جے یو آئی (ف) کا کینالز معاملے پر تحریک کو تیزکرنے کافیصلہ
اشاعت کی تاریخ: 21st, April 2025 GMT
جے یو آئی (ف) نے کینالز کے معاملے پر ہونے والے احتجاج کو مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔رہنما جے یو آئی (ف) مولانا راشد سومرو نے کہاکہ 24 ، 25 اور 26 اپریل کو جلسے کرکے سندھ پنجاب بارڈر بلاک کریں گے۔راشد محمود سومرو نے وفاقی حکومت سے کینا لز کا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ تحریک کے اگلے مرحلے میں کندھ کوٹ ،گھوٹکی اور سکھر میں دھرنے ہوں گے۔ دوسری جانب دریائے سندھ سے نہریں نکالنے کے مجوزہ منصوبے کے خلاف سکھر ببرلو بائی پاس پر وکیلوں کا دھرنا چوتھے روز میں داخل ہوگیا۔ علاوہ ازیں کراچی بار نے گزشتہ روز مبینہ فائرنگ کے واقعے پر جوڈیشل انکوائری کا بھی مطالبہ کیا جب کہ سندھ بار کونسل کا آج سے سندھ بھر میں غیر معینہ مدت کے لیے عدالتی کارروائی کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔مجوزہ کینالز کے خلاف حیدر آباد اور لاڑکانہ سمیت سندھ کے متعدد شہروں میں شٹر ڈاؤن ہڑتال رہی جب کہ خیرپور میں ریلوے ٹریک کو بھی بند کیا گیا جسے پولیس اور رینجرز نے بعد ازاں کھلوا دیا۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
سکھر دھرنا: کراچی چیمبر آف کامرس کا حکومت سے مذاکرات کے ذریعے قومی شاہراہ بحال کرنے کا مطالبہ
کراچی:کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے سکھر کے قریب دھرنے، شاہراہ کی بندش پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے فوری مذاکرات کے ذریعے قومی شاہراہ بحال کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔
کراچی چیمبر آف کامرس کے صدر جاوید بلوانی نے کہا ہے کہ ببرلو کے قریب دھرنے سے نیشنل ہائی وے پر ٹریفک جام، سامان کی ترسیل بری طرح متاثر ہورہی ہے۔
راستوں کی بندش سے برآمدی سامان، جلد خراب ہونے والی اشیاء بروقت منزل مقصود تک نہیں پہنچ رہی ہیں، روہڑی، علی واہن سمیت کئی علاقوں میں مال بردار گاڑیاں اور کنٹینرز پھنس گئے۔
صدر کراچی چیمبر نے کہا کہ دھرنوں اور بندشوں سے ملکی تجارت، برآمدات اور ساکھ کو شدید خطرات لاحق ہیں، انہوں نے کہا کہ احتجاج کا حق تسلیم کرتے ہیں لیکن اقتصادی سرگرمیوں کو روکنا قابل قبول نہیں ہے۔
حکومت فوری طور پر مذاکرات کے ذریعے مسئلہ حل کرے اور قومی شاہراہ بحال کروائے۔انہوں نے کہا کہ دھرنے سے معیشت، روزگار اور کاروباری سرگرمیاں متاثر ہورہی ہیں اور صورتحال ہر گھنٹے بگڑ رہی ہے۔