کراچی میں عید کی چاند رات کی خوشی میں فائرنگ سے 12 شہری زخمی
اشاعت کی تاریخ: 30th, March 2025 GMT
کراچی:
شہر قائد میں ماہ شوال کا چاند نظر آنے کی خوشی میں ہونے والی ہوائی فائرنگ کے نتیجے میں 12 شہری اندھی گولیاں لگنے سے زخمی ہوگئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ماہ شوال کا چاند نظر آنے کے بعد مختلف علاقوں میں شدید ہوائی فائرنگ ہوئی جس کے نتیجے میں خاتون اور بچیوں سمیت 12 شہری زخمی ہوئے۔
واقعات قصبہ نیو میانوالی کالونی، نارتھ ناظم آباد حیدری مارکیٹ، اورنگی قصبہ موڑ، فرنٹیئر کالونی، لیاری ہنگوہ آباد، رنچھوڑ لائن رامسوامی، اورنگی ٹاؤن ساڑھے گیارہ نزد فاروق اعظم مسجد پر پیش آئے۔
اورنگی ٹاؤن قصبہ موڑ پر فائرنگ سے 9 سالہ بچی آسیہ زخمی ہوئی جبکہ ساڑھے گیارہ میں 35 سالہ نوشین نامی خاتون زخمی ہوئیں۔ اس کے علاوہ گیارہ سالہ ارم بھی اندھی گولی کا شکار بن کر زخمی ہوگئی۔
اس کے علاوہ ناظم آباد ایک نمبر پر اندھی گولی لگنے سے منصور نامی شہری زخمی ہوا جبکہ بلدیہ قائم خانی کالونی میں ہوائی فائرنگ سے 16 سالہ وحید زخمی ہوا۔
تمام زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ حالت خطرے سے باہر ہے۔
دوسری جانب تھانہ منگھوپیر پولیس نے چاند رات کے موقع پر ہوائی فائرنگ کرنے والے ملزم کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔ ایس ایس پی ویسٹ طارق الہی مستوئی نے بتایا کہ گرفتار ملزم منگھوپیر کے علاقے سلطان آباد میں ہوائی فائرنگ جیسے جان لیوا جرم کا ارتقاب کررہا تھا۔
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: ہوائی فائرنگ
پڑھیں:
چارسدہ میں ملزمان کی فائرنگ سے پولیس کانسٹیبل شہید، سب انسپکٹر زخمی
خیبرپختونخوا کے ضلع چارسدہ کی تحصیل پڑانگ میں چھاپے کے دوران ملزمان کی فائرنگ سے پولیس کانسٹیبل شہید ہوگیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق تحصیل پڑانگ میں پولیس پارٹی پر چھاپے کے دوران نامعلوم افراد نے فائرنگ کی جس میں پولیس کانسٹیبل اور ایس ایچ او کے گن مین شہید جبکہ سب انسپکٹر زخمی ہوگئے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چارسدہ کے مطابق شہید اہلکار کی لاش اور زخمی پولیس اہلکار کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چارسدہ منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس اطلاع پر اشتہاری ملزمان کے خلاف چھاپے مارنے گئی تھی۔
فائرنگ کے واقعہ کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہو گئے۔ شہید ہیڈ کانسٹیبل فصیح الدین کی میت کو ضابطے کی کارروائی کے بعد پولیس لائنز چارسدہ منتقل کر دیا گیا جہاں رات کو 12 بجے نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد جسد خاکی آبائی گاؤں درگئی روانہ کیا جائے گا۔