ایک ماہ میں چینی کی ایکس مل قیمت 159 روپے کلو ہو گی، اضافہ کسی صورت برداشت نہیں: اسحاق ڈار
اشاعت کی تاریخ: 20th, March 2025 GMT
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ) نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ چینی کی قیمت میں اضافے کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا جبکہ ایف آئی اے نے چینی مافیا کے خلاف تحقیقات کا آغاز کردیا ہے ۔نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے چینی کی قیمتوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چینی کی قیمتوں میں کمی کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ اور وزیر اعظم نے چینی کی قیمتوں کے معاملے پر کمیٹی قائم کی تھی۔انہوں نے کہا کہ رانا تنویر حسین کی سربراہی میں چینی کی قیمتوں کا جائزہ لینے کے لیے ذیلی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ اور کمیٹی کے اجلاس میں شوگر ملز مالکان کے تحفظات کا جائزہ لیا گیا۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ اجلاس میں قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ ایک ماہ تک چینی کی قیمت ایکس مل ریٹ 159 روپے ہو گی۔ اور یقینی بنایا جائے گا کہ چینی کی فی کلو ریٹیل قیمت 164 روپے سے زائد نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز کے اجلاس میں خیال تھا کہ شوگر کی قیمتیں برقرار رہیں گی۔ تاہم گزشتہ روز چینی کی قیمت میں دوبارہ اضافہ ہوا جو کسی صورت برداشت نہیں ہو گا۔ دریں اثناء وزیراعظم کی ہدایت پر ایف آئی اے نے چینی مافیا کے خلاف تحقیقات شروع کر دیں۔ ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل نے تحقیقات کیلئے پی ٹی اے سے مدد مانگ لی۔ وفاقی تحقیقاتی ادارے نے پی ٹی اے سے 11 افراد کے نام پر رجسٹرڈ موبائل فون نمبرز طلب کر لئے۔ ایف آئی اے کی بھجوائی گئی فہرست میں چینی کے مبینہ جعلی خریداروں کے نام شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کو مبینہ خریداروں کے صرف نام اور شناختی کارڈ نمبر فراہم کئے گئے ہیں۔ موبائل سمز کے نمبر فراہم نہیں کیے گئے۔ چینی مافیا کے خلاف تحقیقات کی ہدایت وزیراعظم شہباز شریف نے دے رکھی ہے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
سونے کی قیمت میں اضافہ ریکارڈ ، نئی قیمت کیا ؟ جانیں
عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں 105 ڈالر فی اونس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق عالمی مارکیٹ میں اضافے کے بعد سونے کی فی اونس قیمت 3 ہزار 500 ڈالر پر پہنچ گئی۔ عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں 105 ڈالرز کا اضافہ ہوا ہے۔
گزشتہ روز بھی عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت میں 69 ڈالرز کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔ اور اضافے کے بعد سونے کی قیمت 3 ہزار 395 ڈالر پر پہنچ گئی تھی۔