پاک-بھارت کشیدگی، پی ٹی آئی کا حکومتی بریفنگ میں شرکت نہ کرنے کا اعلان
اشاعت کی تاریخ: 4th, May 2025 GMT
اسلام آباد:
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پہلگام واقعے کے بعد پیدا ہونے والی پاک- بھارت صورت حال پر حکومتی بریفنگ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس کے بعد جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے ہمیشہ ہر قسم کی دہشت گردی اس کی ہر شکل، ہر صورت اور ہر مظہر کی دوٹوک اور غیر مبہم الفاظ میں مذمت کی ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ عمران خان جو اس وقت ناجائز طور پر قید میں ہیں، انہوں نے جیل سے بھی قوم کے نام اپنے پیغامات میں واضح طور پر نہ صرف دہشت گردی کی مذمت کی ہے بلکہ قومی یک جہتی، اتحاد اور داخلی استحکام کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی نے کہا کہ ان کا مؤقف خود وضاحتی ہے اور انہوں نے جس بصیرت اور جرات کے ساتھ قوم کو متحد ہونے کا پیغام دیا ہے، وہ ایک قومی رہنما کی سوچ کی عکاسی ہے۔
اعلامیے کے مطابق پی ٹی آئی کا واضح مؤقف ہے کہ کسی بھی بیرونی جارحیت کی صورت میں ہم ملک اور قوم کے دفاع کے لیے صفِ اول میں کھڑے ہوں گے، اس قومی مؤقف کو ہم نے اپنے یومِ تاسیس کے موقع پر بھی واضح کیا تھا، جب پاکستان تحریک انصاف نے ایک باقاعدہ قرارداد منظور کی، جس میں پارٹی نے بھارتی جارحیت اور پروپیگنڈے سے متعلق اپنے اصولی مؤقف کو پوری قوم کے سامنے رکھا۔
پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ یہ اس بات کی علامت ہے کہ پی ٹی آئی ہر سطح پر قومی سلامتی، خودمختاری اور یک جہتی کے لیے سنجیدہ اور ہمہ وقت تیار ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ حالیہ حساس حالات میں حکومت کو فوری طور پر آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) بلانی چاہیے تھی تاکہ تمام قومی جماعتوں کو اعتماد میں لے کر ایک مشترکہ لائحہ عمل ترتیب دیا جاتا۔
سیاسی کمیٹی کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بدقسمتی سے حکومت نے یہ موقع ضائع کیا، نہ صرف اے پی سی نہیں بلائی گئی بلکہ اس کی جگہ ایک حکومتی وزیر کی طرف سے یک طرفہ بریفنگ دی جا رہی ہے۔
پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ عمران خان نے ہمیشہ قومی اتحاد، ادارہ جاتی ہم آہنگی اور سیاسی استحکام کی بات کی ہے اور وہ کسی قسم کی تقسیم، تفرقہ یا کمزوری کے حامی نہیں رہے ہیں چونکہ یہ محض ایک حکومتی بریفنگ ہے اور نہ اس میں کوئی قومی اتفاق رائے پیدا کرنے کی سنجیدہ کوشش نظر آتی ہے اور نہ ہی عمران خان جیسے اہم قومی رہنما کو شامل کرنے کی نیت ہے۔
سیاسی کمیٹی نے کہا کہ اس لیے ہم سمجھتے ہیں کہ اس بریفنگ میں پاکستان تحریک انصاف کی شرکت ضروری نہیں ہے، ان تمام عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے، پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا ہے کہ تحریک انصاف اس حکومتی بریفنگ میں شرکت نہیں کرے گی۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: پاکستان تحریک انصاف حکومتی بریفنگ سیاسی کمیٹی پی ٹی آئی کا بریفنگ میں ہے اور
پڑھیں:
جموں و کشمیر ہر حوالے سے پاکستان کا حصہ ہے، رانا قاسم نون
ذرائع کے مطابق رانا قاسم خان نون نے ان خیالات کا اظہار اسلام آباد میں انسٹی ٹیوٹ آف ریجینل اسٹیڈیز (آئی آر ایس) کے زیراہتمام ایک سیمینار سے خطاب کے دوران کیا۔ اسلام ٹائمز۔ چیئرمین کشمیر کمیٹی رانا قاسم نون نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر ہر حوالے سے پاکستان کا حصہ ہے، پاکستان کشمیر کے لیے تین جنگیں لڑ چکا ہے اور مزید جنگیں لڑنے کیلئے تیار ہے۔ ذرائع کے مطابق رانا قاسم خان نون نے ان خیالات کا اظہار اسلام آباد میں انسٹی ٹیوٹ آف ریجینل اسٹیڈیز (آئی آر ایس) کے زیراہتمام ایک سیمینار سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ جب تک کشمیر کا مسئلہ حل نہیں ہو گا خطے میں امن نہیں آ سکتا۔ سیمینار سے چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاع فتح اللہ، سابق وزیر آزادجموں و کشمیر فرزانہ یعقوب، حریت رہنماﺅں شیخ عبدالمتین اور عبدالحمید لون نے بھی خطاب کیا۔چیئرمین کشمیر کمیٹی نے کہا کہ پاکستان نے سیاسی، سفارتی اور اخلاقی ہر حوالے سے کشمیر کی مدد کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں آبادی کے تناسب کو بدلنے کی کوشش کی ہے، دنیا میں کشمیر سے زیادہ فوج کسی علاقے میں نہیں ہے، آج دنیا کشمیریوں کے حقوق کی بات کر رہی ہے، مودی نے پلوامہ و پہلگام جیسے فالس فلیگ آپریشن کیے۔
انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعہ کے بعد پاکستان نے ہر طرح کی تحقیقات کی پیشکش کی، فیلڈ مارشل عاصم منیر کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے بھارتی غرور خاک میں ملایا، پاک فضائیہ نے بھارت پر جو برتری دکھائی دنیا اس پر تحقیق کر رہی ہے۔ چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاع فتح اللہ نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ امن کو ترجیح دی، ابھی نندن کی واپسی پاکستان کا پیغام امن تھا۔
سابق وزیر آزاد کشمیر فرزانہ یعقوب نے کہا کہ پاکستان نے مشکل ترین حالات میں بھی کشمیر کے لئے جنگیں لڑی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر و فلسطین آج بھی ظلم کے خلاف کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت تاخیری حربوں کا ماہر ہے، وہ جب ہارنے لگتا ہے تو اقوام متحدہ کی آڑ لیتا ہے۔ شیخ عبدالمتین نے کہا کہ قائداعظم نے کشمیر کو شہ رگ کہا، کشمیریوں نے کہا ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کو آج دنیا کی سب سے بڑی جیل بنا دیا گیا ہے۔ عبدالحمید لون نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں نسل کشی پر اتر آیا ہے، پاکستان نے کشمیر کے لیے بھارت سے تین جنگیں لڑی ہیں اور وہ کشمیریوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گا۔