فتح جنگ میں ملاوٹ مافیا اور منافع خوروں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن
اشاعت کی تاریخ: 9th, March 2025 GMT
فتح جنگ میں ملاوٹ مافیا اور منافع خوروں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن WhatsAppFacebookTwitter 0 9 March, 2025 سب نیوز
فتح جنگ (نمائندہ خصوصی) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر اٹک عاطف رضا اور اسسٹنٹ کمشنر فتح جنگ حمیرہ شاہ کی زیر نگرانی تحصیل بھر میں ناجائز منافع خوری، ملاوٹ مافیا اور غیر معیاری اشیائے خورونوش فروخت کرنے والوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں عوام کو خالص اور محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے پرائس کنٹرول مجسٹریٹ و تحصیلدار چوہدری شفقت محمود نے کھوڑ روڈ، مین بازار، جی ٹی روڈ، اور ملحقہ علاقوں میں اچانک چھاپے مارے، جہاں مختلف دکانوں، بیکریوں، دودھ دہی کی دکانوں اور کریانہ سٹورز پر ناقص اور غیر معیاری اشیاء فروخت کرنے کی شکایات موصول ہو رہی تھیں۔ دورانِ چیکنگ متعدد دکانوں میں غیر معیاری اور ملاوٹ شدہ اشیاء کی فروخت پائی گئی، جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے بھاری جرمانے عائد کیے گئے، جبکہ کئی اشیاء کو موقع پر ہی ضبط کر کے تلف کر دیا گیا۔
ایک بیکری کو مضر صحت اشیاء فروخت کرنے پر فوری طور پر سیل کر دیا گیا، تاہم بعد ازاں بیکری مالک کی جانب سے غربت کا عذر پیش کیے جانے پر انتظامیہ نے نرمی برتی اور دکان کو ڈی سیل کر دیا۔ انتظامیہ نے واضح کر دیا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران کسی بھی قسم کی ناجائز منافع خوری، ملاوٹ یا غیر معیاری اشیاء کی فروخت برداشت نہیں کی جائے گی۔ عوام کو سستے داموں معیاری اشیائے خورونوش فراہم کرنے کے لیے مارکیٹوں کی سخت مانیٹرنگ کی جا رہی ہے، جبکہ خلاف ورزی کے مرتکب عناصر کے خلاف سخت ترین کارروائیاں جاری رہیں گی۔ اسسٹنٹ کمشنر حمیرہ شاہ نے خبردار کیا ہے کہ اگر کوئی دکاندار عوام کی صحت سے کھیلنے کی کوشش کرے گا تو اس کے خلاف نہ صرف بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے بلکہ بیکریوں، ہوٹلوں اور دکانوں کو بھی سیل کر دیا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر اٹک عاطف رضا نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ملاوٹ مافیا اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں اور کسی بھی خلاف ورزی کی فوری اطلاع دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک کے دوران کسی کو بھی عوام کو لوٹنے یا غیر معیاری اشیاء فروخت کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، اور جو بھی قانون شکنی کرے گا اس کے خلاف بلا امتیاز سخت کارروائی کی جائے گی۔
.ذریعہ: Daily Sub News
پڑھیں:
پاکستان اور افغانستان کے مابین درآمدی اشیاء پر ٹیرف میں کمی کا معاہدہ
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )پاکستان اور افغانستان کے مابین ترجیحی بنیادوں پر تجارتی معاہدہ طے پا گیا جس کے تحت دونوں ممالک ایک دوسرے کی درآمدی اشیاء پر ٹیرف میں نمایاں کمی کریں گے۔ معاہدے پر اسلام آباد میں دستخط کی تقریب منعقد ہوئی جہاں افغان ڈپٹی وزیر تجارت ملا احمد اللہ زاہد اور پاکستان کے سیکرٹری تجارت جواد پال نے معاہدے پر دستخط کیے۔معاہدے کے تحت دونوں ممالک نے ٹیرف کی شرح 60 فیصد سے کم کر کے 27 فیصد تک لانے پر اتفاق کیا ہے۔ یہ اقدام دوطرفہ تجارت کو فروغ دینے اور خطے میں اقتصادی تعاون بڑھانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ معاہدہ یکم اگست 2025 ء سے نافذ العمل ہوگا اور ابتدائی طور پر ایک سال کے لیے موثر رہے گا۔معاہدے کے تحت پاکستان افغانستان سے درآمد کیے جانے والے انگور، انار، سیب اور ٹماٹر پر ڈیوٹی کم کرے گا، جبکہ افغانستان پاکستان سے آنے والے آم، کینو، کیلے اور آلو پر ٹیرف میں کمی کرے گا۔