رائٹ سائزنگ، نیپرا، اوگرا و دیگر ریگولیٹریز سے مشیروں، اسٹاف کی تعدد، تنخواہوں کی تفصیلات طلب
اشاعت کی تاریخ: 16th, April 2025 GMT
اسلام آباد:
وفاقی حکومت کی رائٹ سائزنگ کمیٹی نے خود مختار اداروں و نیپرا، اوگرا، سمیت دیگر ریگولیٹری اداروں سے مشیروں کی تعداد، اسٹاف کی تفصیلات اور تنخواہوں کے ڈھانچے سے متعلق معلومات طلب کرلیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ و ریونیو کا اجلاس بدھ کو پارلیمنٹ ہاوٴس میں چیئرمین سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی صدارت میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں سینیٹرز محسن عزیز، شیری رحمٰن، فیصل واوڈا، ذیشان خانزادہ، انوشہ رحمان، کابینہ ڈویژن اور وزارت خزانہ و محصولات کے سیکریٹریز اور متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران شریک ہوئے۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ و ریونیو نے انکم ٹیکس (ترمیمی) بل 2025ء موخر کردیا۔ اجلاس میں جون 2024ء سے مارچ 2025ء تک کی مدت پر مشتمل سالانہ رپورٹ بھی پیش کی گئی۔
اجلاس میں کمیٹی نے سینیٹر ذیشان خانزادہ کے سترہ فروری 2025ء کو سینیٹ میں پیش کردہ نجی بل انکم ٹیکس (ترمیمی) بل 2025" پر غور کیا۔
اجلاس کے دوران بل کے منی بل ہونے کے حوالے سے اعتراضات زیر بحث آئے۔ کمیٹی اراکین نے اس بات پر غور کیا کہ کیا اس بل میں بعض ترامیم اس طرح شامل کی جا سکتی ہیں کہ وہ منی بل کی تعریف میں نہ آئیں؟
اجلاس میں سیکرٹری کابینہ ڈویژن نے بتایا کہ اگر کسی بل کے منی بل ہونے یا نہ ہونے سے متعلق تعین نہ ہوسکے تو اس کے بارے میں قانون کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی کے پاس اختیار ہے کہ وہ اس کا تعین کرسکیں۔
اس پر چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے خزانہ سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ قائمہ کمیٹی نے ایک بل کے معاملے میں اسپیکر قومی اسمبلی کو خط لکھا ہے مگر ابھی تک جواب ہی نہیں آیا۔
رکن کمیٹی سینیٹر انوشہ رحمان نے اعتراضات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ بل براہ راست ٹیکسیشن میں مداخلت نہیں کرتا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی تجویز بہتری لاسکتی ہے تو اسے روکنے کے بجائے زیر غور لانا چاہیے۔
اس معاملے پر مزید وضاحت کے لیے کمیٹی نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ ایف بی آر کے چیئرمین کو اگلے اجلاس میں طلب کیا جائے تاکہ بل کو حتمی شکل دی جا سکے۔
اجلاس میں کابینہ ڈویژن کے سیکریٹری کا وفاقی حکومت کی رائٹ سائزنگ کے اقدام پر بریفنگ دیتے ہوئے کہنا تھا کہ وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ وفاقی حکومت کے حجم کو مختصر کرکے صرف بنیادی ذمہ داریوں پر توجہ مرکوز کی جائے اور دیگر اختیارات صوبوں کو منتقل کیے جائیں۔
سیکریٹری کابینہ نے واضح کیا کہ اس عمل سے ریگولیٹری اتھارٹیز متاثر نہیں ہوں گی البتہ ان اداروں سے مشیروں کی تعداد، اسٹاف کی تفصیلات اور تنخواہوں کے ڈھانچے سے متعلق معلومات طلب کی گئی ہیں جب کہ خودمختار اداروں پر رائٹ سائزنگ کے ممکنہ اثرات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس ضمن میں قائم ’رائٹ سائزنگ کمیٹی کی کارکردگی کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ شفافیت اور جواب دہی کو یقینی بنایا جاسکے۔
سینیٹر شیری رحمٰن نے حکومتی اصلاحات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ایک طرف حکومت اخراجات کم کرنے کی بات کرتی ہے اور دوسری طرف کابینہ کا حجم دگنا کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ رائٹ سائزنگ پالیسی سے سرکاری ملازمین کو سخت مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ ان افراد کا کیا بنے گا جنہیں جبری ریٹائرمنٹ پر بھیجا جائے گا؟ اس پر سیکرٹری کابینہ نے جواب دیاکہ یہ فیصلہ ناگزیر تھا اور اس سے ریاست کو نمایاں بچت حاصل ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ غیر ضروری اسامیوں کے خاتمے سے پہلے ہی اخراجات میں خاطر خواہ کمی آئی ہے جو حکومتی اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے ایک مثبت قدم ہے۔
نئے وزراء کی تقرریوں سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ نئے وزراء کی شمولیت وزارتوں کی مجموعی کارکردگی کو بہتر بنانے میں مدد دے گی اور یہ بھی ادارہ جاتی اصلاحات کے ایجنڈے کا حصہ ہے۔
اجلاس میں اس امر پر زور دیا گیا کہ مالی نظم و ضبط اور انتظامی کارکردگی کے درمیان توازن قائم رکھنا اور اصلاحاتی اقدامات پر عمل درآمد آسان نہیں۔
کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ اس معاملے کا محکمہ وار تفصیلی جائزہ لیا جائے گا اور آئندہ اجلاس میں مزید تبادلہ خیال کیا جائے گا
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: قائمہ کمیٹی اجلاس میں انہوں نے کمیٹی نے کیا کہ
پڑھیں:
آزاد کشمیر میں حکومت اور عوامی ایکشن کمیٹی کے مذاکرات کامیاب، تاریخی معاہدہ طے
حکومتِ پاکستان، آزاد کشمیر حکومت اور عوامی ایکشن کمیٹی کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے اور ایک تاریخی معاہدہ طے پا گیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر قائم اعلیٰ سطحی کمیٹی کی صدارت سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کی، جبکہ وفاقی وزراء رانا ثناء اللہ، احسن اقبال، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، امیر مقام اور قمر زمان کائرہ بھی مذاکرات میں شریک ہوئے۔ آزاد کشمیر حکومت کی نمائندگی فیصل ممتاز راٹھور اور دیوان علی چغتائی نے کی جبکہ عوامی ایکشن کمیٹی کی نمائندگی راجہ امجد، شوکت نواز میر اور انجم زمان نے کی۔
یہ بھی پڑھیے: آزاد کشمیر: وفاق اور عوامی ایکشن کمیٹی کے درمیان موبائل فون سروس کی بحالی سمیت 90 فیصد معاملات طے
معاہدے پر عملدرآمد کے لیے ایک اعلیٰ سطحی مانیٹرنگ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس کی سربراہی وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام کریں گے۔ اس کمیٹی میں وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، آزاد کشمیر حکومت اور عوامی ایکشن کمیٹی کے نمائندے شامل ہوں گے۔ کمیٹی فیصلوں پر عملدرآمد اور تنازعات کے حل کی ذمے دار ہوگی۔
مزاکراتی وفد اور جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے درمیان ہونے والے معاہدے کی تفصیلات pic.twitter.com/0BuJWSCqdf
— Dr. Tariq Fazal Ch. (@DrTariqFazal) October 4, 2025
معاہدہ 12 بنیادی اور 13 اضافی نکات پر مشتمل ہے۔ اس کے مطابق پرتشدد واقعات پر انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمات درج ہوں گے اور عدالتی کمیشن بھی بنایا جائے گا۔ یکم اور 2 اکتوبر کے واقعات میں جاں بحق افراد کے ورثا کو سیکیورٹی اہلکاروں کے برابر معاوضہ دیا جائے گا، زخمیوں کو 10 لاکھ روپے اور ورثا کو سرکاری نوکری دی جائے گی۔
معاہدے کے مطابق تعلیمی شعبے میں مظفرآباد اور پونچھ میں 2 نئے تعلیمی بورڈ قائم کیے جائیں گے اور تمام بورڈز کو وفاقی بورڈ اسلام آباد سے منسلک کیا جائے گا۔ منگلا ڈیم توسیعی منصوبے میں میرپور کے متاثرہ خاندانوں کو 30 دن میں زمین کا قبضہ دیا جائے گا۔ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 1990 کی روح کے مطابق 90 دن میں ترامیم کی جائیں گی۔ آزاد کشمیر حکومت 15 دن میں ہیلتھ کارڈ کے لیے فنڈز جاری کرے گی اور ہر ضلع میں مرحلہ وار ایم آر آئی اور سی ٹی اسکین مشینیں فراہم کی جائیں گی۔
یہ بھی پڑھیے: آزاد کشمیر میں عوامی ایکشن کمیٹی کی ہڑتال ناکام، فائرنگ اور رکاوٹوں سے 2 افراد جاں بحق
معاہدے کے تحت حکومت پاکستان آزاد کشمیر کے بجلی نظام کی بہتری کے لیے 10 ارب روپے فراہم کرے گی۔ کابینہ کا حجم 20 وزرا یا مشیروں تک محدود ہوگا اور سیکرٹریز کی تعداد بھی 20 سے زیادہ نہیں ہوگی۔ احتساب بیورو اور اینٹی کرپشن ادارہ ضم کیا جائے گا اور احتساب ایکٹ کو نیب قوانین سے ہم آہنگ کیا جائے گا۔
مزید برآں کہوری/کمسیر اور چھپلانی نیلم روڈ پر 2 سرنگوں کی فزیبلٹی حکومت پاکستان تیار کرے گی۔ غیر حلقہ جاتی ارکان اسمبلی کے معاملے پر اعلیٰ سطح کمیٹی تشکیل دی جائے گی اور حتمی رپورٹ تک ان کی مراعات و فنڈز معطل رہیں گے۔
اضافی نکات میں بانجوسہ، مظفرآباد، پلندری، دھیرکوٹ، میرپور اور راولاکوٹ کے واقعات کو عدالتی کمیشن کے سپرد کرنا، میرپور انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا ٹائم فریم رواں مالی سال میں طے کرنا اور جائیداد کی منتقلی پر ٹیکس کو تین ماہ میں پنجاب و خیبرپختونخوا کے برابر لانا شامل ہے۔ اسی طرح ہائیڈل منصوبوں پر 2019 کے ہائی کورٹ فیصلے کے مطابق عملدرآمد ہوگا اور دس اضلاع میں بڑے واٹر سپلائی اسکیموں کی فزیبلٹی رواں سال مکمل کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیے: اسلام آباد: وزیر داخلہ محسن کی آزاد کشمیر میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کی عیادت
تمام تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتالوں میں آپریشن تھیٹر اور نرسریز قائم ہوں گی، گلپور اور رحمان کوٹلی میں پل تعمیر ہوں گے۔ ایڈوانس ٹیکس میں کمی کی جائے گی اور گلگت بلتستان و فاٹا طرز پر سہولت دی جائے گی۔ تعلیمی اداروں میں اوپن میرٹ پالیسی پر عملدرآمد کیا جائے گا۔
ڈڈیال کی کشمیر کالونی کے لیے واٹر سپلائی اسکیم اور ٹرانسمیشن لائن منظور کرلی گئی جبکہ مہندر کالونی کے مہاجرین کو ملکیتی حقوق دیے جائیں گے۔ اسی طرح ہائی کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں ٹرانسپورٹ پالیسی کا ازسرنو جائزہ لیا جائے گا اور 1300 سی سی گاڑیوں پر خصوصی غور ہوگا۔
معاہدے کے تحت 2 اور 3 اکتوبر کے دوران گرفتار کشمیری مظاہرین رہا کیے جائیں گے۔ اس پر عملدرآمد کے لیے مانیٹرنگ اور امپلیمینٹیشن کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو فیصلوں پر عملدرآمد اور تنازعات کے حل کو یقینی بنائے گی۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
آزاد کشمیر احتجاج عوامی ایکشن کمیٹی مذاکرات