فرید چوہدری نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی صحت سے متعلق خدشات کا اظہار کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ ہمیں اطلاع دی گئی ہے توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت27 فروری تک ملتوی کر دی گئی ہے، اس سے پہلے جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت بھی26 فروری تک ملتوی کر دی گئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ میں اچانک سماعت ملتوی کیے جانے پہ شکوک و شبہات کا شکار ہو گیا ہوں، عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی صحت و سلامتی کے بارے میں فکر مند ہوں کیوں کہ پچھلی دفعہ اس طرح کی پابندیوں کے دوران عمران خان کو قید تنہائی میں رکھا گیا تھا، غیر انسانی سلوک روا رکھا گیا، حکومت سے مطالبہ کرتا ہوں فوری طور پر وکلاء اور خاندان کے افراد کی ملاقات بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی سے کروائی جائے، عمران خان اور بشریٰ بی بی سے فوری ملاقات کروائی جائے تاکہ ان کی صحت و سلامتی سے متعلق عوام کو آگاہ کیا جا سکے۔.ذریعہ: UrduPoint
کلیدی لفظ: تلاش کیجئے توشہ خانہ 2 کیس کی سماعت فروری تک ملتوی کر دی گئی ہے
پڑھیں:
بلوچستان حکومت کا نوعمر قیدیوں کیلئے علیحدہ جیل بنانے کا فیصلہ
محکمہ جیل خانہ جات کے مطابق ماڈل جیل میں نو عمر قیدیوں کیلئے سکول اور پیشہ ورانہ تربیت کا مرکز بھی ہوگا۔ اسکا مقصد نو عمر قیدیوں کو بالغ قیدیوں سے الگ رکھنا ہے۔ اسلام ٹائمز۔ حکومت بلوچستان نے کوئٹہ میں نو عمر قیدیوں کے لئے علیحدہ جیل بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ محکمہ جیل خانہ جات کے مطابق نو عمر قیدیوں کی بحالی اور تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے علیحدہ جیل تعمیر کی جائے گی۔ ماڈل جیل میں سکول اور پیشہ ورانہ تربیت کا مرکز بھی ہوگا۔ اس منصوبے پر 75 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ جس کے کام کا آغاز جلد کیا جائے گا۔ حکام نے بتایا کہ سینٹرل جیل کے قریب نئی عمارت تعمیر کی جائے گی، جو جدید سہولیات سے آراستہ ہوگی۔ ابتدائی طور پر سریاب روڈ پر عارضی جیل قائم کی جائے گی، تاکہ نو عمر افراد کو وہاں منتقل کیا جا سکے۔ محکمہ جیل خانہ جات کے مطابق نو عمر قیدیوں کو بالغ مجرموں سے الگ رکھنے کیلئے یہ قدم اٹھایا جا رہا ہے۔