پاکستان کسٹمز کا بڑا آپریشن، 10 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی اسمگل شدہ اشیاء برآمد
اشاعت کی تاریخ: 20th, February 2025 GMT
کراچی:
پاکستان کسٹمز انفورسمنٹ کراچی نے انسداد اسمگلنگ مہم کے تحت صدر کراچی میں واقع معروف موبائل و الیکٹرانکس مارکیٹ اسٹار سٹی موبائل مارکیٹ میں ایک بڑی کارروائی کی۔
کارروائی میں 10 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے اسمگل شدہ موبائل فونز، ٹیبلٹس، اسمارٹ واچز، ائیر پوڈز اور دیگر الیکٹرانک اشیاء برآمد کی گئیں۔
کسٹمز حکام کے مطابق یہ آپریشن خفیہ اطلاع پر کلکٹریٹ آف کسٹمز انفورسمنٹ کراچی اور خفیہ ایجنسی کی مشترکہ کوششوں سے انجام دیا گیا۔
آپریشن کے دوران موبائل مارکیٹ کے متعدد گوداموں پر چھاپے مارے گئے، جس میں 2,500 سے زائد استعمال شدہ موبائل فونز، 350 سے زائد مختلف برانڈز کے ٹیبلٹس، اسمارٹ واچز، ائیر پوڈز، بھارتی گٹکا اور مائع ویپ فلیور بھی برآمد کیے گئے۔
کسٹمز حکام نے ان تمام اسمگل شدہ اشیاء کو مزید قانونی کارروائی کے لیے کسٹم ہاؤس کراچی منتقل کر دیا ہے۔
حکام نے اس آپریشن کی کامیابی پر کہا کہ مارکیٹ میں بھاری مجمع ہونے کے باوجود کسٹمز انفورسمنٹ کے عملے نے انتہائی پیشہ ورانہ اور منظم انداز میں آپریشن کو مکمل کیا۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
مستونگ میں آپریشن، میجر، سپاہی شہید، فتنہ الہندوستان کے 3 دہشت گرد ہلاک
اسلام آباد(خبر نگار خصوصی +اپنے سٹاف رپورٹر سے ) سکیورٹی فورسز نے مستونگ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن بھارتی پراکسی فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا۔ آپریشن میں سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ آپریشن کے دوران تین دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں میجر زیاد سلیم اور سپاہی ناظم حسین شہید ہوئے۔31 سالہ میجر زیاد سلیم کا تعلق خوشاب، سپاہی ناظم حسین کا تعلق جہلم سے ہے۔ سکیورٹی فورسز کا علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ سکیورٹی فورسز دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔ بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔ علاوہ ازیں صدر آصف زرداری اور وزیراعظم شہبازشریف نے فتنۃ الہندوستان کے دہشتگردوں کی ہلاکت پر فورسز کی تعریف کی۔ جام شہادت نوش کرنے والے میجر اور سپاہی کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔علاوہ ازیں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مستونگ میں فتنۃ الہندوستان کے دہشتگردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے میجر زیاد سلیم اور سپاہی ناظم حسین کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے اور خاندان کے سوگواران کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔