چین میں میڈیکل کے 2 پاکستانی طلبا کے چرچے کیوں ہو رہے ہیں؛ ملک کا نام روشن کردیا
اشاعت کی تاریخ: 20th, February 2025 GMT
چین میں میڈیکل کی تعلیم حاصل کرنے والے دو پاکستانی طلبا یوسف خان اور رفیق اللہ کو وہاں خوب سراہا اور ہیرو قرار دیا جا رہا ہے۔
پاکستانی طلبا اُس دن سیاحت کے نیت سے ریلوے اسٹیشن پہنچے تھے جہاں ایک بزرگ شہری زمین پر گرے ہوئے تھے اور پولیس اہلکار ارد گرد کھڑے تھے۔
خیال رہے کہ چین میں کسی بھی شخص کو بغیر اجازت ہاتھ لگانا غیر قانونی ہے چاہے یہ کام طبی امداد کے لیے ہی کیوں نہ کیا جائے۔
میڈیکل کے طلبا ہونے کی وجہ سے یوسف اور رفیق پہلی نظر میں سمجھ گئے کہ بزرگ شہری کو فوری طبی امداد کی ضرورت ہے۔ اس کے لیے انھوں نے پولیس سے اجازت بھی لی۔
زمین پر نیم بے ہوش پڑے شخص کی نبض معمول سے کم رفتار میں چل رہی تھی، دل کی دھڑکن بے ترتیب تھی اور سانس بھی اکھڑ رہی تھی۔
میڈیکل کالج کے فائنل ایئر کے طلبا ہونے کی حیثیت سے وہ دونوں یہ جان چکے تھے کہ یہ علامات دل کے دورے کی ہیں۔
اس لیے انھوں نے ایک لمحہ ضائع کیے بغیر’کارڈیو پلمونری ری سسٹیکیشن‘ یعنی سی پی آر کرنے کا فیصلہ کیا۔
یوسف نے اپنے دونوں ہاتھ متاثرہ شخص کی چھاتی پر رکھ کر سی پی آر کرنا شروع کیا جب کہ رفیق نے وقفے وقفے سے منھ کے ذریعے سانس دی۔
یہ عمل مسلسل دہرائے جانے کے چند ہی لمحوں میں متاثرہ شخص کی سانس بحال ہونا شروع ہو گئی اور یہ پورا واقعہ سی سی ٹی وی کمیروں میں محفوظ ہوگیا۔
سی سی ٹی وی فوٹیجز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور صارفین نے پاکستانی طلبا کے جذبہ ہمدردی کو سراہا۔
بی بی سی کے مطابق دیکھتے ہی دیکھتے دونوں طلبا چین میں ہیرو بن گئے اور چینی میڈیا نے ان کا انٹرویو بھی کیا۔
پاکستان میں چین کے سفارت خانے نے ’’ایکس‘‘ پر اپنی پوسٹ میں بھی پاکستانی طلبا یوسف خان اور رفیق اللہ کو سراہا۔
.
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: پاکستانی طلبا چین میں
پڑھیں:
ملتان میں طلبا کا گیریژن کا دورہ، فوجی شہدا کو خراجِ عقیدت پیش
ملتان یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور لیجنڈ انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنسز کے طلبا و اساتذہ نے ملتان گیریژن کا دورہ جہاں انہوں نے یادگارِ شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
تفصیلات کے مطابق دورے دوران طلبا کو اسالٹ کورس، فائرنگ کے طریقہ کار اور جدید ٹینکوں کےحوالے سے آگاہ کیا گیا۔
اس دورہ کا مقصد سول اور ملٹری تعلقات میں ہم آہنگی کو مزید فروغ دینا تھا جبکہ طلبا نے پاک فوج کی قربانیوں کو امن کی ضمانت قرار دیا۔ اس موقع پر طلبا و اساتذہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم شہدا کے عظیم والدین کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنے بیٹے اس ملک پہ قربان کیے۔
ایک طالبہ کا کہنا تھا کہ میں پاک فوج کی شکر گزار ہوں جن کی قربانیوں سے آج ہم آزاد فضاؤں میں سانس لے رہے ہیں۔ آج پاک فوج نے ہمیں اپنی مختلف عملی مشقیں اور جدید دفاعی آلات کا شاندار مظاہرہ پیش کیا ہے۔
طالبہ کا مزید کہنا تھا کہ مستقبل میں بھی اگر کوئی پاکستان کے خلاف آنکھ اٹھائے گا تو پاک فوج اسے بھرپور اور کڑا جواب دے گی۔
طالب علم کا کہنا تھا کہ پاک فوج کا اصل امتیاز اس کا اعلیٰ اور غیر معمولی پیشہ ورانہ معیار ہے۔
دوسری جانب اساتذہ کا بھی کہنا تھا کہ پاکستان آرمی کے جوان بے لوث جذبہ سے وطن کے دفاع میں ہمہ وقت مصروف ہیں۔ طلبا واساتذہ بہادر فوجی جوانوں کوسلام اور ان کے جذبۂ قربانی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔