پاک بھارت کشیدگی کے بعد عالمی ایئر لائنز نے پاکستانی فضائی حدود کا استعمال روک دیا
اشاعت کی تاریخ: 6th, May 2025 GMT
پہلگام حملے کے بعد پاک بھارت کشیدگی شدت اختیار کر گئی ہے جس کے اثرات عالمی فضائی سفر پر بھی پڑنے لگے ہیں دنیا کی کئی بڑی ایئر لائنز نے پاکستان کی فضائی حدود سے گزرنے سے گریز کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے نتیجے میں متعدد پروازیں متبادل روٹس اختیار کر رہی ہیں ذرائع کے مطابق لفتھانزا، امارات، برٹش ایئرویز، ایئر فرانس اور سوئس ایئر لائنز نے پاکستان کی فضائی حدود کا استعمال ترک کر دیا ہے۔ ان ایئر لائنز کی بھارت اور دیگر ممالک جانے والی پروازیں اب لمبے روٹس پر سفر کرنے پر مجبور ہیں، جس سے پروازوں کا دورانیہ بڑھ گیا ہے اور ایندھن کے اخراجات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ لفتھانزا ایئر نے باقاعدہ تصدیق کی ہے کہ اس نے 22 اپریل 2025 کے پہلگام حملے کے بعد پاکستان کی فضائی حدود استعمال نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسی طرز پر دیگر بڑی ایئر لائنز نے بھی بھارت جانے والی پروازوں کے لیے نئی روٹنگ اپنا لی ہے برٹش ایئرویز کی لندن سے دہلی جانے والی پرواز بی اے 142، لفتھانزا کی فرینکفرٹ سے دہلی جانے والی پرواز ایل ایچ 760 اور امارات کی دبئی سے دہلی جانے والی پرواز ای کے 517 سبھی کو پاکستانی حدود سے گریز کرتے ہوئے زیادہ وقت درکار ہو رہا ہے۔پاکستان نے باضابطہ طور پر بھارتی پروازوں کے لیے اپنی فضائی حدود بند کر دی ہے جبکہ بھارت نے بھی پاکستانی ایئر لائنز پر فضائی پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ اس کشیدگی کے باوجود پاکستان نے بین الاقوامی ایئر لائنز کو اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دے رکھی ہے، تاہم کچھ ایئر لائنز نے رضاکارانہ طور پر متبادل روٹس کا انتخاب کیا ہے ماہرین کے مطابق اگر صورتحال مزید بگڑتی ہے تو اس کے اثرات عالمی فضائی نظام اور مسافروں پر مزید مرتب ہو سکتے ہیں
ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
پاکستانی فضائی حدود بندش کا 12 واں روز: بھارتی ائیرلائنز کو 250 کروڑ بھارتی روپے سے زائد کا نقصان
بھارتی پروازوں کے لئے پاکستانی فضائی حدود کی بندش کا 12 واں روز ہے جس کے باعث 1250 بھارتی پروازیں متاثر ہوئی ہیں اور بھارتی ائیرلائنز کو 250 کروڑ بھارتی روپے سے زائد نقصان کا سامنا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایئر انڈیا، آکاسا ایئر، اسپائس جیٹ، اندیگو ایئر، ایئر انڈیا ایکسپریس کی پروازیں متاثر ہیں، انڈیگوائیرکے ایئر بس 320 طیاروں کے لیے وسط ایشیائی ملکوں تک لمبے روٹ سے جاکر پہنچنا ناممکن ہوگیا جس کے باعث بیشتر پروازیں منسوخ کردی گئیں۔
انڈیگوائیرکا الماتی تاشقند سمیت دیگر وسط ایشیائی ممالک کے لیے فلائٹ آپریشن تاحال بند ہے، ذرائع کے مطابق امرتسر دہلی ممبئی احمد آباد بنگلور سمیت دیگر شہروں سے جانے والی بھارت کی تمام ائیرلائنز کو یومیہ کروڑوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔