مریم نواز پہلی وزیراعلیٰ جو خود ہسپتالوں میں مسائل کا جائزہ لیتی ہیں: عظمیٰ بخاری
اشاعت کی تاریخ: 11th, March 2025 GMT
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ ملک میں سیاسی مقاصد کے لیے سانحات کو استعمال کرنا ایک معمول بن چکا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے حال ہی میں میو ہسپتال کا دورہ کیا اور وہاں صحت کی سہولیات کا جائزہ لیا۔ پنجاب حکومت نے صحت کے بجٹ میں 500 فیصد اضافہ کیا ہے، جبکہ بنیادی صحت مراکز کو فعال کیا جا چکا ہے تاکہ عوام کو بہتر طبی سہولیات میسر آسکیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہسپتالوں کی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ حکومت کی طرف سے فراہم کردہ فنڈز کو عوامی فلاح کے لیے استعمال کرے۔ اللہ تعالیٰ صرف وزیر اعلیٰ سے نہیں بلکہ تمام متعلقہ ذمہ داروں سے جواب لے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب اسمبلی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ عظمیٰ بخاری نے میو ہسپتال میں غلط انجکشن لگنے کے باعث دو مریضوں کی وفات پر دکھ کا اظہار کیا اور بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب اس واقعے پر دلی طور پر رنجیدہ ہیں اور فوری طور پر ایکشن لیتے ہوئے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا حکم دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے ہسپتال کے ایم ایس اور سی ای او کو عہدے سے ہٹا دیا، مگر اس فیصلے پر بے جا میڈیا ٹرائل کیا گیا۔ ہسپتالوں میں بنیادی ادویات کی عدم دستیابی کا معاملہ ناقابل قبول ہے۔ وزیر اعلیٰ نے ایم ایس سے سوال کیا کہ مریضوں کو باہر سے ادویات کیوں خریدنی پڑ رہی ہیں جبکہ میو ہسپتال میں ایک ارب تینتیس کروڑ روپے کے فنڈز موجود ہیں؟ مزید برآں، ہسپتال میں 15 کروڑ روپے ہیلتھ انشورنس کے لیے مختص کیے گئے ہیں، اس کے باوجود مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جو کہ غفلت کی انتہا ہے۔ عظمیٰ بخاری نے محکمہ صحت میں موجود انتظامی مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ اس کی کارکردگی کو بہتر بنانا وقت کی ضرورت ہے۔ پنجاب کے ڈاکٹرز انتہائی محنتی اور دیانت دار ہیں، تاہم اگر کوئی غفلت برتے گا تو اسے کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جائے گا۔ ڈاکٹرز کی جانب سے احتجاج اور ہڑتال کے رجحان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات عوام کے لیے مشکلات پیدا کرتے ہیں۔ مریم نواز پنجاب کی پہلی وزیر اعلیٰ ہیں جو خود ہسپتالوں کے دورے کر کے عوامی مسائل کا جائزہ لیتی ہیں، مگر بدقسمتی سے ایم ایس کے استعفے سے متعلق بے بنیاد پروپیگنڈا مہم چلائی گئی، پنجاب حکومت عوام کو بہتر صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
وزیر اعلیٰ پنجاب کی انتخابی کامیابی کے خلاف دائر درخواست مسترد
لاہور:الیکشن ٹربیونل لاہور نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی انتخابی کامیابی کے خلاف دائر درخواست مسترد کر دی۔
پی ٹی آئی کے امیدوار مہر شرافت علی نے درخواست دائر کی تھی جنہوں نے لاہور کے صوبائی حلقہ پی پی 159 سے مریم نواز کی کامیابی کو چیلنج کیا تھا۔
الیکشن ٹربیونل کے جج رانا زاہد محمود نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا کہ درخواست گزار نے الیکشن ایکٹ 2017 کے رول 144 کی شرائط پوری نہیں کیں، اس لیے درخواست قابلِ سماعت نہیں۔
فیصلے کے مطابق، درخواست گزار کے الیکشن پٹیشن کے ہر صفحے پر دستخط موجود نہیں تھے، جبکہ بیانِ حلفی میں اوتھ کمشنر کی تصدیق والے صفحے پر درخواست گزار کا نام اور والد کا نام درج نہیں تھا۔
وزیرِ اعلیٰ مریم نواز کی جانب سے پیش ہونے والے وکیل بیرسٹر اسداللہ چھٹہ نے قانونی نکات پر دلائل دیتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ درخواست ناقابلِ سماعت ہے اور اس میں بنیادی قانونی تقاضے پورے نہیں کیے گئے۔
فیصلے میں کہا گیا کہ بیرسٹر اسداللہ چھٹہ کے دلائل میں وزن ہے، اور یہ کہ درخواست کو باقاعدہ ٹرائل کے لیے پیش نہیں کیا جا سکتا۔
الیکشن ٹربیونل کے فیصلے کے ساتھ ہی وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی پی پی-159 سے کامیابی برقرار رہی۔