امیتابھ بچن کی پُراسرار پوسٹوں کا راز کیا ہے؟ مداح الجھ کر رہ گئے
اشاعت کی تاریخ: 4th, May 2025 GMT
بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن ہمیشہ اپنے منفرد انداز اور باقاعدہ سوشل میڈیا موجودگی کے لیے جانے جاتے ہیں، لیکن حالیہ دنوں میں ان کا ایک نیا طرزِ بیان سوشل میڈیا صارفین کو حیران کررہا ہے۔ نہ کوئی فلسفہ، نہ کوئی شاعری، اور نہ ہی کوئی ذاتی خیال... صرف ایک عدد اور ایک ڈیش۔
22 اپریل سے امیتابھ بچن کی ’ایکس‘ (سابقہ ٹوئٹر) پر پوسٹ ہونے والی ٹوئٹس میں صرف اتنا لکھا جارہا ہے: T 5356 - ، T 5357 -، اور یہ سلسلہ روز جاری ہے۔ جہاں پہلے وہ اپنی ہر ٹوئٹ میں کسی نہ کسی تجربے، واقعے یا جذباتی لمحے کو سمیٹتے تھے، اب ان کی تحریریں محض نمبروں تک محدود ہو گئی ہیں۔
یہ خاموشی محض خاموشی نہیں، بلکہ ایک معمہ بن چکی ہے۔ مداحوں کے ذہنوں میں طرح طرح کے سوالات جنم لے رہے ہیں۔ کچھ اسے پہلگام واقعے پر ان کا خاموش احتجاج قرار دے رہے ہیں، تو کچھ اسے کسی فلم کی پروموشن کےلیے چالاکی سے چھیڑا گیا سسپنس قرار دے رہے ہیں۔
ایک مداح نے شکوہ کرتے ہوئے لکھا، ’’سر! کیا اب کہنے کو کچھ بچا ہی نہیں؟‘‘ جبکہ دوسرے نے سوال کیا، ’’کیا یہ کسی نئی فلم کا پروموشن ہے؟‘‘
کچھ صارفین تو یہاں تک چلے گئے کہ امیتابھ بچن کے ارادوں کو سمجھنے کے لیے ’ایکس‘ کے AI چیٹ بوٹ ’گروک‘ سے مدد لینے لگے۔ مداحوں کی اس بے چینی کے پیچھے شاید اس بات کا بھی ہاتھ ہے کہ حال ہی میں امیتابھ نے شکوہ کیا تھا کہ اُن کی ساری کوششوں کے باوجود فالوورز کی تعداد 49 ملین سے نہیں بڑھ پا رہی۔
ان کے اس شکوے پر مداحوں نے دلچسپ مشوروں سے ان کا حوصلہ بڑھایا۔ کسی نے مشورہ دیا کہ وہ انسٹاگرام ریلس بنائیں، تو کسی نے مذاق میں تجویز دی کہ ریکھا کے ساتھ سیلفی پوسٹ کردیں، تو فالوورز کی تعداد خودبخود بڑھ جائے گی۔
پیشہ ورانہ محاذ پر بات کی جائے تو امیتابھ بچن ایک بار پھر ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ کے 17ویں سیزن میں میزبان کے طور پر واپس آ رہے ہیں۔ 2000 سے جاری اس شو میں ان کی موجودگی ہمیشہ ناظرین کو سحر میں جکڑ لیتی ہے، سوائے تیسرے سیزن کے جب میزبان کی کرسی پر شاہ رخ خان بیٹھے تھے۔
اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا امیتابھ بچن کی یہ خالی ٹوئٹس کسی بڑے اعلان کا پیش خیمہ ہیں یا واقعی کسی خاموش احتجاج کا حصہ؟ فی الحال، سوشل میڈیا پر بس ایک سوال گونج رہا ہے: ’’T کے بعد آخر ہے کیا؟‘‘
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: امیتابھ بچن رہے ہیں
پڑھیں:
بھارتی مداح وی پی این لگا کر اپنے پسندیدہ اداکار فرحان سعید کو دیکھنے لگ گئے
پاکستانی ڈرامہ و میوزک انڈسٹری کے سپر اسٹار فرحان سعید نے سوشل میڈیا پر پاکستانی فنکاروں کی شہرت سے ڈرنے والی بھارتی حکومت کو کرارا جواب دیا ہے۔
اداکار و گلوکار نے سوشل میڈیا پر چند اسٹوریز شیئر کیں۔ ان اسٹوریز میں سے ایک میں فرحان سعید کا بھارتی مداح اپنی ہی حکومت پر طنز کرتے ہوئے وی پی این لگا کر اداکار کا انسٹاگرام اکاؤنٹ دیکھنے پر ڈانس کر رہا ہے۔
دوسری جانب اداکار نے ایک اسٹوری شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ بھارت میں ان کے مداح ہر ممکن کوشش کر کے ان کے ڈرامے دیکھنے میں مصروف ہیں۔
ایسے میں فرحان سعید نے خود بھی اپنے انسٹاگرام پر بھارتی حکومت کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
فرحان سعید نے بھارت میں پاکستانی ڈراموں اور فنکاروں کے اکاؤنٹس پر پابندی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جنگ سے بات شروع ہو کر بلاک کرنے تک آ گئی ہے۔
انہوں نے ’آپ کا نقصان‘ (یوور لاس) کا ہیش ٹیگ استعمال کرتے ہوئے مزید لکھا، ’بھارتی مداحوں کےلیے محبت جو ان پابندیوں کا شکار ہیں، میں دعا کرتا ہوں کہ عقل غالب آ جائے اور آپ سب اپنے پسندیدہ فنکاروں کو ایک بار پھر سے دیکھ سکیں۔‘
یاد رہے کہ حال ہی میں بھارتی حکومت نے 22 اپریل کو مقبوضہ جموں و کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں سیاحوں پر ہونے والے حملے کو جواز بنا کر 16 پاکستانی یوٹیوب چینلز بند کردیے تھے جس میں جیو نیوز سمیت دیگر نجی نیوز چینلز بھی شامل تھے۔
بعدازاں جیو انٹرٹینمنٹ سمیت مختلف انٹرٹینمنٹ و یوٹیوب چینلز بھی بند کر دیے گئے۔
بھارت میں یوٹیوب پر پاکستانی انٹرٹینمنٹ چینلز کی بندش کے حوالے سے کوئی باضابطہ اعلانیہ جاری نہیں ہوا، اس کے ساتھ ہی بھارت نے مختلف پاکستانی فنکاروں کے انسٹاگرام اکاؤنٹس بھی بند کر کے مداحوں کی ان تک رسائی بھی روک دی ہے۔