سانحہ بلدیہ فیکٹری، حماد صدیقی کی گرفتاری کیلئے انٹرپول سے رجوع کا حکم
اشاعت کی تاریخ: 26th, February 2025 GMT
عدالت نے مفرور ملزم خرم نثار سے متعلق محکمہ داخلہ کے فوکل پرسن کو بھی طلب کر لیا
محکمہ داخلہ و خارجہ نے رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی، سماعت 22اپریل تک ملتوی
سندھ ہائی کورٹ نے سانحہ بلدیہ فیکٹری کے مفرور ملزم حماد صدیقی کی گرفتاری کے لیے انٹرپول سے رجوع کرنے کا حکم دے دیا۔قتل کیس میں نامزد دبئی فرار ملزمان کی پاکستان حوالگی کے کیس کی سماعت ہوئی۔محکمہ داخلہ اور خارجہ نے رپورٹ سندھ ہائی کورٹ میں جمع کروا دی۔عدالت نے مفرور ملزم خرم نثار سے متعلق محکمہ داخلہ کے فوکل پرسن کو بھی طلب کر لیا۔عدالت نے درخواست پر سماعت 22 اپریل تک ملتوی کر دی۔مقدمے میں تقی حیدر، حماد صدیقی اور خرم نثار مفرور ہیں۔ڈپٹی اٹارنی جنرل کے مطابق تقی حیدر سے متعلق متحدہ عرب امارات کو کاغذات بھیجوا دیے ہیں۔ماہم امجد نے والد کے مبینہ قاتل تقی حیدر کی پاکستان منتقلی کی درخواست دائر کی تھی۔
.ذریعہ: Juraat
پڑھیں:
بحریہ ٹاؤن نے جائیدادوں کی نیلامی رکوانے کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا
بحریہ ٹاؤن نے اپنی جائیدادوں کی نیلامی رکوانے کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا، اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف دائر اپیل میں نیلامی کا عمل روکنے کی استدعا کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق بحریہ ٹاؤن نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف فاروق ایچ نائیک کے توسط سے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کردی۔
بحریہ ٹاؤن نے اپیل میں استدعا کی ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل منظور کی جائے اور اپیل پر فیصلے تک بحریہ ٹاؤن کی 7 اگست کی جائیدادوں کی نیلامی کا عمل روکا جائے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ نے بحریہ ٹاؤن کی جائیداد کی نیلامی روکنے کی درخواستیں مسترد کرتے ہوئے قومی احتساب بیورو (نیب) کو بحریہ ٹاؤن کی پراپرٹیز نیلام کرنے کی اجازت دے دی تھی۔
چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کی سربراہی میں ڈویژن بینچ نے اس حوالے سے مختصر فیصلہ جاری کیا تھا۔
اس سے قبل نیب نے ملک ریاض کی جائیدادوں کی نیلامی کے لیے تاریخ مقرر کردی تھی۔
نیب کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ ملک ریاض کی جائیدادوں کی نیلامی 7 اگست کو نیب کے راولپنڈی آفس اور جی سکس ون اسلام آباد میں ہوگی۔
جن جائیدادوں کی نیلامی کی جا رہی ہے ان میں بحریہ ٹاؤن کارپوریٹ آفس ٹو پلاٹ نمبر ڈی سیون پارک روڈ، بحریہ ٹاؤن فیز ٹو راولپنڈی شامل ہیں۔
نیلامی میں پلاٹ نمبر ای سیون پارک روڈ، بحریہ ٹاؤن فیز ٹو راولپنڈی بحریہ ٹاؤن کارپوریٹ آفس بھی شامل ہیں، روبیش مارکی اینڈ لان، بحریہ گارڈن سٹی، نزد بحریہ گارڈن سٹی گالف کورس اور بحریہ ٹاؤن اسلام آباد بھی نیلام ہوں گی۔
ملک ریاض کی دیگر جائیدادوں کی نیلامی بھی 7 اگست کو عمل میں لائی جائے گی۔