بلوچستان ٹرین حملے کی ذمہ دار را ہے، اگلا حملہ زیادہ جانیں لے سکتا ہے، سکھ خالصتان رہنما
اشاعت کی تاریخ: 13th, March 2025 GMT
سکھوں کی عالمی تنظیم سکھ فار جسٹس کے رہنما گرپتونت سنگھ پنوں نے کہا ہے کہ بلوچستان ٹرین حملے میں را ملوث ہے۔ اگلا حملہ زیادہ جانیں لے سکتا ہے۔
امریکا میں سکھوں کی عالمی تنظیم سکھ فار جسٹس کے رہنما گرپتونت سنگھ پنوں نے بیان میں کہا کہ بلوچستان میں ٹرین حملے کی ذمہ دار بھارت کی بدنام زمانہ خفیہ ایجنسی را ہے۔ بھارت کا احتساب نہ کیا گیا تو اگلا حملہ زیادہ معصوم جانیں لے سکتا ہے۔
گرپتونت سنگھ پنوں نے مطالبہ کیا کہ عالمی ادارے بھارتی قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول اوررا کے خلاف کارروائی کریں۔ پاکستان کے خلاف بھارت خفیہ جنگی حکمت عملی کے بلیو پرنٹ پر عمل کررہا ہے۔ مودی سرکار ایک مکمل دہشت گرد حکومت ہے اور یہ نہ صرف علاقائی بلکہ عالمی امن کے لیے بھی خطرہ ہے۔
سکھ رہنما کا مزید کہنا تھا کہ بھارت کی حکومت عالمی سطح پر پرتشدد کارروائیوں میں ملوث ہے۔ بلوچستان میں ٹرین حملہ بھارت کے جارحانہ دفاعی اقدامات کا ثبوت ہے۔ بھارت کا خفیہ دہشت گرد کارروائیوں کا مقصد پڑوسی ممالک کوغیر مستحکم کرنا ہے۔ بھارت بیرون ملک مخالفین کے قتل، انتہا پسندی اور سرحد پار دہشتگردی میں ملوث ہے۔ مودی سرکار نے بھارت کو ریاستی سرپرستی میں دہشت گردی کا عالمی مرکز بنا دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ را کی بےقابو کارروائیاں جنوبی ایشیا کو خطرے میں ڈال رہی ہیں۔ بھارت کے انٹیلیجنس سے متعلق اپریٹس پر سفارتی اور سکیورٹی پابندیاں لگائی جائیں۔ دنیا اب بھارت کی خفیہ دہشتگرد کارروائیوں پر آنکھیں بند نہیں کر سکتی۔ بھارت کا احتساب نہ ہوا تو اگلا حملہ اور بھی زیادہ معصوم جانیں لےگا۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
بنوں میں سیکورٹی فورسز کا خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن، 6 خوارج ہلاک
خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں سیکورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن کرتے ہوئے 6 خوارج دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ 4 زخمی ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 23 اور 24 اپریل کی درمیانی شب سیکورٹی فورسز کی جانب سے ضلع بنوں میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر خوارجیوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے مؤثر طریقے سے خوارج کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا، شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 6 خوارج جہنم واصل کر دیے گئے جبکہ کارروائی میں 4 خوارج زخمی بھی ہوئے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ علاقے میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی چھپے ہوئے دہشت گرد کو انجام تک پہنچایا جا سکے۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ضلع بنوں میں 6 خوارجیوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعظم نے سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی پزیرائی کی اور کہا کہ انسانیت کے دشمن دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو اسی طرح خاک میں ملاتے رہیں گے، ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک ہماری دہشتگردوں کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے ضلع بنوں میں خوارجی دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن میں سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین کیا اور فتنۃ الخوارج کے دہشت گردوں کا قلع قمع کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی بہادری کو سراہا۔
صدر نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں کر رہی ہیں، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف اپنی سیکورٹی فورسز کے ساتھ ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے ملک سے فتنتہ الخوارج کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی ضلع بنوں میں خوارجی دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر فورسز کو خراج تحسین کیا اور 6 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی صلاحیتوں کو سراہا۔
محسن نقوی نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نےکامیاب آپریشن کرکے خوارجی دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا، 6 خوارجی دہشت گردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچانے پر سیکیورٹی فورسز کو شاباش دیتے ہیں، خوارجی دہشت گردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز نے نمایاں کامیابی حاصل کی ہیں۔
واضح رہے کہ 21 اپریل کو سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں 2 مختلف کارروائیاں کرتے ہوئے انتہائی مطلوب خارجی رنگ لیڈر ذبیح اللہ زکران سمیت 6 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا تھا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا تھا کہ 20 اور 21 اپریل کی درمیانی شب صوبہ خیبر پختونخوا میں دو الگ الگ آپریشن کیے، جس کے نتیجے میں 6 خوارج مارے گئے تھے۔
اعلامیے کے مطابق خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں آپریشن کیا، دوران کارروائی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 5 خوارج کو ہلاک کر دیا گیا تھا۔