رجب بٹ نے جنگلی حیات پر آگاہی کا ویلاگ جاری کردیا
اشاعت کی تاریخ: 18th, February 2025 GMT
ٹک ٹاکر رجب بٹ نے عدالتی فیصلے پر عملدرآمد کرتے ہوئے جنگلی حیات پر آگاہی وی لاگ جاری کر دیا۔
لاہور کی مقامی عدالت کی جانب سے لائسنس کے بغیر شیر کا بچہ رکھنے پر ٹک ٹاکر رجب بٹ کو ہر ماہ جنگلی حیات سے متعلق آگاہی وی لاگ کرنے کی سزا سنائی گئی تھی۔ جس پر عمل کرتے ہوئے رجب بٹ نے اپنا پہلا وی لاگ سوشل میڈیا پر شیئر کر دیا ہے۔
کسی اور موضوع پر بنائے گئے 36 منٹ دورانیہ کے وی لاگ کے آغاز میں دو منٹ تک جنگلی حیات سے متعلق آگاہی دی گئی، جس میں رجب بٹ نے پنجاب وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ کی تعریف کی۔
ٹک ٹاکر نے اپنے پیغام میں کہا کہ جنگلی جانوروں سے محبت کریں تو وہ بھی محبت کرتے ہیں، لیکن انہیں گھروں میں رکھنا ہمارے اور ان جانوروں کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔
رجب بٹ نے عوام سے اپیل کی کہ جنگلی جانوروں کو رکھنے کے لیے حکومت نے جو قوانین بنائے ہیں، ان پر مکمل عمل کیا جائے تاکہ انسانوں اور جانوروں دونوں کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔
واضح رہے کہ رجب بٹ کو ان کی شادی کے موقع پر ایک دوست کی جانب سے تحفے میں شیر کا بچہ دیا گیا تھا تاہم اس کی ویڈیو وائرل ہونے پر بغیر لائسنس شیر کا بچہ رکھنے پر رجب بٹ کو پولیس نے گرفتار کرلیا تھا۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: جنگلی حیات
پڑھیں:
چکوال: سالٹ رینج میں نایاب جنگلی بھیڑیا ایک بار پھر نظر آ گیا
لاہور:موٹر وے ایم 2 کے قریب واقع سالٹ رینج میں نایاب جنگلی بھیڑیے کی موجودگی ایک بار پھر ریکارڈ پر آ گئی ہے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
محکمہ وائلڈ لائف کے مطابق اس مخصوص نسل کے جنگلی بھیڑیے کی اس علاقے میں طویل عرصے سے عدم موجودگی نوٹ کی گئی تھی، تاہم اب اس کا دوبارہ نظر آنا نہ صرف خوش آئند ہے بلکہ ماحولیاتی توازن کی بحالی کے لیے ایک مثبت اشارہ بھی ہے۔
وائلڈ لائف حکام کا کہنا ہے کہ اس مشاہدے سے اس بات کا عندیہ ملتا ہے کہ سالٹ رینج جیسے قدرتی مقامات میں حیاتیاتی تنوع اب بھی ممکن ہے بشرطیکہ ان علاقوں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔
ماہرین ماحولیات نے بھی اس پیش رفت کو سراہا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں تاکہ نایاب نسلوں کی بقا یقینی بنائی جا سکے۔