پیپلز پارٹی کا ”دریائے سندھ پر کینال نامنظور“ کا نیا نعرہ اپنانے کا اعلان
اشاعت کی تاریخ: 16th, March 2025 GMT
دریائے سندھ سے کینال نکالنے کے معاملے پر سندھ میں احتجاج شدت اختیار کر گیا،.مختلف شہروں میں عوامی ریلیاں نکالی گئیں، جبکہ پیپلز پارٹی نے بھی طاقتور حلقوں اور وفاق کو عوامی طاقت سے جواب دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔پیپلز پارٹی نے ”دریائے سندھ پر کینال نامنظور“ کا نیا نعرہ اپنانے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں پہلے مرحلے میں شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی پر گڑھی خدا بخش میں ایک بڑا جلسہ منعقد کیا جائے گا۔ پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کارکنوں کو 27 دسمبر کے جلسے سے بھی زیادہ بڑی تعداد میں جمع ہونے کی ہدایت کی ہے۔ جلسے سے خطاب میں بلاول بھٹو کینال منصوبے کے خلاف پارٹی کی پالیسی واضح کریں گے۔
دوسری جانب جامشورو میں کوٹری بیراج پر سماجی تنظیموں نے سندھ کا نقشہ اٹھا کر اور کشتیوں میں بیٹھ کر انوکھا احتجاج کیا۔ مظاہرین نے حکومت سے منصوبے کی فوری واپسی کا مطالبہ کیا۔ٹھل میں ادبی سنگت کی کال پر ادیبوں اور شاعروں نے مظاہرہ کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ کینال بنانے سے سندھ کی لاکھوں ایکڑ زمین بنجر ہو جائے گی۔مٹھی میں بھی شہریوں نے بس ٹرمینل سے کشمیر چوک تک احتجاجی ریلی نکالی، جبکہ سیہون شریف میں سول سوسائٹی، وکلا، ڈاکٹرز اور اساتذہ نے پریس کلب تک مارچ کیا۔دادو میں عوامی فورم کے تحت پریس کلب تک ریلی نکالی گئی، شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اٹھا رکھے تھے اور مطالبہ کر رہے تھے کہ سندھ کو بنجر بنانے کی سازش بند کی جائے۔گمبٹ میں بھی سول سوسائٹی اور طلبہ نے احتجاج کیا.                
      
				
ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: دریائے سندھ
پڑھیں:
پیپلز پارٹی، ن لیگ اور پی ٹی آئی کا خاتمہ ہو تو پاکستان ٹھیک ہوسکتا ہے، سراج الحق
لاہور:سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی، ن لیگ اور پی ٹی آئی کا خاتمہ ہو تو پاکستان ٹھیک ہوسکتا ہے، اس وقت تینوں جماعتیں اقتدار میں ہیں مگر قوم کو کرپشن اور نعروں کے علاوہ کچھ نہیں دیا۔
لاہور میں عزم نو یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ ہم اس ملک میں انقلاب چاہتے ہیں، انقلاب اللہ کی اطاعت ہے تاکہ ہم لوگوں کی بجائے اللہ کی اطاعت سے ملک چلائیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم ہر ظالم، چور، ڈاکو سے آزادی چاہتے ہیں، اسٹیبلشمنٹ کو آئین کے تابع رکھنا چاہتے ہیں، ہم کشمیر کو آزاد دیکھنا اور ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو رہا کروانا چاہتے ہیں۔ جب پاکستان میں پی پی، ن لیگ اور پی ٹی آئی کا خاتمہ ہو تو پھر یہ ہو سکتا ہے۔
سراج الحق نے کہا کہ پنجاب میں پی ٹی آئی سندھ میں پی پی لمبے عرصے سے اقتدار میں ہے۔ اس وقت تینوں جماعتیں اقتدار میں ہیں، ان تین پارٹیوں نے ملک کو اس نہج پر پہنچایا ہے، جب اس ملک میں اسلامی حکومت آئے گی تو کوئی بھوکا نہیں سوئے گا۔