پاکستان سے یورپ، مشرق وسطیٰ، افریقا جانے والے کنٹینرز پر شپنگ چارجز میں 800 ڈالر تک اضافہ
اشاعت کی تاریخ: 8th, May 2025 GMT
کراچی:
شپنگ کمپنیوں نے پاکستان سے یورپ، مشرق وسطیٰ اور افریقا جانے والے کنٹینرز پر شپنگ چارجز میں 800 ڈالر تک اضافہ کر دیا۔
پاکستان بھارت کے درمیان شپنگ روابط معطل ہونے سے شپنگ کمپنیوں نے شپنگ چارجز بڑھا دیے ہیں۔
برآمد کنندگان کے مطابق مشرق وسطیٰ، افریقا اور یورپ کے کنٹینر کارگو پر 300 سے 800 ڈالر تک کا اضافہ کیا گیا۔
پاکستان بھارت کے درمیان شپنگ روابط معطل ہونے سے کارگو کی ترسیل میں مشکلات کا سامنا ہے۔ پاکستانی کارگو کی عمان اور سری لنکا کی بندرگاہوں سے ٹرانس شپمنٹ کی جا رہی ہے۔
ذرائع شپنگ انڈسٹری کے مطابق پاک بھارت شپنگ روابط نہ ہونے کی وجہ سے شپنگ کمپنیوں کو خصوصی شپنگ سروسز چلانا پڑ رہی ہیں۔
ایشیائی ملکوں تک پاکستانی کارگو کی شپنگ پر فی کنٹینرز 300 ڈالر جبکہ افریقا اور یورپ کے لیے 800 ڈالر تک اضافہ کیا گیا۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: ڈالر تک
پڑھیں:
انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں مزید اضافہ
کراچی:پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگی ماحول، بعض پروازوں کی بندش، فضائی آمدورفت میں خلل سے دیگر غیرملکی کرنسیوں کے عوض ڈالر کی درآمد متاثر ہونے جیسے عوامل کے باعث زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں بدھ کو بھی روپے کی نسبت ڈالر تگڑا رہا۔
انٹربینک مارکیٹ میں کاروباری دورانیے کے دوران ڈالر کی قدر ایک موقع پر اگرچہ 9 پیسے کی کمی سے 281روپے 28پیسے کی سطح پر بھی آگئی تھی لیکن درآمدی نوعیت کی طلب بڑھنے اور طلب کے مطابق سپلائی نہ ہونے سے یہ رجحان جاری نہ رہ سکا۔
کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی قدر مزید 10پیسے کے اضافے سے 281روپے 47پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔
اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی طلب برقرار رہنے سے ڈالر کی قدر صرف ایک پیسے کے اضافے سے 283روپے 13پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ پاک-بھارت کشیدگی اور جنگی ماحول برقرار رہنے سے روایتی درآمدات کے علاوہ دیگر غیر روایتی ضروری شعبوں کی درآمدات کے لیے ذرمبادلہ درکار ہوگا، جس سے روپے کی قدر پر دباؤ بڑھنے کے خدشات ہیں۔