افغان طالبان کا وفد پہلی بار خطے سے باہر جاپان کے دورے پر پہنچ گیا
اشاعت کی تاریخ: 17th, February 2025 GMT
افغان طالبان کا وفد پہلی بار خطے سے باہر جاپان کے دورے پر پہنچ گیا ۔
مقامی میڈیا کے مطابق افغان وفد ہفتے کے روز کابل سے روانہ ہوا، ایک ہفتےکے دورے کے لیے افغان وفد میں اعلیٰ تعلیم، خارجہ امور اور معیشت کی وزارتوں کے حکام شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق طالبان وفد انسانی امداد کے حصول پر بات کرے گا اور ممکنہ طور پر جاپانی حکام کے ساتھ سفارتی تعلقات پر بھی بات چیت ہوگی۔
افغان نائب وزیر معیشت لطیف نظری نے کہا کہ افغانستان عالمی برادری کا فعال رکن بننے کے لیے باوقار تعلقات کا خواہاں ہے، دورے کے دوران افغان وفد جاپانی حکام سے ملاقاتیں کرے گا۔
خیال رہے کہ طالبان وفود عمومی طور پر پڑوسی ممالک، وسطی ایشیا، روس اور چین کے دورے کرتے رہے ہیں جب کہ یورپ کا دورہ 2022 اور 2023 میں ناروے میں سفارتی اجلاسوں کے لیے کیا گیا تھا۔
2021 میں کابل میں طالبان کے اقتدار میں آنےکے بعد جاپان کا سفارت خانہ عارضی طور پر قطر منتقل کردیا گیا تھا تاہم جاپان نے امدادی سرگرمیاں دوبارہ شروع کردیں۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: کے دورے
پڑھیں:
صوبائی عہدیدار ڈی آئی خان میں طالبان کو کتنے پیسے دیتا ہے؟ محسن نقوی کا طنز
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ایک طنز آمیز ٹویٹ کے ذریعے ایک اہم صوبائی عہدیدار پر خیبر پختونخوا کے ضلع ڈی آئی خان میں طالبان کو ماہانہ چندہ دینے کا الزام عائد کیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ایکس پر اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ایک اہم صوبائی عہدے دار ڈیرہ اسماعیل خان میں طالبان کو کتنے پیسے ہر ماہ دیتا ہے؟
وزیر داخلہ نے یہ بھی کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف تمام وسائل استعمال ہوں گے۔
محسن نقوی کے اس بیان پر ابھی تک صوبائی عہدیدار یا حکومتی حلقوں کی طرف سے کوئی باضابطہ ردعمل نہیں آیا۔
یاد رہے کہ وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور نے پشاور میں اے پی سی سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ صوبے میں گڈ طالبان کی کوئی گنجائش نہیں، دہشتگردوں کیخلاف اب ڈرون استعمال نہیں ہوگا۔
علی امین گنڈا پور نے یہ بھی کہا کہ ہم کسی صورت فیڈرل فورس کو صوبے میں مداخلت کی اجازت نہیں دیں گے، میرے صوبے کے حوالے سے محسن نقوی کو فیصلے کرنے کی کوئی اجازت نہیں۔