نو مئی حملے میں ملوث مزید 20 ملزمان کو سزائیں سنا دی گئیں
اشاعت کی تاریخ: 5th, May 2025 GMT
انسداد دہشتگردی عدالت راولپنڈی نے 9 مئی 2023 کے پرتشدد واقعات میں ملوث 20 افراد کو جرم کا اعتراف کرنے پر چھ، چھ ماہ قید بامشقت اور پچاس، پچاس ہزار روپے جرمانے کی سزا سنا دی ہے۔ عدالت نے ملزمان کو فوری طور پر حراست میں لے کر اڈیالہ جیل منتقل کرنے کے احکامات جاری کر دیے، جبکہ جیل سپرنٹنڈنٹ کو سزا پر عملدرآمد کی ہدایت بھی دے دی گئی ہے۔
انسداد دہشتگردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت پراسیکیوٹر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ملزمان نے بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری کے بعد منظم منصوبہ بندی کے تحت اسلام آباد کے علاقے ترنول میں ریلوے اسٹیشن پر حملہ کیا۔ پراسیکیوٹر کے مطابق، ملزمان نے ریلوے اسٹیشن کی عمارت، کھڑکیوں، دروازوں، کمپیوٹرز اور سرکاری ریکارڈ کو جلا دیا اور شدید توڑ پھوڑ کی۔
عدالت کو بتایا گیا کہ تمام ملزمان نے دوران ٹرائل دفعہ 164 کے تحت اپنے جرم کا اعتراف کیا، اور وہ دو سال سے ضمانت پر رہا تھے۔
اقبالی بیانات میں ملزمان نے مؤقف اختیار کیا کہ انہوں نے پی ٹی آئی قیادت کے اکسانے پر حملے میں حصہ لیا، بہکاوے میں آ کر قانون کو ہاتھ میں لیا اور اب اپنے عمل پر شدید پشیمان ہیں۔
ملزمان نے عدالت سے رحم کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ مزدور اور غریب لوگ ہیں، مستقبل میں کسی بھی قسم کے غیر قانونی عمل سے اجتناب کریں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی قیادت نے گزشتہ دو سال میں نہ کوئی مالی امداد دی، نہ قانونی معاونت فراہم کی، جس پر وہ خود کو تنہا اور پچھتاوے کا شکار محسوس کرتے ہیں۔
عدالت نے ملزمان کی درخواست پر سزا میں نرمی کرتے ہوئے چھ ماہ قید اور جرمانہ سنایا، اور تمام کو جیل منتقل کرنے کے احکامات جاری کیے۔
Post Views: 1.ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
حج پرمٹ کی خلاف ورزی پر سخت سزائیں، سعودی وزارت داخلہ کا انتباہ
سعودی وزارت داخلہ نے اعلان کیا ہے کہ حج کے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ایسے افراد جو بغیر اجازت نامے کے حج کرنے کی کوشش کریں گے یا کسی کی مدد سے مکۃ المکرمہ اور مقدس مقامات تک پہنچیں گے، ان پر بھاری جرمانے عائد ہوں گے۔
عرب نیوز کے مطابق وزارت نے واضح کیا کہ بغیر اجازت نامے کے حج کرنے یا کوشش کرنے والوں پر 20 ہزار ریال (قریباً 5,333 امریکی ڈالر) تک جرمانہ ہو سکتا ہے۔ ایسے افراد جو غیرقانونی طریقے سے لوگوں کو مکہ یا مقدس مقامات میں داخل ہونے میں مدد دیں گے، انہیں 100 ہزار ریال تک جرمانہ ہو سکتا ہے۔
مزید پڑھیں: رواں برس پاکستانی عازمین حج کو جدید سہولیات کی فراہمی کے لیے جامع انتظامات
کسی کو وزٹ ویزے کی سہولت دینا، غیر قانونی افراد کو ہوٹل، اپارٹمنٹس یا دیگر رہائش گاہوں میں ٹھہرانا، یا کسی بھی طریقے سے ان کی مدد کرنا بھی شامل ہے۔ خلاف ورزی کی صورت میں گرفتاری، ملک بدری، اور 10 سال کے لیے دوبارہ داخلے پر پابندی بھی لگائی جائے گی۔ خلاف ورزی کے لیے استعمال شدہ گاڑی مجرم یا اس کے ساتھی کی ملکیت ہوئی تو عدالت اس گاڑی کو ضبط بھی کرسکتی ہے۔
وزارت نے عوام پر زور دیا کہ وہ حج سے متعلق قوانین کی مکمل پابندی کریں تاکہ حجاج کرام کی حفاظت، سلامتی، اور سہولت کو یقینی بنایا جا سکے۔ مزید برآں، کسی بھی خلاف ورزی کی اطلاع دینے کے لیے مکہ، ریاض، اور مشرقی صوبے کے رہائشی 911 پر کال کریں، جبکہ دیگر علاقوں کے شہری 999 پر رابطہ کریں۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
حج حج پرمٹ سعودی وزارتِ داخلہ