پاکستان کو بھارت پر روایتی جنگ میں واضح اور فیصلہ کن برتری حاصل ہو چکی ہے، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ
اشاعت کی تاریخ: 9th, May 2025 GMT
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2025ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کو بھارت پر روایتی جنگ میں واضح اور فیصلہ کن برتری حاصل ہو چکی ہے، پاکستان کی مسلح افواج نے دشمن کی جارحیت کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دیتے ہوئے بھارت کے پانچ جنگی طیارے اور اب تک 77 ڈرونز کو کامیابی سے مار گرایا جو پاکستان کی فضائی صلاحیتوں اورفوجی برتری کا واضح ثبوت ہیں۔
جمعہ کو اپنے بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے تاہم کسی بھی جارحیت کے خلاف اپنا دفاع کرنا ہمارا قانونی، اخلاقی اور ریاستی حق ہے، پاکستان نے اپنا یہ حق ذمہ داری کے ساتھ استعمال کیا ہے اور کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں بھارت نے نہ صرف عسکری محاذ پر اشتعال انگیزی کی بلکہ اپنے عوام کو گمراہ کرنے کے لیے داخلی سطح پر میڈیا پر بدترین پروپیگنڈا مہم شروع کی۔(جاری ہے)
بھارتی میڈیا پر منظم انداز میں فیک نیوز، پرانی تصاویر اور جعلی وڈیوز کے ذریعے ایک جھوٹا بیانیہ گھڑا جا رہا ہے جو بھارتی حکومت کی گھبراہٹ، ناکامی اور بدحواسی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کا جھوٹا پروپیگنڈا بھرپور طریقے سے بے نقاب کیا جس سے بھارت کو مزید ہزیمت اٹھانا پڑی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ جھوٹے بیانیے کے ذریعے بھارت نے اپنی ناکامی چھپانے کی ناکام کوشش کی جسے پوری دنیا نے دیکھا اور بھارت کو مزید شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا۔\932.ذریعہ: UrduPoint
کلیدی لفظ: تلاش کیجئے وفاقی وزیر نے کہا کہ
پڑھیں:
بھارتی رافیل طیاروں کا غرور خاک میں ملا دیا، پاک فوج نے دشمن کا مورال توڑ دیا، عطاء اللہ تارڑ
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے بھارت کی حالیہ جارحیت اور پاکستان کی جانب سے دیے گئے جواب پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایک مرتبہ پھر جذبہ حب الوطنی، عسکری مہارت اور قومی یکجہتی کی اعلیٰ مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے اپوزیشن کے ارکان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ملکی دفاع کے حوالے سے سب متحد ہیں اور افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ بھارتی جارحیت کو شکست دینے کے لیے پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ ہے۔ “بزدل اور ڈرپوک دشمن نے رات کی تاریکی میں حملہ کیا، لیکن پاک فوج نے دشمن کے غرور کو خاک میں ملا دیا،” انہوں نے کہا۔ رافیل طیاروں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ بھارت کو اپنے سپیریئر ٹیکنالوجی والے رافیل طیاروں پر غرور تھا، لیکن پاکستانی شاہینوں نے ان کا مورال تباہ کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے اپنی شرمندگی چھپانے کے لیے ڈرون حملوں کا سہارا لیا، لیکن پاکستان نے 25 بھارتی ڈرونز کو سافٹ اور ہارڈ ہٹ سے نشانہ بنایا اور انہیں کامیابی سے گرایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی میڈیا اب خود رافیل طیاروں کے ملبے کی تصاویر دکھا رہا ہے، جو کہ پاکستان کی دفاعی کامیابی کا ثبوت ہے۔
وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ پاکستان کی عسکری صلاحیت بھارت سے کہیں بڑھ کر ہے۔ انہوں نے کہا کہ “ہم نے نہ صرف بھارت کے حملے کو ناکام بنایا بلکہ دشمن کا بریگیڈ ہیڈ کوارٹر بھی تباہ کیا، جو ایک بڑی کامیابی ہے۔”
انہوں نے کہا کہ بھارت نے لائن آف کنٹرول پر شہری آبادی کو نشانہ بنایا، لیکن پاکستان نے بھرپور جواب دیتے ہوئے بھارت کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ “ہم نے بھارت کی جارحیت کے بعد سفید جھنڈا لہرایا جاتا دیکھا۔ جب دشمن نے معافی مانگی اور کہا کہ اب بس کریں، تو یہ پاکستان کی فتح تھی،” انہوں نے دعویٰ کیا۔
عطاء اللہ تارڑ نے بھارت کی جانب سے سکھ برادری کے خلاف کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے جان بوجھ کر سکھوں کے گوردوارے پر حملہ کیا تاکہ اندرونی بغاوت کو دبا سکے۔ “لیکن دنیا بھر سے سکھوں نے کہا کہ وہ پاکستان کے خلاف نہیں لڑیں گے۔ یہ بھارت کی ایک اور اخلاقی شکست ہے،” انہوں نے کہا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت مسلسل شہری آبادی کو نشانہ بناتا رہا ہے اور پلوامہ و پہلگام جیسے فالس فلیگ آپریشنز کو جواز بنا کر پاکستان کے خلاف کارروائیاں کیں۔ “ہم جانتے ہیں کہ دشمن کو کس طرح جواب دینا ہے، اور ہم نے سفارتی محاذ پر بھی بھارت کو شکست فاش دی ہے۔”
عطاء اللہ تارڑ نے قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج کو بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کا مکمل اختیار دیا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ “پاکستان کا دفاع مضبوط ترین ہاتھوں میں ہے، اور قوم کو اپنی افواج پر مکمل اعتماد ہے۔”
وزیر اطلاعات نے یہ بھی کہا کہ بھارت نے عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی کوشش کی، لیکن ہم نے سچ دنیا کے سامنے رکھا۔ “پہلگام واقعے کے بعد بھارت کی کوشش تھی کہ وہ خود کو مظلوم ظاہر کرے، لیکن ہم نے حقائق سے پردہ اٹھا کر اس کا بیانیہ ناکام بنایا۔”
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اور بین الاقوامی میڈیا بھی بھارتی جارحیت کو بے نقاب کر چکے ہیں، اور دنیا کو معلوم ہو چکا ہے کہ بھارت کی جانب سے کی گئی کارروائیاں غیر اخلاقی، غیر قانونی اور غیر انسانی تھیں۔
اپنے خطاب کے اختتام پر عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستانی قوم کا ہر فرد جذبہ شہادت سے سرشار ہے، اور دفاعِ وطن کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گا۔ “ہم نے نہ صرف دشمن کو عسکری میدان میں شکست دی ہے بلکہ بیانیے کی جنگ میں بھی اسے پسپائی پر مجبور کیا ہے،” انہوں نے کہا۔
عطاء اللہ تارڑ کے قومی اسمبلی میں یہ ولولہ انگیز خطاب قومی اتحاد و یگانگت، اور دشمن کے خلاف مضبوط موقف کی عکاسی کرتا ہے، جس سے ایک مرتبہ پھر واضح ہو گیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
Post Views: 1